میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
ایران کے ایما پر ٹرمپ کو قتل کرنے کی کوشش کرنے والے پاکستانی کو 27 برس قید

ایران کے ایما پر ٹرمپ کو قتل کرنے کی کوشش کرنے والے پاکستانی کو 27 برس قید

جرات ڈیسک
بدھ, ۱۸ نومبر ۲۰۲۶

شیئر کریں

امریکی سیاست دانوں کو قتل کرنے کا منصوبہ، پاکستانی شہری آصف مرچنٹ کو سزا سنا دی گئی

 

امریکی عدالت نے ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی ہدایت پر امریکی سیاست دانوں، جن میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور سابق صدر جو بائیڈن بھی ممکنہ اہداف میں شامل تھے، کے قتل کی سازش اور دہشت گردی کی کوشش کے جرم میں پاکستانی شہری آصف مرچنٹ کو 27 سال 6 ماہ قید کی سزا سنا دی۔

امریکی محکمہ انصاف کے مطابق 48 سالہ آصف مرچنٹ، جو آصف رضا مرچنٹ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، نے 2023 کے دوران ایران کے دارالحکومت تہران میں پاسدارانِ انقلاب کے ایک اہلکار سے تقریباً ڈیڑھ سال کے عرصے میں 15 ملاقاتیں کیں۔

ان ملاقاتوں کے دوران اسے خفیہ معلومات کے تحفظ اور نگرانی سے بچنے کے طریقوں کی تربیت دی گئی اور امریکی حکومتی عہدیداروں کو قتل کرنے کی سازش پر عمل درآمد کے لیے امریکا بھیجا گیا۔

اسے ہدایت کی گئی تھی کہ قتل کے لیے جرائم پیشہ افراد یا مافیا سے تعلق رکھنے والے افراد کی خدمات حاصل کی جائیں اور سیاسی جلسے کے دوران ہدف کو نشانہ بنایا جائے۔ آصف مرچنٹ نے مقدمے کی سماعت کے دوران گواہی دی کہ اس کے خیال میں اس سازش کا اصل ہدف صدر ڈونلڈ ٹرمپ تھے۔

آصف مرچنٹ کو 12 جولائی 2026 کو ٹیکساس کے شہر رچمنڈ میں اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ امریکا سے روانہ ہونے کے لیے ہوائی اڈے جانے والا تھا۔ امریکی حکام کے مطابق آصف مرچنٹ کے لیپ ٹاپ، موبائل فونز اور سماجی رابطوں کے کھاتوں سے حاصل ہونے والے شواہد سے ظاہر ہوا کہ وہ 2024 کے صدارتی انتخابات اور صدر ٹرمپ پر توجہ مرکوز کیے ہوئے تھا۔

اس کے انٹرنیٹ سرچ ریکارڈ میں انتخابی جلسوں سے متعلق معلومات اور نیو جرسی میں صدر ٹرمپ کے ایک جلسے کے مقام کی تلاش بھی شامل تھی۔ اس کے سماجی رابطوں کے کھاتوں پر ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی تعریف اور صدر ٹرمپ و امریکا کے خلاف پوسٹس بھی موجود تھیں۔

مقدمے کی پیروی امریکی اٹارنی آفس کے قومی سلامتی اور سائبر جرائم کے شعبے نے کی، جبکہ محکمہ انصاف کے قومی سلامتی ڈویژن کے انسدادِ دہشت گردی شعبے نے بھی معاونت فراہم کی۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں