سندھ بلڈنگ، لیاری میں کمزور تعمیرات جاری ،شہریوں کی جانیں خطرے میں
شیئر کریں
پلاٹ نمبر 1261، یو سی 4 شاہ سلام اسٹریٹ، سنگو لائن، نیو کمہار واڑہ میں غلط تعمیرات
اسسٹنٹ ڈائریکٹر ذوالفقار بلیدی ملوث ، تعمیراتی اجازت اور معیار کی جانچ کا مطالبہ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لیاری کے علاقے نیو کمہار واڑہ میں گنجان آبادی کے درمیان مبینہ طور پر کمزور اور غیر معیاری تعمیراتی کام کا سلسلہ جاری ہے ۔پلاٹ نمبر 1261، یو سی 4، شاہ سلام اسٹریٹ، سنگو لائن، نیو کمہار واڑہ، لیاری میں زیرِ تعمیر کثیر المنزلہ عمارت کے مختلف حصوں میں اینٹوں کی دیواریں، کنکریٹ کے ستون، کھلا سریا اور عارضی لکڑی کے سہارے واضح طور پر دکھائی دے رہے ہیں۔علاقہ مکینوں کے مطابق گنجان آبادی میں اس نوعیت کی تعمیرات نہ صرف تعمیراتی معیار بلکہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے حوالے سے بھی تشویش کا باعث ہیں۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ بلڈنگ کنٹرول حکام فوری طور پر موقع کا معائنہ کرکے عمارت کا منظور شدہ نقشہ، تعمیراتی اجازت نامہ اور تعمیراتی معیار چیک کریں۔ذرائع کے مطابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر ذوالفقار بلیدی کی نگرانی میں متعلقہ علاقے میں تعمیراتی سرگرمیوں کی نگرانی کے حوالے سے بھی سوالات اٹھ رہے ہیں۔ سوال یہ ہے کہ آیا مذکورہ عمارت کی تعمیر کے دوران متعلقہ افسران نے باقاعدہ معائنہ کیا اور تعمیراتی قوانین و ضوابط پر عمل درآمد یقینی بنایا یا نہیں۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کی شفاف انکوائری کرکے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے اور غیر قانونی یا خطرناک تعمیر کی صورت میں فوری کارروائی عمل میں لائی جائے ۔


