ٹارگٹ کلرز کا سراغ مل گیا، دہشت گردوں کا گینگ پکڑلیا، وزیراعلیٰ سندھ
شیئر کریں
کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سیدمراد علی شاہ نے کہاہے کہ کراچی میں دہشتگردی کی حالیہ وارداتوں میں ملوث بعض ملزمان پکڑے گئے ہیں، باقی ماندہ دہشت گروں کو بھی جلدپکڑلیں گے، دہشت گرد قانون نافذ کرنیوالے اداروں کامورال کم کرناچاہتے ہیں۔پولیس ٹارگٹ کلنگ پر کام کررہے ہیں، کل بھی ایک گینگ کو ختم کیا ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے اتوارکوشہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اورشہر میں کے ایم سی کے تحت جاری پروجیکٹس کا جائزہ لیا۔وزیر اعلیٰ سندھ کے ہمراہ وزیربلدیات سندھ جام خان شورو،چیئرمین پی اینڈ ڈی محمد وسیم اور دیگراعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ اس موقع پرمیڈیا سے گفتگو میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہاکہ ایئرپورٹ سے قائد آباد تک کے ایم سی کے تحت کام کو دیکھنے آیا تھا، ایئرپورٹ سے قائدآباد تک روڈ کا کام کاغذات میں مکمل ہوگیا ہے، مگر عملی طور پر نہیں ہوا، جبکہ کے ایم سی کو منصوبے کے تمام فنڈز جاری کردیے گئے تھے۔ انہوںنے کہا کہ منزل پمپ فلائی اوور پر کام سے مطمئن ہوں اور فلائی اوور کا این ای ڈی یونیورسٹی کے ماہرین سے معائنہ کرایا ہے۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ ترقیاتی کاموں کی رفتار سے مطمئن نہیں ہوں، لہذا چاہوں گا کہ کے ایم سی کاموں کے معیار پر توجہ دے۔سید مراد علی شاہ نے کہاکہ شہر میں پولیس کی ٹارگٹ کلنگ پر افسوس ہے، ٹارگٹ کلنگ میں ملوث دہشت گردوں کی نشاندہی ہوگئی ہے اور حالیہ قتل کے واقعات میں ملوث ایک گینگ کو پکڑا بھی ہے، جبکہ باقی دہشت گردوں تک بھی جلد پہنچیں گے۔