ملک بھر میں حضورنبی کریمؐ کی ولادت باسعادت کا جشن، تیاریاں عروج پر
شیئر کریں
ملک بھر میں جشن میلادالنبیؐ آج مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جائیگا، عام تعطیل
گلیاں ، گلی محلوں، بازاروں اور مساجد کو سبز جھنڈیوں اور برقی قمقموں سے سج گئیں
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
رحمت اللعالمین، خاتم النبیین،سید المرسلین ،ہادی عالم،نبی کریم حضرت محمد مصطفی ﷺ کی ولادت باسعادت کے جشن کی تیاریاں عروج پر ہیں، شہر شہر قریہ قریہ خوشیوں کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
ملک بھر میں جشن میلادالنبیؐ آج(بدھ کو) مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جائے گا، حکومت کی جانب سے ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے، آقائے دو جہاں نبی آخر الزماں حضرت محمد مصطفیﷺ کے جشن ولادت کے روز صبح بہاراں ا آغاز بارگاہ رسالتﷺ میں ہدیہ درود و سلام اور اجتماعی دعاؤں سے ہوگا جس میں ملک کی سلامتی و خوشحالی کے لیے بھی دعائیں مانگی جائیں گی۔ اس دن کی مناسبت سے سیرت النبیؐ کے موضوع پر سیمینارز، کانفرنسز اور محافل نعت کا اہتمام کیا جائے گا، ملک بھر میں جلوس نکالے جائیں گے۔جشن میلادالنبیؐ کے حوالے سے شب ملک بھر کی مساجد میں میلاد اور درود و سلام کی محافل کا انعقاد کیا جائے گا، جس میں علماء کرام نبی کریمﷺ کی سیرت مبارکہ پر روشنی ڈالیں گے۔
آمد مصطفیﷺ کی خوشی میں ملک بھر میں گلی محلوں، بازاروں اور مساجد کو سبز جھنڈیوں اور برقی قمقموں سے سجا دیا گیا ہے جبکہ سرکاری و نجی عمارتوں پر بھی چراغاں کیا گیا ہے، کئی بازاروں اور شاہراہوں پر محرابیں اور آرائشی دروازے بھی لگائے گئے ہیں۔ عاشقان رسول خانہ کعبہ اور مسجد نبویؐ کے خوبصورت ماڈلز بنا کر سرور کائنات سے اظہار عقیدت کر رہے ہیں۔
آمد مصطفیٰﷺ کی مناسبت سے لاہور سمیت ملک بھر کے مختلف مقامات پر جلوس اور ریلیاں نکالی جائیں گی جس کے شرکاء سارے راستے درود پاک کا ورد کریں گے، جشن میلاالنبیﷺ کے موقع پر کراچی سندھ میں چھوٹے بڑے شہروں میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ جلوس اور ریلیوں کی سیکیورٹی کے لیے پولیس کے خصوصی دستے تعینات کیے گئے ہیں۔
کراچی میں مرکزی جلوس کی سیکیورٹی پر ساڑھے 4 ہزار سے زائد پولیس اہل کار تعینات کیے گئے ہیں۔ جشن میلاد النبیؐ کی مناسبت سے ملک بھر میں نیاز تقسیم کرنے کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔علماء کرام کا کہنا ہے کہ حضرت محمد مصطفیﷺ سے عقیدت و محبت کا تقاضا ہے کہ آپؐ کی سیرت طیبہ کا محض ذکر ہی نہ کیا جائے، بلکہ آپؐ کی تعلیمات پر عمل کر کے ہی انسان دنیا اور آخرت میں سرخرو ہوسکتا ہے۔


