میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
مصدق ملک کا دورۂ بھارت، کانگریس کی بوکھلاہٹ

مصدق ملک کا دورۂ بھارت، کانگریس کی بوکھلاہٹ

جرات ڈیسک
بدھ, ۲۵ نومبر ۲۰۲۶

شیئر کریں

مصدق ملک کے دورۂ بھارت پر کانگریس کی پاکستان مخالف سوچ بھی کھل کر سامنے آگئی۔ کانگریس رہنما راہول گاندھی نے بھی پاکستان پر دہشت گردی کے الزامات عائد کیے ۔ کانگریس کی یہ روش اس کی دوغلی سیاسی پالیسی کی عکاسی کرتی ہے ، جس میں ایک طرف جمہوریت اور امن کی بات کی جاتی ہے تو دوسری طرف پاکستان مخالف بیانیے کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا جاتا ہے ۔ بھارتی سیاست میں پاکستان دشمنی اور دہشت گردی کے الزامات محض سفارتی اختلافات تک محدود نہیں بلکہ انتخابی سیاست کا بھی اہم حصہ بن چکے ہیں۔ ہندوتوا کے سیاسی ماحول میں پاکستان مخالف جذبات کو ابھارنا اور قومی سلامتی کے نام پر مخالفین کو گھیرنا انتخابی مہمات کا نمایاں ہتھیار دکھائی دیتا ہے ۔ پاکستان کا مؤقف ہے کہ بھارت اس کے خلاف دہشت گردی کے الزامات کے حق میں آج تک قابلِ قبول ٹھوس شواہد پیش نہیں کر سکا۔ اس صورت حال میں سوال یہ ہے کہ کیا بھارتی سیاست میں پاکستان کو ہدفِ تنقید بنائے بغیر انتخابی سیاست ممکن نہیں؟

پاکستان کے وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک کی بھارت آمد کو بھارتی ذرائع ابلاغ نے بھی خاص اہمیت دی اور سیاسی جماعتوں نے بھی اسے اپنے اپنے انداز میں موضوع بحث بنا لیا۔ کانگریس نے تو اس دورے پر ایسی تنقید شروع کی جیسے پاکستان کا کوئی وزیر بھارت پہنچ کر بھارتی سیاست کا سب سے بڑا مسئلہ بن گیا ہو۔بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس نے مودی حکومت پر بھی شدید تنقید کی ہے۔

ڈاکٹر مصدق ملک 20 سے 22 نومبر 2026 تک نئی دہلی میں منعقد ہونے والے پہلے "ایس سی او سولائزیشنل ڈائیلاگ فورم” (SCO Civilisational Dialogue Forum) میں پاکستان کی نمائندگی کے لیے بھارت گئے ۔مئی 2023میں بلاول بھٹو زرداری نے شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت کے لیے بھارتی شہر گووا کا دورہ کیا تھا۔ اس کے بعد مئی 2025 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان شدید فوجی کشیدگی پیدا ہوئی، جس کے نتیجے میں دونوں ملکوں کے تعلقات مزید خراب ہو گئے۔ ایسے ماحول میں مصدق ملک کا دورۂ بھارت خصوصی اہمیت رکھتا ہے ، کیونکہ بلاول بھٹو زرداری کے دورے کے بعد کسی پاکستانی وفاقی وزیر کا یہ پہلا دورۂ بھارت ہے ۔ یہ دورہ اس اعتبار سے بھی قابل ذکر ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی کے باوجود بین الاقوامی فورم پر سفارتی رابطے کا سلسلہ برقرار رہا۔یہ کوئی دوطرفہ مذاکرات یا پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات کی بحالی کے لیے خصوصی دورہ نہیں تھا بلکہ ایک بین الاقوامی تنظیم کے تحت ہونے والی تقریب تھی، جس میں رکن ممالک کو مدعو کیا گیا تھا۔ بھارت کی حکومت نے بھی واضح کیا کہ اس تقریب کے لیے تنظیم کے تمام رکن ممالک کو دعوت دی گئی ہے۔

بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے بھی اس معاملے پر وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ یہ کوئی دوطرفہ دورہ نہیں تھا بلکہ ایس سی او کے تحت منعقد ہونے والی کثیرالجہتی تقریب تھی، جس کے لیے پاکستان سمیت تنظیم کے تمام رکن ممالک کو دعوت دی گئی تھی۔ مبصر ممالک اور مکالمے کے شراکت داروں کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔اس کے باوجود کانگریس نے مودی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا اور سوال اٹھایا کہ پاکستان کے ساتھ کشیدگی کے ماحول میں پاکستانی وزیر کو بھارت آنے کی اجازت کیوں دی گئی۔

کانگریس کی ترجمان سپریا شریناتے نے مصدق ملک کے دورۂ بھارت اور ان کے استقبال پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے الزامات موجود ہیں اور مئی 2025 کے پہلگام حملے کے متاثرین کے خاندان ابھی اپنے پیاروں کے غم میں مبتلا ہیں، ایسے میں مودی حکومت کی جانب سے پاکستانی وزیر کے لیے سرخ قالین بچھانا اور انہیں بریانی و کباب پیش کرنا متاثرہ خاندانوں کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے ۔

کانگریس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر وزیر اعظم نریندر مودی اور پاکستانی وزیر مصدق ملک کی ایک ہی قطار میں بیٹھی ہوئی تصویر شیئر کرتے ہوئے مصدق ملک کے جون 2026 کے اس بیان کی یاد دہانی کرائی، جس میں انہوں نے پاکستان کا پانی روکنے کی صورت میں ‘‘ہاتھ کاٹ دینے ’’ کی بات کہی تھی۔ کانگریس نے اس تصویر کے ذریعے ان کے سابقہ سخت مؤقف اور موجودہ دورۂ بھارت کے تناظر میں سیاسی سوالات اٹھانے کی کوشش کی۔کانگریس رہنماؤں منیش تیواڑی اور سلمان خورشید نے بھی مودی حکومت کی پاکستان پالیسی پر سوال اٹھائے ۔ منیش تیواڑی نے ایس سی او کو کثیرالجہتی تنظیم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے اجلاس میں تمام رکن ممالک کے نمائندوں کی شرکت معمول کی بات ہے ، تاہم انہوں نے سوال اٹھایا کہ پہلگام حملے سے نومبر 2026 تک ایسا کیا تبدیل ہوا ہے ؟ سابق بھارتی وزیر خارجہ سلمان خورشید نے مودی حکومت کی پاکستان پالیسی کو غیر واضح قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کو اپنا مؤقف واضح کرنا چاہیے تاکہ اپوزیشن بھی اس کے مطابق اپنا ردعمل طے کر سکے ۔

یہاں ایک اہم سوال پیدا ہوتا ہے کہ جب بھارت نے خود ایک بین الاقوامی فورم کی میزبانی کرتے ہوئے پاکستان کو دعوت دی تو پھر کانگریس کا اعتراض کس بات پر ہے ؟ کیا بھارت کی خارجہ پالیسی صرف سیاسی جلسوں کے نعروں کے تابع ہونی چاہیے ؟ کیا بین الاقوامی تنظیموں کی رکنیت اور ان کے اجلاسوں میں شرکت کا فیصلہ بھی سیاسی مخالفت کی نذر کر دیا جائے ؟ اگر کسی ملک کو بین الاقوامی فورم میں شرکت کی دعوت دی جاتی ہے تو اس کی نمائندگی کرنے والے وفد کا استقبال سفارتی آداب کا حصہ ہوتا ہے ۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی اور کانگریس دونوں پاکستان کے معاملے پر ایک دوسرے کو تنقید کا نشانہ بناتی ہیں، لیکن دونوں کی سیاست میں پاکستان کا ذکر نمایاں رہتا ہے ۔ مودی حکومت پاکستان کے خلاف سخت مؤقف اختیار کرتی ہے اور کانگریس بھی اسے پاکستان کے معاملے میں کمزور یا متضاد پالیسی کا طعنہ دیتی ہے ۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ بھارت کی داخلی سیاست میں پاکستان ایک ایسا موضوع بن چکا ہے جسے دونوں بڑی جماعتیں اپنی سیاسی ضرورت کے مطابق استعمال کرتی ہیں۔کانگریس کا کہنا ہے کہ دہشت گردی اور مذاکرات ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے ۔ یہ مؤقف اپنی جگہ ایک سیاسی موقف ہے ، لیکن سوال یہ ہے کہ کیا بین الاقوامی سطح پر رابطے ختم کر دینے سے مسائل حل ہو جاتے ہیں؟ دنیا کے ممالک اختلافات کے باوجود مختلف عالمی تنظیموں میں ایک دوسرے کے ساتھ بیٹھتے ہیں۔ سفارت کاری کا بنیادی مقصد ہی یہ ہوتا ہے کہ اختلافات کو بات چیت کے ذریعے کم کرنے کی کوشش کی جائے ۔ اس کا مطلب یہ نہیں کہ کسی ملک کے تمام اعتراضات ختم ہو گئے یا اس نے اپنے قومی مؤقف سے دست برداری اختیار کر لی۔

مصدق ملک نے بھارتی ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کا مؤقف واضح انداز میں پیش کیا۔ انہوں نے دہشت گردی کے معاملے پر کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان اس موضوع پر کوئی بات چیت ہو تو وہ شواہد کی بنیاد پر ہونی چاہیے ۔ یہ ایک اہم بات ہے ۔ الزامات اپنی جگہ، لیکن کسی بھی ملک کو یہ حق حاصل ہے کہ اس کے خلاف لگائے جانے والے الزامات کا جواب شواہد کی روشنی میں دیا جائے ۔ سفارتی گفتگو میں جذبات کے بجائے دلیل اور حقائق کی اہمیت ہوتی ہے۔ مصدق ملک کی ایک اور قابل ذکر بات یہ تھی کہ انہوں نے تہذیبوں کے درمیان مکالمے اور عوامی روابط کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے مندوبین کو پاکستان آنے کی دعوت بھی دی اور موہنجوداڑو اور ہڑپہ جیسے تاریخی آثار دیکھنے کی خواہش ظاہر کی۔ یہ محض سیاحتی دعوت نہیں بلکہ اس حقیقت کی یاد دہانی بھی ہے کہ برصغیر کی تہذیبی تاریخ سرحدوں سے کہیں زیادہ قدیم ہے ۔ موہنجوداڑو اور ہڑپہ کی تہذیبیں اس خطے کے مشترکہ تاریخی ورثے کی علامت ہیں۔ ان آثار میں انسانی تہذیب، فن تعمیر اور اجتماعی زندگی کی ایسی نشانیاں موجود ہیں جو پوری دنیا کے لیے دلچسپی کا باعث ہیں۔

پاکستان کی سرزمین تاریخی اور ثقافتی ورثے سے مالا مال ہے ۔ یہاں آنے والے غیر ملکی مندوبین کو صرف تاریخی مقامات ہی نہیں بلکہ ہماری مہمان نوازی، ثقافت، روایات اور معاشرتی زندگی سے بھی آگاہی حاصل ہو سکتی ہے ۔ مصدق ملک کی جانب سے پاکستان آنے کی دعوت اسی مثبت سوچ کی عکاسی کرتی ہے ۔ اختلافات کے باوجود ایک دوسرے کی تاریخ اور تہذیب کو سمجھنے کی کوشش کی جانی چاہیے ۔

اختلافات اپنی جگہ، لیکن امن کی خواہش کو سیاست کی نذر نہیں ہونا چاہیے ۔ مصدق ملک کی بھارت آمد سے اگر مکالمے اور باہمی سمجھ بوجھ کی کوئی نئی راہ نکلتی ہے تو یہ پورے خطے کے مفاد میں ہوگا۔ کانگریس کی تلملہٹ اپنی جگہ، مگر سفارت کاری کا راستہ بند کرنے کے بجائے اسے کھلا رکھنا ہی دانش مندی ہے ۔
٭٭٭


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں