خوشبو کی شاعرہ پروین شاکر
شیئر کریں
تحریر : شازیہ فاطمہ
پروین شاکر اردو ادب کی انتہائی معروف اور معتبر شاعرہ تھیں وہ 24 نومبر 1952 ءکو کراچی میں پیدا ہوئیں جبکہ 26 دسمبر 1994 ءمیں راہی ¿ملک ِعدم ہوئیں۔ پروین شاکر کا گھرانہ چونکہ خوشحال تھا لہٰذا اسے مفلسی اور بے زری اور محرومی کے دور سے نہیں گزرنا پڑا لیکن اس کا وژن اس قدر وسیع تھا ،اس میں ادراک کی اس قدر قوت تھی کہ اس نے اپنے ارد گرد کے ماحول میں موجود لڑکیوں اور خواتین کے ہر طرح کے جذبات و احساسات کو پوری طرح سے محسوس کرلیا تھا ۔اسی لیے جب یہ نازک اندام شاعرہ ناز و نعم میں پل کر جوان ہوئی تو اس کی شاعری محبتوں‘ امیدوںاور خوشبوﺅں کا حسین امتزاج بن گئی اور یوں ”خوشبو“ جیسی شاہکار کتاب نے جنم لیا۔
عکس خوشبو ہوں بکھرنے سے نہ روکے کوئی
اور بکھر جاﺅں تو مجھ کو نہ سمیٹے کوئی
کانپ اٹھتی ہوں میں یہ سوچ کے تنہائی میں
مرے چہرے پہ تیرا نام نہ پڑھ لے کوئی
پروین شاکر کی اولین شاعری پر رومانیت چھائی ہوئی ملتی ہے مگر یہ رومانیت مجنونانہ رومانیت نہیں ہے جو جذبوں کو دیوانگی سے ہم کنار کردے اور فکر کو پابہ زنجیر کرکے رکھ دے بلکہ اس رومانیت سے زندگی سے پیار بڑھتا ہے اور انسانی شعور و ادراک کو مہمیز لگتی ہے۔ یہ رومانیت پھیل کر جب کائنات پر محیط ہوجائے تو شاعری پیغمبری کا ایک جز بن جاتی ہے کیونکہ بڑا شاعر کبھی بھی داخلیت کے حصار میں مقید نہیں رہ سکتا‘ وہ ہمیشہ اپنے ناموافق ماحول اور معاشرے کے کھوکلے پن سے شاکی بھی رہتا ہے اور اسے اپنی شاعری کا حصہ بھی بناتا ہے۔ وہ اپنے معاشرے اور سوسائٹی کو اپنے خیالات‘ خوابوں اور تصورات کی مانند پاک و صاف اور حسین و جمیل دیکھنا چاہتا ہے ۔اسی لئے پروین شاکر کے عصری شعور نے اسے اس اجتماعی کرب سے ہمیشہ ہی دوچار رکھا۔ شاعر کا قلم اس کا طاقتور ہتھیار ہوتا ہے اور اس کی تحریر ایک ہمہ گیر صدائے احتجاج بن کر گونجتی ہے تو پورے عہد کی آواز بن جاتی ہے ۔پروین شاکر کے اس معاشرتی شعور اور آشوب آگہی کی یہ تصویر انسانی احساس کو جھنجوڑنے کے لئے کافی ہے۔
اہرام ہے یا کہ شہر میرا
انسان ہیں یا حنوط لاشیں
سڑکوں پر رواں‘ یہ آدمی ہیں
یا نیند میں چل رہی ہیں لاشیں
پروین شاکر کی پہلی کتاب ”خوشبو“ 1977 ءمیں شائع ہوئی جبکہ دیگر تین مجموعہ ہائے کلام صدبرگ‘ خود کلامی اور انکار اگلے سات آٹھ برسوں میں شائع ہوئے۔ شاید قدرت ان سے ان کے حصے کا کام جلدی جلدی لے رہی تھی ۔جبکہ ان کے آخری مجموعے ”انکار“ کی اشاعت کے چند سال بعد عین اسی سال جو اس دنیا سے اس کی رخصتی کا سال تھا ،انہوں نے اگلا کوئی شعری مجموعہ شائع یا مرتب کرنے کے بجائے اپنے سابقہ چاروںشعری مجموعوں کو کلیات کی شکل میں ”ماہ تمام“ کے نام سے اپنی وفات سے چند ماہ قبل شائع کردیا۔ شعری تخلیقی سفر کا آگے جاری نہ رہنا اور سابقہ شعری سرمایہ حیات کو سمیٹ کر مرتب کرنا اس بات کی طرف کلی اشارہ تھا کہ
تیرے پیمانے میں گردش نہیں باقی ساقی
اور تیری بزم سے اب کوئی اٹھا چاہتا ہے
ایک ہندوستانی رائٹر نے ایک جگہ لکھا ہے کہ” 1986 ءمیں پروین شاکر جب ہندوستان آئیں تو نئی دہلی کے ہوٹل جن پتھ میں ٹھہریں جہاں ان کی جھلک دیکھنے کے لئے لوگوں کی بھیڑ لگی رہی ۔اتنی مقبولیت اگر کسی فلمی اسٹار یا فلمی شاعر کو ملے تو حیرت نہیں ہوتی لیکن اردو کی کسی 35 سالہ شاعرہ کو یہ مقبولیت حاصل ہونا معمول کی بات نہیں کہ اس کی شاعری کے بیشتر حصے کا ترجمہ خود ان کی زندگی میں تمام عصری زبانوں میں ہوجائے ۔اس لحاظ سے تو وہ اپنے معاصر مرد شعراءسے بھی کافی آگے نظر آتی ہیں“ ۔پروین شاکر نے 1981 ءمیں سی ایس ایس کا امتحان دے کر ملک بھر میں دوسری پوزیشن حاصل کرکے کسٹم کے محکمے کو جوائن کرلیا تھا جس سے وہ اپنی ناگہانی و حادثاتی وفات تک منسلک رہیں بلکہ 26 دسمبر 1994ءکی صبح وہ اپنے ڈرائیور کے ہمراہ اسلام آباد میں واقع اپنے دفتر جارہی تھیں کہ ان کا ایکسیڈنٹ ہوگیا۔ زخم اتنے شدید تھے کہ وہ جانبر نہ ہوسکیں اور یہ کہتے ہوئے ہم سے رخصت ہوگئیں کہ
میں پھر خاک کو خاک پر چھوڑ آئی
رضائے الٰہی کی تکمیل کردی