میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
شرح خواندگی میں سندھ دوسرے نمبر پر، شرح 58 فیصد ہوگئی

شرح خواندگی میں سندھ دوسرے نمبر پر، شرح 58 فیصد ہوگئی

جرات ڈیسک
منگل, ۲۷ اکتوبر ۲۰۲۶

شیئر کریں

صوبے میں مردوں کی شرح خواندگی 68 اور خواتین کی 47 فیصد ریکارڈ

پنجاب 68 فیصد کے ساتھ سرفہرست، ملک کی مجموعی شرح خواندگی 63 فیصد تک پہنچ گئی

پاکستان میں شرح خواندگی کے حوالے سے سندھ نے دوسری پوزیشن حاصل کرلی، جہاں مجموعی شرح خواندگی 58 فیصد ہوگئی ہے۔ صوبے میں مردوں کی شرح خواندگی 68 فیصد جبکہ خواتین کی شرح 47 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔

شرح خواندگی کے اعداد و شمار کے مطابق پنجاب 68 فیصد کے ساتھ پہلے، سندھ اور خیبر پختونخوا 58، 58 فیصد کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں، جبکہ بلوچستان 49 فیصد شرح خواندگی کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔

پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ایجوکیشن اور وزارتِ تعلیم کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ دو برسوں کے دوران ملک کی مجموعی شرح خواندگی 60 فیصد کی حد عبور کرکے 63 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔

اس پیش رفت کے باوجود صوبوں اور شہری و دیہی علاقوں میں شرح خواندگی کے حوالے سے نمایاں فرق موجود ہے۔سندھ میں مردوں کی شرح خواندگی 68 فیصد جبکہ خواتین کی 47 فیصد ہے، جو دونوں کے درمیان 21 فیصد پوائنٹس کے فرق کو ظاہر کرتی ہے۔

صوبے میں خواتین کی تعلیمی شرح میں بہتری کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت بھی ان اعداد و شمار سے نمایاں ہوتی ہے۔اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں مجموعی شرح خواندگی 68 فیصد ہے، جہاں مردوں کی شرح 75 فیصد اور خواتین کی 62 فیصد ہے۔

خیبر پختونخوا میں مجموعی شرح خواندگی 58 فیصد ریکارڈ کی گئی، جہاں مردوں کی شرح 73 فیصد جبکہ خواتین کی 43 فیصد ہے۔ بلوچستان میں مجموعی شرح خواندگی 49 فیصد ہے، جہاں مردوں کی شرح 61 فیصد اور خواتین کی 37 فیصد بتائی گئی ہے۔

ملک بھر میں شہری علاقوں کی مجموعی شرح خواندگی 74 فیصد جبکہ دیہی علاقوں میں یہ شرح 55 فیصد ہے، جس سے شہری اور دیہی آبادی کے درمیان تعلیمی سہولتوں اور مواقع کے فرق کی نشاندہی ہوتی ہے۔

پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ایجوکیشن اور وزارتِ تعلیم کے مطابق ملک بھر میں تعلیمی اداروں کی مجموعی تعداد 342,547 ہے۔ تعلیمی ماہرین اور متعلقہ اداروں کے لیے اہم چیلنج یہ ہے کہ شرح خواندگی میں اضافے کے ساتھ خواتین اور دیہی آبادی کی تعلیم پر بھی خصوصی توجہ دی جائے تاکہ تعلیمی مواقع میں موجود فرق کو کم کیا جاسکے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں