سانحہ بلدیہ کیس: چار ہفتوں میں ملزمان کی گرفتاری سے متعلق رپورٹ طلب
شیئر کریں
سندھ ہائی کورٹ نے سانحہ بلدیہ کیس میں چار ہفتوں میں ملزمان کی گرفتاری سے متعلق رپورٹ طلب کر لی۔ سانحہ بلدیہ کیس کی سماعت ہوئی، اس دوران مفرور ملزمان کی عدم گرفتاری سے متعلق رپورٹ عدالت میں پیش کر دی گئی، جس میں عدالت کو بتایا گیا کہ ایم کیوایم کے مفرورملزمان کے شناختی کارڈز، پاسپورٹ بلاک کردیے گئے۔ ملزمان میں انچارج حماد صدیقی، تقی حیدراور خرم نثار شامل ہیں، عدالت نے محکمہ داخلہ کو صوبے بھر کے مفرور ملزمان کے شناختی کارڈ بلاک کرنے کا حکم دیتے ہوئے 4 ہفتوں میں ملزمان کی گرفتاری سے متعلق رپورٹ طلب کر لی۔ پیش رفت رپورٹ نہ ہونے پرعدالت نے وفاقی حکومت کے وکیل پر برہمی کا اظہار کیا، جسٹس امجد سہتو نے کہا کہ آپ بھی جا کر بیٹھ جائیں، عدالت نہ آیا کریں۔عدالت نے کہا کہ نہ ایف آئی اے کچھ کرتی ہے اور نہ آپ کچھ کرتے ہیں، ایف آئی اے والے بھی یہی کوشش کرتے ہیں، وفاق کے نمائندے بھی عدالت میں کہتے ہیں وقت دیا جائے۔