سندھ بلڈنگ، لیاقت آباد کی تنگ گلیوں میں بلند عمارتیں، اداروں میں سناٹا
شیئر کریں
بی ون ایریا، پلاٹ نمبر 58/23پر زیرِ تعمیر کثیرالمنزلہ عمارت پر مکینوں کے شدید تحفظات
ڈائریکٹر الطاف کھوکھر کی چشم پوشی غیر قانونی تعمیرات کی حوصلہ افزائی کا باعث، علاقہ مکین
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ضلع وسطی کے معروف رہائشی علاقے لیاقت آباد کے بی ون ایریا میں پلاٹ نمبر 58/23پر زیرتعمیر کثیرالمنزلہ عمارت نے علاقہ مکینوں میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔
تنگ گلی میں بلند ہوتی اس عمارت کے حوالے سے مقامی رہائشیوں کا کہنا ہے کہ تعمیراتی سرگرمیوں کے باعث نہ صرف آمدورفت متاثر ہو رہی ہے بلکہ اردگرد موجود پرانی عمارتوں کی حفاظت اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ سے متعلق بھی سنگین خدشات پیدا ہو رہے ہیں۔
علاقہ مکینوں کے مطابق اگر تعمیرات منظور شدہ نقشے اور متعلقہ قوانین کے مطابق ہو رہی ہیں تو اس کی تفصیلات عوام کے سامنے لائی جائیں، بصورت دیگر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی فوری طور پر موقع کا معائنہ کرکے تعمیرات کی قانونی حیثیت کا تعین کرے۔
رہائشیوں کا کہنا ہے کہ اگر کسی بھی قسم کی خلافِ ضابطہ یا غیرقانونی تعمیر ثابت ہوتی ہے تو ذمہ داروں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے۔ مقامی افراد نے الزام عائد کیا ہے کہ متعلقہ افسران، جن میں ڈائریکٹر الطاف کھوکھر کا نام بھی لیا جا رہا ہے، کی مبینہ چشم پوشی کے باعث غیرقانونی تعمیرات کی حوصلہ افزائی ہو رہی ہے۔
تاہم ان الزامات کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی ہے ۔زیر نظر تصویر میں بھی دیکھا جا سکتا ہے کہ زیرِ تعمیر عمارت گنجان آبادی کے درمیان واقع ہے جبکہ بالائی منزل پر تعمیراتی سرگرمیاں جاری دکھائی دیتی ہیں۔
مکینوں کا کہنا ہے کہ ایسی تعمیرات کی مؤثر نگرانی نہ ہونے کی صورت میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے کا خدشہ موجود رہتا ہے ۔
علاقہ مکینوں نے مطالبہ کیا ہے کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور دیگر متعلقہ ادارے فوری نوٹس لیتے ہوئے تعمیراتی اجازت ناموں، منظور شدہ نقشوں اور عمارت کی قانونی حیثیت کا جائزہ لیں اور اگر کسی قسم کی خلاف ورزی سامنے آئے تو قانون کے مطابق کاروائی کی جائے ۔
جرأت سروے ٹیم نے خبر کی اشاعت سے قبل متعلقہ افسران، بشمول ڈائریکٹر الطاف کھوکھر، سے رابطہ کرکے ان کا مؤقف لینے کی کوشش کی، تاہم خبر فائل کیئے جانے تک ان سے رابطہ نہ ہو سکا۔ ادارہ ان کا مؤقف موصول ہونے کی صورت میں اسے بھی مناسب اہمیت کے ساتھ شائع کرے گا۔


