جہلم ویلی انتخابی تصادم، پی پی، ن لیگ کارکنان آمنے سامنے
شیئر کریں
لیگی کارکنان نے ووٹرز کو پیسے دے کر خریدنے کے الزام پر گھر میں بند کر دیا، 4 افراد زخمی
وزیر تعلیم دیوان چغتائی کے کزن سمیت 4 افراد یرغمال، 3 گھنٹے بعد بازیاب، پولیس حکام
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جہلم ویلی کے علاقہ دوہاٹھا میں وزیر تعلیم دیوان علی خان چغتائی اور ممبر اسمبلی چوہدری محمد رشیدکے حامیوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 4 افراد زخمی ہو گئے۔
مسلم لیگی کارکنان نے پیپلز پارٹی امیدوار دیوان چغتائی کے کزن سمیت 4 افراد کو ووٹرز کو پیسے دے کر خریدنے کے مبینہ الزام پر ایک گھر میں بند کر دیا۔
چناری پولیس نے موقع پر پہنچ کر 3 گھنٹے بعد یرغمال بنائے گئے افراد کو بازیاب کروا لیا۔ تفصیلات کے مطابق منگل اور بدھ کی درمیانی رات وزیر تعلیم دیوان چغتائی کے کزن سمیت 4 افراد الیکشن مہم کے سلسلے میں دوہاٹھا پہنچے۔مقامی نمبردار لطیف کے مطابق انہوں نے پیسوں کے ذریعے ووٹرز کو خریدنا شروع کر دیا۔ جس پر پیپلز پارٹی اور مسلم لیگی کارکنان کے درمیان توں تکرار تصادم میں تبدیل ہو گئی۔ تصادم کے نتیجے میں 4 افراد زخمی ہو گئے مقامی لوگوں نے دیوان چغتائی کے کزن سمیت 4 افراد کو ایک کمرے میں بند کر دیا۔ اطلاع ملنے کے بعد چناری پولیس نے موقع پر پہنچ کر یرغمال بنائے گئے افراد کو بازیاب کر کے چناری منتقل کر دیا۔تاحال واقعہ کے مقدمات کے اندراج کی پولیس نے تصدیق نہیں کی ہے۔


