میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
این آئی سی وی ڈی، فالج، اسٹروک کے علاج کی سروسز چھ ہفتوں سے معطل

این آئی سی وی ڈی، فالج، اسٹروک کے علاج کی سروسز چھ ہفتوں سے معطل

ویب ڈیسک
پیر, ۱۱ مئی ۲۰۲۶

شیئر کریں

سی ٹی اینجیو مشین خراب، مریضوں کو دیگر اسپتالوں میں ریفر کیے جانے کی شکایات
ادارے میں ایمرجنسی سروس متاثر ، انتظامی ناکامی اور ناقص حکمتِ عملی کی عکاس

قومی ادارہ برائے امراضِ قلب (این آئی سی وی ڈی)میں فالج/اسٹروک کے علاج کی سروسز کے مسلسل معطل رہنے پر شدید تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے ، جہاں سی ٹی اینجیو (CT Angio)مشین گزشتہ چھ ہفتوں سے خراب ہونے کے باعث مریضوں کو مبینہ طور پر دیگر اسپتالوں میں ریفر کیا جا رہا ہے ۔ذرائع کے مطابق ایمرجنسی اسٹروک کے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ تشخیص اور فوری علاج کی بنیادی سہولیات دستیاب نہیں ہیں۔ سی ٹی اینجو مشین کی طویل بندش نے مریضوں کی بروقت دیکھ بھال کو بری طرح متاثر کیا ہے ، جس کے باعث نازک حالات میں مریضوں کے اہل خانہ کو فوری طور پر دوسرے اسپتالوں کا رخ کرنا پڑ رہا ہے ۔اس صورتحال پر متعلقہ حکام اور این آئی سی وی ڈی ترجمان کے سامنے سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ اگرچہ ادارے کی جانب سے یہ مؤقف سامنے آتا رہا ہے کہ تمام سروسز معمول کے مطابق جاری ہیں، تاہم زمینی حقائق اور عینی شاہدین کے مطابق فالج اور اسٹروک کے مریضوں کو مسلسل ریفر کیا جا رہا ہے کیونکہ سی ٹی اینجیو مشین غیر فعال ہے ۔طبی ماہرین اور عوامی حلقوں نے موجودہ انتظامیہ اور سندھ حکومت کے تحت صحت کے نظام کی کارکردگی پر سنگین سوالات اٹھا دیے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ این آئی سی وی ڈی جیسے اہم ادارے میں بنیادی ایمرجنسی سروس کا متاثر ہونا انتظامی ناکامی اور ناقص حکمتِ عملی کی عکاسی کرتا ہے ۔اس صورتحال نے مریضوں اور ان کے اہل خانہ میں شدید بے چینی پیدا کر دی ہے ، خصوصاً ایسے مریض جو فالج کے فوری علاج کے محتاج ہوتے ہیں، جہاں ہر منٹ قیمتی ہوتا ہے ۔صحت کے شعبے سے وابستہ افراد اور شہریوں نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اسٹروک/فالج کے علاج کی سروسز فوری طور پر بحال کی جائیں اور سی ٹی اینجیو مشین کی خرابی کو جلد از جلد دور کیا جائے ۔ عوامی و طبی حلقوں نے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ اس امر کی مکمل تحقیقات کی جائیں کہ مریضوں کواین آئی سی وی ڈی میں علاج دینے کے بجائے دیگر اسپتالوں میں کیوں ریفر کیا جا رہا ہے ۔ (نمائندہ جرأت)


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں