ملک کے بیشتر علاقے پھر سے شدید زلزلے سے لرز گئے
شیئر کریں
شدیدجھٹکوں نے خوف و ہراس پھیلا دیا، عوام گھروں، عمارتوں سے باہر نکل آئے
شدت ریکٹر سکیل پر 5۔9 ریکارڈ، تاحال کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی
ملک کے بیشتر علاقے پھر سے شدید زلزلے سے لرز گئے، زلزلے کے شدید جھٹکوں نے خوف و ہراس پھیلا دیا، عوام گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، پشاور، مظفرآباد، مالاکنڈ، سوات، دیر، ایبٹ آباد اور خیبرپختونخوا سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے باعث شہری خوف و ہراس کا شکار ہو کر گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔زلزلے کے جھٹکے راولپنڈی، لاہور، شیخوپورہ، سرگودھا، چنیوٹ، بھیرہ، کلورکوٹ، قائدآباد، ٹیکسلا، حسن ابدال، ہری پور، ایبٹ آباد، صوابی، چارسدہ، ہنگو، اورکزئی، مالاکنڈ، سوات، لوئر دیر، اپر دیر اور مظفرآباد سمیت متعدد علاقوں میں بھی محسوس کیے گئے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر سکیل پر 5۔9 ریکارڈ کی گئی، زلزلے کی زیرزمین گہرائی 178 کلومیٹر تھی۔جبکہ پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5۔9 ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کا مرکز افغانستان کا ہندوکش ریجن تھا، زلزلے کی گہرائی 191 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔ بتایا گیاہے کہ زلزلے کے بعد تاحال کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ دوسری جانب بلوچستان میں گزشتہ روز سے زلزلے آنے کا سلسلہ جاری ہے۔ ہاں گزشتہ روز سے اب تک درمیانی شدت کے 5 پانچ زلزلے ریکارڈ کیے جا چکے ہیں۔آج صبح بارکھان اور گرد و نواح میں آنے والے زلزلے کی شدت 5۔2 ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کا مرکز بھی ضلع بارکھان تھا۔ ڈائریکٹر نیشنل سیسمک سینٹر کراچی امیر حیدر لغاری کے مطابق بلوچستان اور خیبر پختونخوا یوریشین ٹیکٹونک پلیٹ پر واقع ہیں اور حالیہ زلزلے اسی پلیٹ کی بالائی سطح پر رونما ہو رہے ہیں۔ موجودہ صورتحال عالمی سطح پر آنے والے زلزلوں کے اثرات سے بھی منسلک ہے۔ وینزویلا میں آنے والے شدید زلزلے کے بعد زمین کے اندر پیدا ہونے والی توانائی کی لہریں منسلک ٹیکٹونک پلیٹوں پر دباؤ کا باعث بن رہی ہیں، جس کے نتیجے میں مختلف علاقوں میں زلزلے آ رہے ہیں۔


