میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
سچل میں فارم ہاؤس پر 15 سے زائد ڈاکوئوں کا دھاوا

سچل میں فارم ہاؤس پر 15 سے زائد ڈاکوئوں کا دھاوا

ویب ڈیسک
اتوار, ۱۰ مئی ۲۰۲۶

شیئر کریں

حملہ آوروں موجود لوگوں کو یرغمال بنا کر 5 لاکھ نقدی اور قیمتی سامان لوٹ کر فرار
حملہ آوروں کیساتھ ایک مبینہ پولیس موبائل بھی موجود تھی،متاثرہ شہری عبدالرحمٰن

(رپورٹ: افتخار چوہدری) فارم ہاؤس پر 15 سے زائد مسلح افراد نے دھاوا بول دیا اور وہاں موجود لوگوں کو یرغمال بنا کر 5 لاکھ نقدی اور قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں سچل تھانے کی حدود میں واقع ایک فارم ہاؤس پر 15 سے زائد مسلح افراد نے حملہ کردیا اور لاکھوں روپے کی نقدی اور دیگر قیمتی اشیاء لوٹ لیں۔متاثرہ شہری نے پولیس کو دی گئی درخواست میں انکشاف کیا ہے کہ حملہ آوروں کے ساتھ ایک مبینہ پولیس موبائل بھی موجود تھی۔متاثرہ شہری عبدالرحمٰن کی جانب سے سچل تھانے میں درج کرائی گئی شکایت میں کہا گیا کہ 15 سے زائد مسلح افراد فارم ہاؤس میں داخل ہوئے اور وہاں موجود عملے اور ان کے اہل خانہ کو یرغمال بنا لیا۔شہری کا کہنا تھا کہ ملزمان نے عملے کی آنکھوں پر پٹیاں باندھیں، انہیں تشدد کا نشانہ بنایا اور زبردستی اپنے ساتھ لے گئے، تاہم بعد میں سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے ہوئے انہیں چھوڑ دیا۔ملزمان فارم ہاؤس سے 5 لاکھ روپے نقد اور دیگر قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہو گئے۔درخواست گزار عبدالرحمٰن نے دعویٰ کیا ہے کہ مسلح افراد فارم ہاؤس پر قبضہ کرنے کی نیت سے آئے تھے تاہم ان کے ساتھ ایک پولیس موبائل کی موجودگی نے کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔شہری کا کہنا ہے کہ جب پولیس کی نفری مددگار 15 پر کال کے بعد موقع پر پہنچی تو ملزمان فرار ہو چکے تھے، تاہم گھبراہٹ میں حملہ آور اپنا ایک موبائل فون جائے وقوعہ پر ہی چھوڑ گئے ہیں، جو پولیس کے لیے اہم سراغ ثابت ہو سکتا ہے۔سچل پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور ملزم کے چھوڑے گئے موبائل فون اور دیگر شواہد کی مدد سے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ پولیس موبائل کی موجودگی کے الزام کی بھی تفتیش کی جا رہی ہے اور جلد ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں