ایرانی کرنسی کی قدر میں تاریخی گراوٹ، ڈالر 22 لاکھ ریال سے تجاوز کر گیا
شیئر کریں
اوپن مارکیٹ میں ایک امریکی ڈالر 2 لاکھ 20 ہزار 300 تومان تک پہنچ گیا
یورو 2 لاکھ 55 ہزار اور برطانوی پاؤنڈ 2 لاکھ 97 ہزار تومان میں فروخت ہونے لگا
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ایرانی کرنسی کی قدر میں تاریخی گراوٹ ریکارڈ کی گئی ہے اور اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت 2 لاکھ 20 ہزار تومان سے تجاوز کرگئی، جو تقریباً 22 لاکھ ایرانی ریال کے برابر بنتی ہے۔
غیرملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ایرانی اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر تقریباً 2 لاکھ 20 ہزار 300 تومان میں فروخت ہورہا ہے، جبکہ صرف دو روز قبل ڈالر کی قیمت تقریباً 2 لاکھ 10 ہزار تومان تھی۔
مارکیٹ اعداد و شمار کے مطابق یورو کی قیمت بھی بڑھ کر تقریباً 2 لاکھ 55 ہزار تومان جبکہ برطانوی پاؤنڈ تقریباً 2 لاکھ 97 ہزار تومان تک پہنچ گیا ہے۔ایرانی کرنسی کی قدر میں مسلسل کمی کے باعث ملکی معیشت اور عوام پر مہنگائی کا دباؤ مزید بڑھنے کے خدشات ظاہر کیے جارہے ہیں۔
دوسری جانب ایران کے مرکزی بینک کے گورنر عبدالناصر ہمتی نے گزشتہ روز کہا تھا کہ ملک کے پاس غیر ملکی زرمبادلہ کے خاطر خواہ ذخائر موجود ہیں اور مرکزی بینک مارکیٹ میں جاری تیزی اور اتار چڑھاؤ پر قابو پانے کے لیے 2 ارب ڈالر تک مارکیٹ میں لانے کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ زرمبادلہ کی مارکیٹ میں استحکام لانے کے لیے ضروری اقدامات کیے جارہے ہیں۔


