میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے ‘سرحد پر جارحیت کا بھرپور جواب دینگے ‘آرمی چیف

امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے ‘سرحد پر جارحیت کا بھرپور جواب دینگے ‘آرمی چیف

ویب ڈیسک
بدھ, ۲۴ مئی ۲۰۱۷

شیئر کریں

راولپنڈی(بیورو رپورٹ)آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ کی زیرصدارت منعقدہ فارمیشن کمانڈرز کانفرنس میں جیوسٹریٹجک ماحول ،آپریشن ردالفساد پر پیشرفت ،روایتی خطرات کے خلاف آپریشنل تیاریوں اورقومی سلامتی سے متعلق دیگرامورپرتفصیلی تبادلہ خیال کرتے ہوئے پڑوسی کے ساتھ پائیدارامن کی خواہش کے باوجود سرحدوں پرکسی جارحیت کی صورت میں بھرپورجواب دینے کے عزم کااعادہ کیاہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق 75ویں سالانہ فارمیشن کمانڈرز کانفرنس منگل کو جی ایچ کیو میں منعقد ہوئی ۔چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمرجاویدباجوہ نے کانفرنس کی صدارت کی۔فوج کے تمام جنرل آفیسرز نے کانفرنس میں شرکت کی۔کانفرنس کے شرکاءکو جیواسٹریٹجک ماحول ،آپریشن ردالفساد پر پیشرفت ،روایتی خطرات کے خلاف آپریشنل تیاریوں اور قومی سلامتی سے متعلق دیگرامورکے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف نے کہاکہ سیکورٹی فورسزقانون نافذ کرنیوالے اداروں اور قوم کی اَن گنت قربانیوں کے نتیجہ میں حاصل ہونیوالے ماحول کو مزیدمستحکم کیاجائے گا،تاکہ پاکستان میں صورتحال معمول کے مطابق لائی جاسکے۔ آرمی چیف نے مشرقی اور مغربی سرحدوں کے اگلے مورچوں کے اپنے حالیہ دوروں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے فوجیوں کی آپریشنل تیاریوں خاص طورپرحالیہ سیزفائر کی خلاف ورزیوں کے بعد تعینات فوجیوں کے جذبے کو سراہا ۔انہوں نے کہاکہ پڑوسیوں کے ساتھ ہماری پائیدار امن کی خواہش کے باوجود سرحدوں کے ساتھ کسی بھی قسم کی جارحیت کابھرپورجواب دیاجائے گا۔ کانفرنس کے شرکاءنے فاٹا کی صورتحال ،پاک افغان سرحد کی بہترمینجمنٹ کے لےے حالیہ اقدامات ،فاٹا اصلاحات کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا اور اس عزم کااظہارکیا کہ اصلاحات کوفاٹا کے عوام کی امنگوں کے مطابق یقینی بناناضروری ہے۔بلوچستان میں بہتر ہوتی ہوئی صورتحال پربھی تبادلہ خیال کیاگیا۔ کانفرنس کے شرکاءنے بلوچستان کے عوام کی حمایت سے صوبے کے استحکام اور ترقی کے لےے بامقصدتعاون جاری رکھنے کے عزم کااعادہ کیا۔اجلاس کے دوران سی پیک پرپیشرفت اورسی پیک منصوبوں کی سیکورٹی کے حوالے سے امورزیرغورلائے گئے اوراس بات پرزوردیاگیاکہ منصوبے کی بروقت تکمیل کے لےے ماحول کو مزیدمحفوظ بنانے پرتوجہ مرکوز رکھی جائے گی۔اجلاس کے دوران کراچی آپریشن ،پنجاب اوردیگرعلاقوں میں آپریشن پائیدار استحکام کے حصول تک جاری رکھنے کے عزم کااظہارکیاگیا۔کانفرنس کے شرکاءنے فوج کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات پرمکمل اطمینان کااظہار کرتے ہوئے ملک کی جغرافیائی اورنظریاتی سرحدوں کے دفاع کے عزم کااعادہ کیا۔دوسری جانب پاک فوج نے بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول کے نوشہرہ سیکٹر پر پاکستانی چیک پوسٹ تباہ کرنے کا دعویٰ مکمل طورپر مسترد کرتے ہوئے اسے بے بنیاد قرار دیا۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ پاکستان کی جانب سے ایل او سی پار شہریوں پر فائرنگ کا بھارتی دعویٰ بھی غلط اور جھوٹ پر مبنی ہے۔واضح رہے بھارتی فوج نے نوشہرہ سیکٹر پر پاکستانی چیک پوسٹ تباہ کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ ڈی جی آئی ایس پی ار مےجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ بھارت نے پاکستان کی کسی چوکی پرحملہ نہیں کیا جھوٹ کاجواب جھوٹ سے دیناہماراشیوہ نہیں نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے اصف غفور نے کہا کہ بھارت سے 2003میں سیز فائر کا معاہدہ ہواتھا،بھارت نے1300بارسیزفائرمعاہدے کی خلاف ورزی کی 2017میں بھارتی فورسزکی فائرنگ سے 5افرادشہید43زخمی ہوئے ازادکشمیرمیں تعینات فوج شہری آبادی کاتحفظ یقینی بنارہی ہے پاک فوج بھارتی فائرنگ کابھرپورجواب دیتی ہے بھارت ایل اوسی پرمعصوم شہریوں کو نشانہ بناتاہے بھارت کاپاکستانی چوکی تباہ کرنےکادعویٰ جھوٹاہے، بھارت نے پاکستان کی کسی چوکی پرحملہ نہیں کیا، جھوٹ کاجواب جھوٹ سے دیناہماراشیوہ نہیں،ایل او سی پر امن برقرار رکھنے کی خواہش کے باوجود پاک فوج کسی بھی مہم جوئی کا جواب دینے کے لےے پرعزم ہے اور ایسے کسی بھی کارروائی کا زیادہ طاقت سے جواب دیا جائے گا۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں