افغان طالبان کے سپریم لیڈر کی جنگجوؤں کو بغیر اجازت نقل و حرکت سے روکنے کی ہدایت
شیئر کریں
ہبت اللہ اخوندزادہ نے اجازت کے بغیر ایک مقام سے دوسرے مقام پر جانے کو ’معصیت‘ قرار دے دیا، خلاف ورزی کرنے والوں کو واپس بھیجنے کا حکم
میدان وردک کے دورے کے دوران علم و تعلیم کے فروغ، علما کے احترام، انصاف کے قیام، معاشرتی اصلاح، اتحاد، اطاعت اور سکیورٹی کی مضبوطی پر زور دیا
۔۔۔۔
افغان طالبان کے سپریم لیڈر ملا ہبت اللہ اخوندزادہ نے طالبان حکام اور جنگجوؤں کو اپنی اجازت کے بغیر ایک مقام سے دوسرے مقام پر جانے سے روک دیا ہے اور ہدایت کی ہے کہ حکم کی خلاف ورزی کرنے والوں کو واپس بھیجا جائے۔
تفصیلات کے مطابق ہبت اللہ اخوندزادہ نے صوبہ میدان وردک کے دورے کے دوران طالبان حکام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کی اجازت کے بغیر ایک جگہ سے دوسری جگہ جانا ’معصیت‘ ہے اور کسی کو بھی ایسا کرنے کی اجازت نہیں۔
طالبان کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر گفتگو میں اس بیان کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سپریم لیڈر نے واقعی یہ ہدایات جاری کی ہیں۔ عہدیدار کے مطابق ہبت اللہ اخوندزادہ نے واضح کیا کہ اگر کوئی شخص اجازت کے بغیر کسی دوسری جگہ جاتا ہے تو وہ امارت اسلامیہ کا رکن نہیں اور اس حوالے سے کیے جانے والے دعوے درست نہیں۔
انہوں نے حکام کو ہدایت کی کہ ایسے افراد کو، خواہ ان کا تعلق کسی بھی عہدے یا حیثیت سے ہو، واپس بھیجا جائے۔ ہبت اللہ اخوندزادہ کا کہنا تھا کہ انہیں میدان وردک سے متعدد شکایات موصول ہوئی ہیں کہ بعض افراد احکامات کی درست طریقے سے پابندی نہیں کر رہے اور مجاہدین مختلف بہانوں سے ’جہاد کے نام پر‘ ایک جگہ سے دوسری جگہ جا رہے ہیں۔
تاہم انہوں نے میدان وردک کے طالبان جنگجوؤں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس صوبے کے مجاہدین پر بہت بھروسہ ہے کیونکہ انہوں نے بڑی تعداد میں قربانیاں دی ہیں اور مشکلات برداشت کی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق طالبان سربراہ کی جانب سے جاری کردہ تازہ ہدایت میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ آیا اس کا اطلاق افغانستان میں مبینہ طور پر موجود پاکستانی طالبان، یعنی کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے جنگجوؤں پر بھی ہوگا یا نہیں۔
پاکستان طویل عرصے سے افغان طالبان پر ٹی ٹی پی کی سرپرستی اور افغان سرزمین سے پاکستان میں سرحد پار حملوں کی اجازت دینے کے الزامات عائد کرتا رہا ہے، تاہم افغان حکام ان الزامات کی تردید کرتے ہیں۔
ہبت اللہ اخوندزادہ نے میدان وردک کے دورے کے دوران طالبان انٹیلی جنس کے سربراہ ملا عبدالحق واثق اور غزنی و زابل کے گورنروں کے ہمراہ صوبائی حکام سے ملاقاتیں بھی کیں۔ ان ملاقاتوں میں صوبے کی مجموعی صورت حال، احکامات پر عمل درآمد، باہمی ہم آہنگی اور انتظامی امور کو بہتر بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
طالبان سربراہ نے علم و تعلیم کے فروغ، علما کے احترام، انصاف کے قیام، معاشرتی اصلاح، اتحاد، اطاعت اور سکیورٹی کی مضبوطی پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ علم ہر وادی تک پہنچنا چاہیے اور علما کا احترام کیا جانا چاہیے کیونکہ نظام کی بقا اور مضبوطی کے لیے علما سے مشاورت اور علمی طبقے کی قدر ضروری ہے۔
عدالتی حکام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عدالتیں اسلامی نظام اور جہاد کے مقاصد کو عملی جامہ پہنائیں گی۔ انہوں نے دیگر اداروں کو بھی عدالتوں، امر بالمعروف و نہی عن المنکر کے محکمے اور سکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ تعاون اور ہم آہنگی برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔
دورے کے دوران ہبت اللہ اخوندزادہ نے میدان وردک میں ایک نئی جامع مسجد کا سنگ بنیاد رکھا، جس کی سابق انتظامیہ کے دور میں موجود عمارت تباہ ہو گئی تھی۔ اس کے علاوہ انہوں نے 29 جریب اراضی پر 365 ملین افغانی سے زائد لاگت سے تعمیر کیے جانے والے 200 بستروں کے ہسپتال کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔
اجلاس کا اختتام طالبان سربراہ کی جانب سے نظام اور عوام کے لیے دعا پر ہوا۔ یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب نومبر 2026 میں سامنے آنے والی رپورٹس کے مطابق ہبت اللہ اخوندزادہ نے کابل میں وزارت دفاع کے ایک اجلاس کے دوران طالبان جنگجوؤں کے اسمارٹ فونز کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کرنے کا حکم بھی دیا تھا۔
رپورٹس کے مطابق انہوں نے موبائل فونز کے استعمال کو وقت کے ضیاع اور ’فتنے‘ کا سبب قرار دیا اور وزارت دفاع کے انٹیلی جنس حکام کو اس پابندی پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی تھی۔


