میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
آپ کے مسائل اور اُن کا حل

آپ کے مسائل اور اُن کا حل

جرات ڈیسک
جمعه, ۳۰ اکتوبر ۲۰۲۶

شیئر کریں

Qnet کمپنی سے جڑکر نفع کمانا کیسا ہے؟

سوال: میرا سوال qnet کے بارے میں ہے، پچھلے دو سال سے qnet افغانستان بھی پہنچ گیا ہے، انڈیا میں تو بہت سالوں سے ہے، کیا ان کا کاروبار جائز ہے؟ لوگوں سے پیسے لیتے ہیں اور ان کو آن لائن چیزیں بیچتے ہیں، بلکہ لوگوں کو صرف چیزوں کے تصویریں بیچتے ہیں۔ جو کوئی بھی ان سے کچھ خرید لیتا ہے ان کو دو اور آدمی لانا پڑیگا پھر ان کو اور دو دو آدمی لانے ہوں گے، انڈیا میں بہت پہلے سے ہے، آپ لوگوں کو ان کے بارے میں زیادہ معلوم ہوگا۔ برائی مہربانی ان کے بارے میں وضاحت فرمائیں۔ جزاکم اللہ خیرا
جواب: Qnet کا فل فارم اور اس معاملے کی پوری صورت حال واضح کرکے سوال کرنا چاہئے تھا، بہرحال مذکورہ شکل اگر ملٹی لیول مارکیٹنگ کی طرح ہے جس میں آدمی ممبر بن کر ممبرسازی وغیرہ کے ذریعہ کمیشن کماتا ہے اور نیچے جتنے ممبر جڑتے جاتے ہیں سب کا کمیشن اوپر والے کو بھی پہونچتا ہے اس میں فاسد شرطیں بھی ہوتی ہیں اس طرح کی کمپنیوں سے جڑنا اور نفع کمانا درست نہیں ہے۔ فقط واللہ سبحانہ وتعالیٰ اعلم

دورانِ نماز سامنے لکھی عبارت دل میں پڑھ لینے سے نماز کا حکم:

سوال: حضرت میرا سوال یہ ہے کہ اگر نماز کے دوران کسی تحریر(مثلاً کپڑے پر لکھا ہوتا ہے نائک/ ادیداس NIKE, ADDIDAS وغیرہ یا کسی کتاب کا نام مثلاً فضائل اعمال وغیرہ) پر نظر پڑے تو کیا نماز فاسد ہوجاتی ہے کیونکہ ان پر نظر پڑتے ہی انسان اس کو دل میں پڑھ لیتا ہے۔
جواب: مذکورہ بالا صورت میں ذکر کردہ کلمات کو دیکھ کر محض من میں پڑھا تھا زبان سے باقاعدہ ان کا تکلم نہیں کیا تھا تو نماز کے فساد کا حکم نہ ہوگا،البتہ بالقصد ایسا کرنا مکروہ ہے؛ اس لیے آئندہ ایسا کرنے سے احتراز کیا جائے۔ فقط واللہ سبحانہ وتعالیٰ اعلم (مراقی الفلاح، ص: 125)

چوری کا سامان پکاکر کھانا یا چوری کی بجلی سے کھانا پکانا:

سوال: کیا فرماتے ہیں مفتیان کرام مسئلہ ذیل کے بارے میں: کہ چرائے ہوئے سامان کو پکانے کے بعد اس کا کھانا حرام ہے یا نہیں؟ اسی طرح چوری کی بجلی پر بنایاہواکھانا کیسا ہے؟ حرام ہے یا نہیں؟برائے مہربانی باحوالہ جواب عنایت فرمائیں۔
جواب: چوری کا مال کھانا مطلقاً حرام ہے چاہے پکانے سے پہلے ہو یا پکانے کے بعد۔ اسی طرح چوری کی بجلی سے کھانا پکانا بھی ناجائز ہے اس سے احتراز کرنا چاہئے۔ فقط واللہ سبحانہ وتعالیٰ اعلم

گاہک کو سامان کی دکان پر لے جانے کا کمیشن لینا:

سوال:حضرت میں گاڑی سروس کا کام کرتا ہوں، گاڑی کا سامان دلوانے کے لیے گراہک کو سامان کی دکان پر لے کر جاتا ہوں جس میں میرا وقت بھی خرچ ہوتا ہے اورگاڑی کا پیٹرول بھی جلتا ہے،میں اس صورت میں دکان دار سے کمیشن لیتا ہوں تو کیا یہ کمیشن میرے لیے جائز ہے؟
جواب: اگر آپ گاہک کو گاڑی کا سامان دلوانے کے لیے دکان پر لے جاتے ہیں، جس میں آپ کا وقت اور محنت خرچ ہوتی ہے اور سامان دلوانے میں آپ کسی طرح کے دجل اور دھوکہ سے کام نہیں لیتے؛ بلکہ گاہک کو اچھا سامان دلوانے میں امانت داری سے کام لیتے ہیں، تو آپ کے لیے دکاندار سے متعینہ کمیشن لینے کی گنجائش ہے۔ فقط واللہ سبحانہ وتعالیٰ اعلم

کشف کسے کہتے ہیں اور اس کا کیا حکم ہے؟

سوال: کیا یہ عقیدہ رکھنا جائز ہے کہ کسی کو دل کا الہام بھی ہو سکتا ہے؟ یہ عقیدہ شرک تو نہیں؟
جواب: کثرتِ ریاضت و مجاہدہ سے یا باطن کی صفائی اور تقویٰ کی برکت سے بعض مرتبہ کچھ مخفی احوال واضح ہوجاتے ہیں، اسی کو کشف کہتے ہیں، اس سے حاصل ہونے والا علم محض ظنی ہے ، اگر وہ قواعد شرعیہ کے مطابق ہوگا تو وہ قابل عمل ہوگا ورنہ واجب الترک ہے ۔ واضح رہے کہ کشف کے لیے ولایت شرط نہیں ہے؛ بلکہ ایمان بھی شرط نہیں ہے ، کافر کو بھی مجاہدہ کے نتیجے میں بسااوقات امر مخفی کا علم ہوجاتا ہے ۔ ‘‘کشف’’ کے بارے میں مذکورہ بالا امور کا اعتقاد شرک نہیں ہے ۔ فقط واللہ سبحانہ وتعالیٰ اعلم

بینک ملازم کے گھر کھانا کھانا:

سوال: میری بہن کے شوہر بینک میں کام کرتے ہیں اور میں شادی شدہ بھی نہیں ہو ں اس لیے گھروالوں کے ساتھ کھانا پڑتاہے۔پہلے پہل تو بہانہ بنا دیتی تھی لیکن اب گھر کی عورتوں کو معلوم ہو گیا اور بہن بھی ناراض ہوتی ہے،رہنمائی کریں۔ جزاکم اللہ خیرا
جواب: اگر غالب آمدنی بینک ملازمت سے حاصل شدہ ہے تو آپ حسب سابق احتراز کرتی (بچتی) رہیں، البتہ کبھی کچھ کھانا پڑگیا یا مجبوری سے کوئی تحفہ وغیرہ لینا پڑگیا تو س کی قیمت کے بقدر رقم یا کوئی سامان کسی تدبیر سے ان کو واپس کردیں یا گھر بھیجوادیں۔ فقط واللہ سبحانہ وتعالیٰ اعلم

سہاگ رات سے پہلے ولیمہ کرنا:

سوال: نکاح کے فوری بعد، مثلا نکاح صبح گیارہ بجے ہوگیا اور اسی دن ظہر کے بعد ولیمہ کی دعوت کی گئی توسنتِ ولیمہ ادا ہوگی یا نہیں؟ یا ولیمہ کی سنت ادا ہونے کے لئے میاں بیوی کے درمیان یکجائی ضروری ہے؟
جواب: ولیمہ کا اصل اور بہتر وقت زوجین کی ملاقات کے بعد ہے،تاہم اگر نکاح کے بعد زوجین کی ملاقات سے پہلے ولیمہ کی دعوت کردی جائے تو اس سے بھی ولیمہ کی سنت ادا ہوجائے گی۔ فقط واللہ سبحانہ وتعالیٰ اعلم

اَیپ میں نیا اکاؤنٹ بنانے پر بطور تحفہ رقم ملنا :

سوال: کچھ موبائل پہ شاپنگ ایپس اور نیا اکاؤنٹ بنانے پر کچھ روپے تحفہ کے طور پر دیئے جاتے ہیں جن سے ہم سامان خرید سکتے ہیں نہ ہی انہیں نکال سکتے ہیں نہ ہی یہ بڑھتے ہیں۔ میرا سوال یہ ہے کہ ان سے سامان خریدنا جائز ہوگا یا نہیں؟ اور اگر جائز نہیں ہے تو اور پہلے اس سامان خریدا ہو تو کیا حکم ہوگا؟
جواب: نیا اکاؤنٹ بنانے پر بطور تحفہ جو روپے ملتے ہیں ان کو اپنے استعمال میں لانا جائز ہے کیونکہ اس میں قمار یا سود کی کوئی بات نہیں ہے۔ فقط واللہ سبحانہ وتعالیٰ اعلم
٭٭٭


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں