داسوڈیم واقعہ کے ذمہ داروں کوملکربے نقاب کریں گے ،پاکستان اورچین کاعزم
شیئر کریں
پاکستان اور چین نے داسو واقعہ کے ذمہ دار عناصر کو مل کر بے نقاب کرنے اور کیفر کردار تک پہنچانے کے عزم کا اظہا ر کرتے ہوئے کہا ہے کہ خطے میں امن و استحکام اور روابط کے فروغ کیلئے افغانستان میں قیام امن کو اہم سمجھتے ہیں، افغان مسئلے کو جامع مذاکرات کے ذریعے سیاسی طور پر حل کرنے کی ضرورت ہے ۔چین کے صوبے سیچوان کے دارالحکومت چینگڈو میں پاکستان اور چین کے مابین وفود کی سطح پر مذاکرات کا انعقاد کیا گیا جسمیں پاکستانی وفد کی قیادت وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی جبکہ چینی وفد کی قیادت چین کے اسٹیٹ قونصلر اور وزیر خارجہ وانگ ای نے کی۔سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور وزارت خارجہ کے سینئر افسران و اعلیٰ عسکری حکام بھی ان مذاکرات میں موجود تھے۔مذاکرات میں دو طرفہ تعلقات، اقتصادی، دفاعی و سلامتی کے امور پر دو طرفہ تعاون، سمیت کثیر جہتی شعبہ جات میں دو طرفہ معاونت اور تیزی سے فروغ پاتی، پاک چین اسٹریٹیجک شراکت داری کے حوالے سے بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔دوران مذاکرات سی پیک پراجیکٹس پر کام کو معینہ مدت کے اندر پایہ تکمیل تک پہنچانے، اور مشترکہ چیلنجز کا مل کر مقابلہ کرنے کے مسمم عزم کا اظہار کیا گیا۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے چین کے صوبے خنان میں حالیہ بارشوں اور سیلاب کے باعث ہونیوالے قیمتی جانی نقصان پر پاکستان کی قیادت اور عوام کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔وزیر خارجہ نے پاکستان کی جانب سے چینی ہم منصب کے ساتھ داسو واقعہ پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے اس کے نتیجے میں ہونیوالے چینی کارکنوں کے جانی نقصان پر گہرے دکھ، افسوس اور ہمدردی کا اظہار کیا ۔دونوں فریقین کا داسو واقعہ کے ذمہ دار عناصر کو مل کر بے نقاب کرنے اور کیفر کردار تک پہنچانے کے عزم کا اظہا ر کیا ۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے چین کی کیمونسٹ پارٹی کے قیام کو سو سال مکمل ہونے پر پاکستانی قیادت اور عوام کی جانب سے چین کی قیادت اور عوام کو مبارکباد دی ۔دونوں اطراف نے پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبوں پر جاری کام کی نوعیت کا جائزہ لیا اور انہیں بروقت پایہ تکمیل تک پہنچانے کے عزم کا اظہار کیا ۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان، چین کی ”ون چائنہ پالیسی، تائیوان، سنکیانگ، تبت، ہانگ کانگ اور جنوبی چین کے سمندر جیسے امور پر چین کی حمایت جاری رکھنے کیلئے پر عزم ہے۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کورونا وبا سے نمٹنے کیلئے چین کی جانب سے ویکسین کی ترجیحی بنیادوں پر فراہمی اور پاکستان میں ویکسین کی تیاری میں چینی معاونت پر چینی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا ۔دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی صورتحال پر مفصل تبادلہ خیال کیا ۔