میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
بھارتی قبضے کے 79 سال مکمل، کشمیری دنیا بھر میں یومِ سیاہ منا رہے ہیں

بھارتی قبضے کے 79 سال مکمل، کشمیری دنیا بھر میں یومِ سیاہ منا رہے ہیں

جرات ڈیسک
منگل, ۲۷ اکتوبر ۲۰۲۶

شیئر کریں

مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارتی فوجی قبضے کے 79 برس مکمل ہو گئے، بھارت کے ناجائز قبضے کے خلاف لائن آف کنٹرول کے دونوں اطراف اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں کشمیری آج یوم سیاہ منا رہے ہیں۔

بھارتی جبر کے خلاف کُل جماعتی حریت کانفرنس اور دیگر آزادی پسند تنظیموں کی مقبوضہ وادی میں کال پر ہڑتال جاری ہے ، احتجاجی مظاہرے بھی کیے جا رہے ہیں۔

بھارت نے تقسیمِ برصغیر کے منصوبے کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے 27 اکتوبر 1947ء کو اپنی فوجیں سری نگر میں داخل کر کے کشمیری عوام کی امنگوں کے خلاف جموں و کشمیر پر غیر قانونی قبضہ کر لیا تھا۔

بھارت کے اس اقدام کے خلاف کشمیری ہر سال 27 اکتوبر کو یومِ سیاہ مناتے ہیں، آج یومِ سیاہ کے موقع پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں مکمل ہڑتال اور احتجاجی مظاہروں کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ دنیا کے مختلف ممالک میں مقیم کشمیری برادری بھی ریلیاں اور احتجاجی سرگرمیاں منعقد کرے گی۔

ان سرگرمیوں کا مقصد عالمی برادری سے مسئلہ کشمیر کے حل اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو حقِ خودارادیت دینے کا مطالبہ کرنا ہے۔

مظفر آباد میں یومِ سیاہ کی مناسبت سے شاہراہِ سری نگر پر کنٹرول لائن کی جانب مارچ کیا جائے گا، شرکاء ضلع جہلم ویلی کے علاقے ہٹیاں بالا میں بھارت کے خلاف احتجاج کریں گے۔

یوم سیاہ پر جاری کیے گئے پیغام میں نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ تقریباً 8 دہائیاں گزرنے کے باوجود مسئلہ کشمیر حل طلب ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ مؤثر عالمی کوششیں ناگزیر ہیں، پاکستان ہر عالمی فورم پر کشمیری عوام کی آواز بلند کرتا رہے گا۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف یومِ سیاہ پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 27 اکتوبر کو مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کا اقدام تاریخ عالم کا سیاہ باب ہے۔

مریم نواز کا کہنا ہے کہ 27 اکتوبر کے سیاہ باب کی سیاہی بھارتی قیادت کے چہرے پر نمو دار ہو رہی ہے، مسئلہ کشمیر کسی ایک ملک کا نہیں بلکہ اقوامِ عالم کا مسئلہ بن چکا۔

گورنر خیبر پختون خوا فیصل کریم کنڈی نے یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے، مسئلہ کشمیر مذاکرات سے حل ہوسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ زور بازو سے حل کرسکتے ہیں لیکن ہم اقوام متحدہ کو مانتے ہیں۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ 27 اکتوبر 1947ء کو بھارتی فوج سری نگر میں داخل ہوئی، مقبوضہ کشمیر پر بھارت کا غاصبانہ قبضہ قابلِ مذمت ہے۔

مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ کشمیری عوام کو حقِ خودارادیت سے محروم رکھنا سوالیہ نشان ہے، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔

وزیرِ اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ یومِ سیاہ کشمیر کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی اور حقِ خودارادیت کی یاد دہانی ہے، 27 اکتوبر کشمیری عوام کی تاریخ کا سیاہ دن ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان اور بلوچستان کے عوام اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، پاکستانی قوم کشمیری عوام کو اپنا بھائی اور کشمیر کو اپنی شہ رگ سمجھتی ہے۔

سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں