میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
پاکستان کا تاریخ کا سب سے بڑا یورو بانڈ جاری، عالمی مارکیٹ سے 3 ارب ڈالر حاصل

پاکستان کا تاریخ کا سب سے بڑا یورو بانڈ جاری، عالمی مارکیٹ سے 3 ارب ڈالر حاصل

جرات ڈیسک
جمعرات, ۳ ستمبر ۲۰۲۶

شیئر کریں

ساڑھے 5 سالہ بانڈ پر 7.50 فیصد اور 10 سالہ بانڈ پر 7.90 فیصد شرح منافع، عالمی سرمایہ کاروں کی بھرپور شرکت، وزارت خزانہ

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

پاکستان نے ملکی تاریخ کا سب سے بڑا بین الاقوامی یورو بانڈ جاری کرتے ہوئے عالمی کیپٹل مارکیٹ سے مجموعی طور پر 3 ارب ڈالر حاصل کرلیے، جسے وزارت خزانہ نے عالمی معاشی میدان میں پاکستان کی اہم کامیابی اور عالمی سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی کا مظہر قرار دیا ہے۔

وزارت خزانہ کے مطابق پاکستان نے پہلی مرتبہ ایک ہی وقت میں 3 ارب ڈالر مالیت کے یورو بانڈ دو حصوں میں جاری کیے، جن میں ساڑھے 5 سالہ بانڈ کے ذریعے 1.75 ارب ڈالر جبکہ 10 سالہ بانڈ سے 1.25 ارب ڈالر حاصل کیے گئے۔

حکام کے مطابق ساڑھے 5 سالہ یورو بانڈ کے لیے 7.50 فیصد کوپن ریٹ مقرر کیا گیا ہے، جبکہ 10 سالہ یورو بانڈ پر 7.90 فیصد کوپن ریٹ مقرر کیا گیا۔ بانڈز کے اجرا کے لیے پاکستان کو تقریباً 6 ارب ڈالر کی پیشکشیں موصول ہوئیں، جو عالمی سرمایہ کاروں کی جانب سے پاکستانی معیشت پر اعتماد میں اضافے کی عکاسی کرتی ہیں۔

وزارت خزانہ نے کہا کہ یورو بانڈ کا کامیاب اجرا پاکستان کی عالمی کیپیٹل مارکیٹس تک دوبارہ رسائی کی جانب اہم پیش رفت ہے۔ بہتر معاشی اشاریوں اور قرض واپس کرنے کی صلاحیت سے متعلق پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری کے باعث عالمی سرمایہ کاروں کی جانب سے پاکستانی بانڈز میں دلچسپی بڑھی ہے۔

پاکستان نے یہ بانڈ نئے گلوبل میڈیم ٹرم نوٹ پروگرام کے تحت پہلی مرتبہ جاری کیا ہے۔ وزارت خزانہ کے مطابق اس اقدام سے عالمی سرمایہ منڈیوں سے مختلف ذرائع کے ذریعے مالی وسائل حاصل کرنے کی راہ ہموار ہوگی اور بیرونی فنانسنگ کے ذرائع کو مزید متنوع بنانے میں مدد ملے گی۔

وزارت خزانہ کے مطابق حکومت کی حکمت عملی محض مزید قرض حاصل کرنے کے بجائے خودمختار قرض کے مؤثر انتظام پر مرکوز ہے، جس کے تحت قرض کی مدت بڑھانے، ری فنانسنگ اور قرضوں کی تجدید سے وابستہ خطرات کم کرنے اور قلیل مدتی و مہنگے قرضوں کی جگہ طویل مدتی اور نسبتاً مسابقتی شرح پر فنانسنگ حاصل کرنے پر توجہ دی جا رہی ہے۔

حکام نے کہا کہ پاکستان پہلے ہی ملکی قرضوں کی بڑے پیمانے پر قبل از وقت ادائیگی کرچکا ہے اور بیرونی فنانسنگ میں بھی اسی مالیاتی نظم و ضبط کو وسعت دینے کی کوشش کی جارہی ہے۔مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد نے بھی گزشتہ روز کہا تھا کہ 5 سالہ اور 10 سالہ مدت کے دو مختلف ڈالر بانڈز پر مشتمل یورو بانڈ عالمی سرمایہ کاروں کے لیے پیش کیا جارہا ہے۔

ان کے مطابق یورو بانڈ کا اجرا پاکستان کی عالمی سرمایہ مارکیٹ میں دوبارہ مؤثر رسائی کی جانب اہم قدم ہے۔وزارت خزانہ نے کہا کہ معاشی استحکام، بہتر میکرو اکنامک اشاریوں اور مالیاتی نظم و ضبط کے باعث عالمی سرمایہ کاروں کا پاکستان پر اعتماد بحال ہورہا ہے۔

ریکارڈ یورو بانڈ کا اجرا عالمی مالیاتی منڈیوں میں پاکستان کی واپسی کو مزید مضبوط کرے گا اور مستقبل میں بیرونی فنانسنگ کے لیے نئے مواقع پیدا کرے گا۔یورو بانڈ بنیادی طور پر ایسا بین الاقوامی بانڈ ہے جو کوئی حکومت یا ادارہ اپنی مقامی کرنسی کے بجائے غیر ملکی کرنسی میں عالمی سرمایہ کاروں کے لیے جاری کرتا ہے۔

پاکستان کی جانب سے موجودہ بانڈ امریکی ڈالر میں جاری کیے گئے ہیں، جس کے ذریعے حکومت کو عالمی سرمایہ منڈی سے براہ راست مالی وسائل حاصل کرنے کا موقع ملا ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں