کورنگی میں موٹر سائیکلیں جلانے کا واقعہ، وزیراعلیٰ سندھ کا نوٹس، شرپسندوں کی گرفتاری کا حکم
شیئر کریں
آئی جی پولیس کو فوری تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت
امن و امان خراب کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے، مراد علی شاہ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کورنگی میں نامعلوم افراد کی جانب سے حالات خراب کرنے کی کوشش کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ پولیس کو واقعے کی فوری اور مکمل تحقیقات کا حکم دے دیا۔وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ کورنگی کراسنگ پر موٹر سائیکلوں کو آگ لگانے میں ملوث عناصر کو فوری گرفتار کیا جائے اور واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے کر جامع رپورٹ پیش کی جائے۔سید مراد علی شاہ نے کہا کہ شرپسند عناصر کو شہر کا امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے پولیس کو ہدایت کی کہ امن و امان کی صورتحال کو قابو میں رکھا جائے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے، کسی کو بھی شہر کا امن خراب کرنے یا شہریوں میں خوف و ہراس پھیلانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
انہوں نے کورنگی اور اطراف کے علاقوں میں پولیس گشت مزید مؤثر بنانے کی بھی ہدایت کی تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی بروقت روک تھام ممکن ہو اور شہری خود کو محفوظ محسوس کریں۔
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ حکومت سندھ شہریوں کے تحفظ اور امن و امان کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی، پولیس اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے شرپسند عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی یقینی بنائے۔وزیراعلیٰ سندھ نے آئی جی پولیس سے واقعے کی پیش رفت سے آگاہ رکھنے اور تحقیقات مکمل کرکے رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔


