ادارہ ترقیات کراچی، بدترین انتظامی بحران کا شکار
شیئر کریں
متعدد افسران تعیناتیوں کے منتظر ، ڈیپوٹیشن پر باہر سے افسران مسلط کیے جانے لگے
رضا عباس رضوی ، زین علی شاہ، کومل فاطمہ ،ثناء اللہ شیخ کی تعیناتیوں پر محکمے میں بے چینی
………………
ادارہ ترقیات کراچی بدترین انتظامی بحران کا شکار ہو گیا ہے۔
کے ڈی اے کے متعدد افسران تعیناتیوں کے منتظر ہیں تاہم ادارے میں ڈیپوٹیشن پر باہر سے افسران کو لاکر مسلط کیا جارہاہے۔
افسران و ملازمین میں بے چینی اور اشتعال پھیل رہا ہے، تاہم ادارے کے ڈائریکٹر جنرل بے اختیار اور ادارے کی یونینز لاتعلق بنی ہوئی ہیں۔
ادارے سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق چیف انجینئر کے ڈی اے صمد جملانی کی ڈیپوٹیشن پر تعیناتی پر ادارے کی سودا کار یونین اور ملازمین نے شدید احتجاج کیا تھا تاہم یہ سلسلہ بدستور جاری ہے۔
گزشتہ دنوں کے ایم سی سے 19گریڈ کے افسر رضا عباس رضوی کا تبادلہ کے ڈی اے کردیا گیا جبکہ اس سے قبل مسلسل سنگین الزامات کی زد میں رہنے والے زین علی شاہ کا بھی تبادلہ ڈیپوٹیشن پر مومن آباد ٹاون سے کے ڈی اے کیا گیا۔ اسی دوران 17گریڈ کی کومل فاطمہ اور 17 گریڈ کے ثناء اللہ شیخ کو باہر سے لاکرایسے عہدوں پر تعینات کردیا گیا جو کے ڈی اے افسران کے لیے مختص ہیں۔ جس سے کے ڈی اے کے افسران میں بے چینی اور اشتعال پھیل رہا ہے ۔ تاہم ذرائع کے مطابق ڈائریکٹر جنرل اپنے آپ کو بے اختیار ظاہر کررہے ہیں اور افسران و ملازمین کے مفادات کے تحفظ کی ذمہ دار یونینز خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔
ادارہ ترقیات


