جی ایف ایس، نارتھ ٹاؤن ریزیڈنسی فیز 2 کی زمین پر شکوک
شیئر کریں
سرکاری ریکارڈ اور این او سی میں اختلاف کا معاملہ سامنے آگیا
سروے نمبروں کی قانونی بنیاد پر سوالات، متعلقہ ادارے خاموش
کراچی کے بڑے رئیل اسٹیٹ اداروں میں شمار ہونے والے جی ایف ایس بلڈرز اینڈ ڈیولپرز کے رہائشی منصوبے نارتھ ٹاؤن ریزیڈنسی فیز 2کی زمین سے متعلق اہم سوالات سامنے آئے ہیں۔ یہ معاملہ اس وقت مزید توجہ کا مرکز بنا، جب متعلقہ جگہہ کے مبینہ الاٹیز نے اس پر بلڈرسے مطلوبہ قانونی تحفظ نہ ملنے پر سوالات کرنے شروع کیے۔
تفصیلات کے مطابق نارتھ ٹاؤن ریزیڈنسی فیز 2 کے لیے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی جانب سے فروخت اور تشہیر کا ایک این او سی جاری کیا گیا تھا، جس میں تقریباً 30 ایکڑ اراضی اور سروے نمبر 363 سے 367 درج تھے۔ یہ زمین دیہہ ہلکانی کے نا کلاس نمبر 294 سے متعلق بتائی گئی تھی۔ تاہم شواہد کے مطابق بورڈ آف ریونیو کا وہ نقشہ، جو 2013 میں سپریم کورٹ میں جمع کرایا گیا تھا، متعلقہ علاقے کو غیرسروے شدہ یا نا کلاس اراضی ظاہر کرتا تھا۔ اطلاعات کے مطابق سندھ کے لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم میں بھی دیہہ ہلکانی کے متعلق سوالات برقرار تھے۔
اس معاملے میں بنیادی سوال یہ ہے کہ اگر زمین پہلے غیرسروے شدہ تھی تو بعد میں اسے مخصوص سروے نمبروں کے تحت کس قانونی کارروائی کے ذریعے منتقل یا درج کیا گیا؟ کیا متعلقہ زمین کی باقاعدہ الاٹمنٹ ہوئی، کیا ریونیو ریکارڈ میں قانونی تبدیلی کی گئی اور کیا تمام منظوریوں سے پہلے ملکیتی حیثیت کی تصدیق کی گئی؟ قانونی ماہرین کے لیے یہاں ایک اہم نکتہ یہ بھی ہے کہ منصوبے کی تشہیر یا فروخت کا این او سی، زمین کے مکمل اور غیرمتنازع ملکیتی حق کا متبادل نہیں ہوتا۔ مختلف سرکاری اداروں کی منظوریوں کا دائرۂ اختیار الگ ہوسکتا ہے ۔اس ضمن میں جرات کے نمائندوں نے جی ایف ایس کے چیف ایگزیکٹو اور متعلقہ سرکاری حکام کو سوالات بھیجے ، تاہم رپورٹ کی اشاعت تک کمپنی کی جانب سے جواب موصول نہیں ہوا تھا۔ جی ایف ایس اپنی ویب سائٹ پر نارتھ ٹاؤن ریزیڈنسی فیز 2کو ایک بڑے رہائشی منصوبے کے طور پر پیش کرتا ہے۔
کمپنی کی تشہیری معلومات میں منصوبے کا مجموعی رقبہ تقریباً 300 ایکڑ بتایا گیا ہے ، جبکہ بلڈر کے پاس نامکمل دستاویزات بھی 30 ایکڑ کا ذکر کرتی ہے ۔ دونوں اعداد کس مخصوص حصے یا مرحلے سے متعلق ہیں، اس کی وضاحت بھی ضروری ہے۔ اس معاملے میں سندھ حکومت، بورڈ آف ریونیو، ایس بی سی اے اور متعلقہ ترقیاتی ادارے کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ منصوبے کے ملکیتی ریکارڈ، منظورشدہ نقشے اور این او سی کی قانونی بنیاد کے بارے میں واضح معلومات فراہم کریں۔
خریداروں کے لیے سب سے اہم سوال یہ ہے کہ ان کی خریدی گئی زمین کی قانونی حیثیت کیا ہے اور کیا متعلقہ پلاٹ کا قبضہ اور انتقال کسی رکاوٹ کے بغیر ممکن ہوگا؟یہ سوالات اس لیے بھی اہم ہیں کہ ان دنوں جی ایف ایس بلڈرز کے مختلف منصوبوں میں شامل خریدار مطلوبہ قانونی تحفظ نہ پانے پر احتجاج بھی کر رہے ہیں۔


