کراچی میں رواں سال ٹریفک حادثات میں 488 افراد جاں بحق، 5 ہزار 830 زخمی
شیئر کریں
کراچی میں رواں سال ٹریفک حادثات کے نتیجے میں 488 افراد جاں بحق جبکہ 5 ہزار 830 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق ہیوی وہیکلز سے پیش آنے والے حادثات شہریوں کے لیے بدستور سنگین خطرہ بنے ہوئے ہیں۔ ریسکیو حکام کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ہیوی وہیکلز سے ہونے والے مختلف حادثات میں مجموعی طور پر 158 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ مہلک حادثات ٹریلرز سے پیش آئے، جن میں 74 افراد جاں بحق ہوئے، جبکہ واٹر ٹینکرز سے ہونے والے حادثات میں 41 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
ریسکیو حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں، احتیاط سے گاڑی چلائیں اور بھاری گاڑیوں کے ڈرائیور بھی رفتار پر قابو رکھتے ہوئے حفاظتی اصولوں پر عمل کریں۔
حکام نے متعلقہ اداروں پر بھی زور دیا ہے کہ ہیوی وہیکلز کی موثر نگرانی اور ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے تاکہ حادثات اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع میں کمی لائی جا سکے۔


