سندھ بلڈنگ، رؤف شیخ کی واپسی، نارتھ ناظم آباد میں خلافِ ضابطہ تعمیرات تیز
شیئر کریں
بلاک ایچ اور بلاک این میں مبینہ طور پر غیر قانونی تعمیراتی سرگرمیاں، قواعد و ضوابط نظر انداز
شہریوں کا وزیر بلدیات سے فوری نوٹس لینے اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ
وسطی کے رہائشی علاقے نارتھ ناظم آباد ٹاؤن میں مبینہ طور پر خلافِ ضابطہ تعمیرات کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے ، جس پر علاقہ مکینوں نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے ۔ شہری حلقوں کا الزام ہے کہ ڈائریکٹر وسطی عبدالرؤف شیخ کی واپسی کے بعد غیر قانونی تعمیرات کی حوصلہ افزائی ہو رہی ہے اور بلڈنگ قوانین کی کھلے عام خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں۔ذرائع کے مطابق بلاک ایچ میں واقع مکان نمبر A-824اور بلاک این میں واقع B-122پر تعمیراتی کام جاری ہے ، جہاں مبینہ طور پر منظور شدہ نقشوں سے ہٹ کر اضافی تعمیرات کی جا رہی ہیں۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ متعلقہ اداروں کی نگرانی نہ ہونے کے باعث متعدد مقامات پر تعمیراتی ضابطوں کو نظر انداز کیا جا رہا ہے ۔شہریوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ غیر قانونی تعمیرات نہ صرف شہری منصوبہ بندی کو متاثر کر رہی ہیں بلکہ مستقبل میں حفاظتی مسائل اور دیگر شہری مشکلات کا سبب بھی بن سکتی ہیں۔ انہوں نے وزیر بلدیات سے مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ تعمیراتی منصوبوں کا فوری معائنہ کر کے قانونی حیثیت کا جائزہ لیا جائے اور خلافِ ضابطہ تعمیرات ثابت ہونے کی صورت میں ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے ۔متعلقہ حکام کا جرأت سروے ٹیم کی جانب سے مؤقف جاننے کے لیے رابطے کی کوشش کی گئی، تاہم خبر کی اشاعت تک کوئی باضابطہ ردعمل موصول نہیں ہو سکا۔(نمائندہ جرأت)


