میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
فائزر کی فائلیں ۔۔ خفیہ معلومات یا غلط پڑھے گئے اعداد؟

فائزر کی فائلیں ۔۔ خفیہ معلومات یا غلط پڑھے گئے اعداد؟

جرات ڈیسک
بدھ, ۱۸ نومبر ۲۰۲۶

شیئر کریں

تاریخ کے بعض راز تہہ خانوں میں دفن نہیں ہوتے، سرکاری فائلوں میں محفوظ رہتے ہیں۔ ان پر مہر بھی ہوتی ہے، تاریخ بھی، دستخط بھی، مگر عوام تک پہنچنے کا راستہ اتنا طویل اور پیچیدہ بنا دیا جاتا ہے کہ حقیقت اور افسانے کے درمیان ایک نئی دنیا آباد ہو جاتی ہے۔ اس دنیا میں طاقت ور ادارے شفافیت کے دعوے کرتے ہیں، ان کے ناقدین ہر پوشیدہ ورق میں سازش تلاش کرتے ہیں، اور عام آدمی حیران رہ جاتا ہے کہ آخر وہ کس پر اعتبار کرے؟

کورونا وبا کے دوران فائزر کی دستاویزات کا معاملہ بھی کچھ ایسا ہی تھا۔ 2021 میں امریکی شہریوں، ڈاکٹروں اور محققین کے ایک گروہ نے معلومات تک رسائی کے قانون کے تحت امریکی ادارے ایف ڈی اے سے فائزر ویکسین کی منظوری سے متعلق دستاویزات طلب کیں۔ یہ مطالبہ غیرمعمولی نہیں تھا۔ جس ویکسین کو کروڑوں انسانوں کی زندگیوں سے متعلق فیصلوں میں مرکزی حیثیت دی گئی، اس کے تجربات، حفاظتی جائزوں اور منظوری کی بنیادوں کا عوامی معائنہ ہونا چاہیے تھا۔مگر دستاویزات کے اجرا پر تنازع پیدا ہوگیا۔ ایف ڈی اے نے ابتدا میں محدود تعداد میں صفحات ماہانہ جاری کرنے کی تجویز دی۔ اس رفتار سے مکمل ریکارڈ کی فراہمی کئی دہائیوں تک پھیل سکتی تھی۔ جنوری 2022 میں امریکی وفاقی جج مارک پٹمین نے ادارے کو ہر 30 دن میں 55 ہزار صفحات جاری کرنے کا حکم دیا۔ یہ فیصلہ معلومات تک رسائی کی تاریخ میں اہم تھا۔اگرچہ عدالت نے یہ فیصلہ نہیں دیا تھا کہ فائزر نے ویکسین کے نقصانات جان بوجھ کر چھپائے تھے ۔ تنازع بنیادی طور پر سرکاری ریکارڈ کے اجرا کی رفتار کا تھا۔ مگر سوال اپنی جگہ باقی رہا،جس معاملے میں عوامی اعتماد کو بنیادی شرط بنایا گیا، وہاں متعلقہ دستاویزات تک بروقت رسائی اتنی مشکل کیوں تھی؟

اکتوبر 2026میں اسی مقدمے کے ایک مزید عدالتی حکم میں قانونی اخراجات کے معاملے پر بھی فیصلہ ہوا۔ عدالت کے ریکارڈ کے مطابق دسمبر 2023 تک تقریباً 12 لاکھ صفحات کی کارروائی مکمل ہو چکی تھی۔ یوں یہ تنازع محض سوشل میڈیا کا شور نہیں، امریکی عدالتی تاریخ کا دستاویزی حصہ بن گیا۔اب ان فائلوں کے ایک نہایت اہم ورق کی طرف آئیے ۔فائزر کی ایک رپورٹ، جس کا عنوان ‘ Cumulative Analysis of Post-Authorization Adverse Event Reports’ تھا، 30 اپریل 2021 کو تیار کی گئی۔ اس میں یکم دسمبر 2020 سے 28؍فروری 2021تک دنیا بھر سے موصول ہونے والی حفاظتی اطلاعات کا جائزہ پیش کیا گیا تھا۔ رپورٹ کے صفحہ 6 اور 7 پر درج اعداد توجہ طلب ہیں۔صرف 3ماہ کے دوران 42,086انفرادی کیس رپورٹس موصول ہوئیں، جن میں مجموعی طور پر 158,893 طبی واقعات درج تھے ۔ ان میں 25,379 رپورٹس طبی ذرائع سے تصدیق شدہ تھیں، جبکہ 16,707 غیرطبی ذرائع سے موصول ہوئی تھیں۔ رپورٹ میں 1,223 کیسز کا نتیجہ موت درج تھا۔ مزید 11,361 کیسز رپورٹنگ کے وقت صحت یاب نہیں ہوئے تھے ، جبکہ 520 میں صحت یابی کے باوجود باقی رہ جانے والی پیچیدگیوں کا اندراج تھا۔

یہ اعداد معمولی نہیں۔ انہیں نظرانداز کرنا بھی درست نہیں۔ فائزر نے اپنی رپورٹ میں ویکسین سے 1,223اموات ہونے کے باوجود اعتراف سے گریز کیا۔ اگرچہ ادویات کی حفاظتی نگرانی میں کسی واقعے کا ویکسین لگنے کے بعد رپورٹ ہونا اور اس کا ویکسین کی وجہ سے پیدا ہونا دومختلف باتیں بھی ہو سکتی ہیں اور ایک بھی۔ مگر ان دنوں پہلوؤں میں سے کسی ایک کا بھی کوئی اعتراف کہیں پر موجود نہیں تھا۔ رپورٹ میں درج اموات ایسے کیسز کے نتائج تھے جن میں ویکسین کے بعد طبی واقعات کی اطلاع ملی تھی۔اگر یہ ثابت شدہ اموات نہیں بھی ہیں تو بھی کم از کم ایسی مشتبہ اموات تو ضرور ہیں جو ویکسین کا نتیجہ ہو سکتی ہیں۔ یہ رپورٹس ممکنہ خطرات دریافت کرنے کا ابتدائی ذریعہ ہوتی ہیں۔ ان میں غیرمعمولی رجحانات سامنے آئیں تو مزید تحقیق، طبی ریکارڈ، تقابلی اعدادوشمار اور بعض صورتوں میں پوسٹ مارٹم کی ضرورت پڑتی ہے۔ اصل سوال یہ ہے کہ ایسے اشاروں کے بعد کیا اقدامات کیے گئے، کتنی سرعت سے کیے گئے اور عوام کو کب آگاہ کیا گیا؟

یہاں رپورٹ کا ایک اور پہلو اہم ہے ۔اس کے بعض حصوں میں معلومات حذف تھیں، جنہیں دستاویز میں مخصوص قانونی رمز سے ظاہر کیا گیا تھا۔ ابتدائی طور پر تقسیم کی گئی خوراکوں کی تعداد بھی حذف شدہ معلومات میں شامل تھی۔ اس لیے صرف اس رپورٹ کی بنیاد پر یہ معلوم کرنا ممکن نہیں تھا کہ تمام ویکسین لینے والوں میں کسی مخصوص نقصان کی حقیقی شرح کیا تھی۔یہی وہ نکتہ ہے جسے سنسنی خیز تشریحات اکثر نظر انداز کرتی ہیں۔ 42,086 کیس رپورٹس کو ویکسین لینے والے 42,086افراد کی نمائندہ شرح نہیں سمجھا جا سکتا۔ اسی طرح 158,893 طبی واقعات کا مطلب 158,893 الگ متاثرہ انسان نہیں، کیونکہ ایک شخص کے بارے میں متعدد علامات یا واقعات درج ہو سکتے ہیں۔پھر سوال پیدا ہوتا ہے کہ اتنے وسیع حفاظتی ریکارڈ کی عوامی تعبیر کا ذمہ دار کون تھا؟فائزر؟ ایف ڈی اے ؟ صحت کے عالمی ادارے؟ یا وہ ذرائع ابلاغ جنہوں نے کبھی ویکسین کو غیرمعمولی یقین کے ساتھ پیش کیا اور کبھی ہر مشتبہ رپورٹ کو ثابت شدہ تباہی بنا دیا؟ یہاں ہمیں ایک اور دستاویزی حقیقت کا سامنا ہے۔ یورپی ادویاتی ادارے نے جولائی 2021 میں فائزر اور موڈرنا کی mRNA ویکسینوں کے بعد دل کے پٹھوں اور اس کی بیرونی جھلی کی سوزش کے ممکنہ سببی تعلق کو تسلیم کرتے ہوئے طبی ماہرین کے لیے انتباہ جاری کیا۔ ان مسائل کو myocarditisاور pericarditisکہا جاتا ہے ۔ یہ نایاب تھے ، مگر حقیقی طبی اہمیت رکھتے تھے ، خصوصاً کم عمر مردوں میں دوسری خوراک کے بعد۔ گویا حفاظتی نگرانی محض کاغذی کارروائی نہیں تھی۔اس کے نتیجے میں نئے خطرات کی شناخت اور انتباہات میں تبدیلی بھی ہوئی۔یہ حقیقت دومخالف انتہاؤں کو چیلنج کرتی ہے۔ ایک طرف یہ تصور کہ ویکسین کے کسی سنگین نقصان کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا تھا۔ دوسری طرف یہ دعویٰ کہ ہر مشتبہ واقعہ ایک ثابت شدہ نقصان تھا اور تمام حفاظتی نگرانی محض دھوکا تھی۔سائنس دونوں انتہاؤں سے آگے بڑھ کر سوال کرتی ہے ۔کس خطرے کی شرح کتنی تھی، کس آبادی میں زیادہ تھی، کس وقت سامنے آئی اور اس کے مقابلے میں متوقع طبی فائدہ کیا تھا؟

یورپی ادویاتی ادارے کے مطابق دسمبر 2023 تک یورپی اقتصادی علاقے میں کووڈ ویکسین کی تقریباً 1ارب خوراکوں کے بعد مشتبہ مضر اثرات کی تقریباً 17لاکھ رپورٹس موصول ہوئی تھیں، جن میں موت سے متعلق تقریباً 12 ہزار رپورٹس بھی شامل تھیں۔ ادارہ واضح کرتا ہے کہ یہ اعداد ویکسین سے ثابت شدہ اموات کی تعداد نہیں۔لیکن ان میں سے کسی حقیقی متاثرہ شخص کے لیے یہ شماریاتی وضاحت کافی نہیں۔ اسے تشخیص، علاج، آزادانہ تحقیق اور جہاں قانونی معیار پورا ہو، تلافی کا حق چاہیے ۔

اب اس معاملے کو نیدرلینڈز کے مقدمے سے جوڑ کر دیکھیے ۔بل گیٹس، البرٹ بورلا اور دیگر مدعا علیہان کے خلاف دائر دعوے میں بنیادی سوال صرف یہ نہیں کہ ویکسین کے بعد نقصانات کی رپورٹس موجود تھیں۔ اصل قانونی سوال یہ بھی ہے کہ مدعا علیہان کو کس وقت کون سی معلومات حاصل تھیں، ان کے عوامی بیانات کیا تھے ، اور کیا کسی مخصوص مدعی کے نقصان کا تعلق کسی قابلِ اثبات غیرقانونی عمل سے قائم ہوتا ہے ؟کسی خطرے کے علم، اس کی اطلاع میں ممکنہ تاخیر اور عوامی یقین دہانیوں کے درمیان تضاد ثابت ہو جائے تو وہ قانونی اور اخلاقی اعتبار سے اہم ہو سکتا ہے ۔یہی وہ مقام ہے جہاں فائلیں محض کاغذ نہیں رہتیں، انسانی جواب دہی کا سوال بن جاتی ہیں۔ 31؍مارچ 2020 سے ہم نے وبا، عالمی سرمایہ، صحت کی سیاست اور ادارہ جاتی طاقت کے تعلق پر سوالات اٹھائے تھے۔ آج ان سوالات کے جواب قیاس آرائی سے نہیں، اصل تجرباتی ریکارڈ، کمپنیوں کی خط و کتابت، نگران اداروں کے فیصلوں اور عدالتی دستاویزات سے تلاش کیے جانے چاہئیں۔خود فائزر کی اپنی ہی فائلوں سے تمام شکوک بے بنیاد قرار نہیں پاتے۔

عوامی اعتماد صرف اعلانات سے پیدا نہیں ہوتا، اسے شفافیت، آزادانہ جانچ اور غلطیوں کی بروقت اصلاح سے قائم رکھنا پڑتا ہے۔ آخر انسانیت کو اس سے کیا غرض کہ کوئی ادارہ کتنا عظیم، کوئی سرمایہ دار کتنا فیاض یا کوئی حکومت کتنی طاقت ور ہے؟ اس کا بنیادی سوال تو یہ ہے کہ اس کی زندگی سے متعلق فیصلوں میں سچائی، احتیاط اور جواب دہی کو کتنی جگہ دی گئی۔کیونکہ تاریخ کے فیصلے اشتہارات سے نہیں، شواہد سے لکھے جاتے ہیں۔ اور جب فائلیں کھلتی ہیں تو ضروری نہیں ہر صفحے سے کوئی جرم برآمد ہو؛ کبھی ان سے وہ سوال نکلتا ہے جس کا جواب دینے سے طاقت ہمیشہ گریزاں رہی ہے۔
٭٭٭


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں