میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
آپ کے مسائل کا حل اسلام کی روشنی میں

آپ کے مسائل کا حل اسلام کی روشنی میں

منتظم
جمعرات, ۵ جنوری ۲۰۱۷

شیئر کریں

مفتی غلام مصطفی رفیق
رابطہmasail.juraat@gmail.com:
فجر کی سنتوں کی قضا کاحکم
سوال:عموماً فجرمیں آنکھ نہیں کھلتی دیر ہوجاتی ہے ،اٹھ کرغسل وغیرہ کرکے فجر ادا کرتا ہوں کیااس صورت میں فرض کے ساتھ سنت بھی پڑھ سکتاہوں فجر کی؟
جواب:حدیث شریف میں فجرکی سنتوں کی بہت زیادہ تاکیدآئی ہے،اس لئے اگرکسی شخص سے فجرکی نمازقضاہوجائے اور دوپہر کو زوال کے وقت سے پہلے پہلے وہ فجرکی قضا اداکررہاہوتواس صورت میں دورکعت فرض کے ساتھ دوسنتیں بھی اداکرے گا اور اگرزوال کے وقت سے پہلے نمازفجرادانہ کرسکاتوبعدمیں صرف فرض پڑھے جائیں گے،سنتیں نہیں ۔ (صحیح مسلم،باب قضاءالصلوة الفائتة، 1/238، ط:قدیمی کراچی-تبیین الحقائق ،باب ادراک الفریضة، 1/183، ط: امدادیہ- فتاویٰ ہندیہ، کتاب الصلوة، الباب التاسع فی النوافل، 1/112، ط: رشیدیہ)
باربار عمرہ کرنے کی
صورت میں حلق کا حکم
سوال:میں چنددن بعد عمرہ پرجارہاہوں ، میرا سوال یہ ہے کہ جب ایک دفعہ عمرہ مکمل ہوگیا اور سرحلق بھی کروا دیااب دوبارہ عمرہ کرنے کی صورت میں حلق کیسے کریں گے؟
جواب:ہرعمرہ کے بعد حلق کراناضروری ہے،اگرایک بارعمرے کی ادائیگی کرکے حلق کرواچکے ہوں تواس کے بعد دوبارہ عمرہ کی ادائیگی مکمل کرکے سر پرصرف استرہ پھیردیاجائے یہی حلق کے قائم مقام ہوگا۔(فتاویٰ عالمگیری،کتاب الحج،الباب الخامس فی کیفیة اداءالحج، 1/231، ط: رشیدیہ)
گردن کے مسح کا حکم
سوال:بعض لوگ گردن کامسح کرتے ہیں اور کچھ منع کرتے ہیں ،کیاگردن کا مسح ہے یانہیں؟
جواب:گردن(گدّی)پر مسح کرنا مستحب ہے،اس کاانکار درست نہیں،البتہ گلے (گردن کے اگلے حصہ جسے حلقوم کہتے ہیں) پر مسح کرناسنت سے ثابت نہیں،گلے پرمسح کرنے کو فقہاءنے بدعت لکھاہے۔(فتاویٰ شامی ، کتاب الطھارة،مستحبات الوضوئ، 1/124، ط: ایچ ایم سعید)
عروہ نام کامعنی
سوال:عروة نام کامطلب بتادیں ،اور یہ نام رکھناکیساہے؟
جواب:عروة کے معنی”برتن کاقبضہ،حلقہ، مضبوط گرفت،قابل اعتمادچیز“ کے ہیں، یہ نام رکھنادرست ہے، حضرت عروہ بن مسعودثقفی رضی اللہ عنہ مشہورصحابی کانام تھا۔(القاموس الوحید،ص:1075،ط:ادارہ اسلامیات لاہور)
سر درد دورکرنے کاوظیفہ
سوال:آدھے سرکادردرہتاہے ،براہِ کرم کوئی وظیفہ بتادیں۔
جواب:نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے دردِ سرمیں مندرجہ ذیل دعاکاپڑھنامنقول ہے: ”بِس±مِ اللّٰہِ ال±کَبِی±رِ ، اَعُو±ذُ بِاللّٰہِ ال±عَظِی±مِ مِن± شَرِّ کُلِّ عِر±قٍ نَعَّارٍ وَمِن± شَرِّ حَرِّ النَّارِ“اس کے پڑھنے کااہتمام کریں۔ نیز اکیس مرتبہ ”بسم اللہ الرحمن الرحیم“لکھ کر درد والے کے گلے میں یاسرپرباندھ لیں توان شاءاللہ سرکادردجاتارہے گا۔(جواہرالفقہ،احکام و خواص بسم اللہ، 2/189،ط:مکتبہ دارالعلوم کراچی-اسوہ¿ رسول اکرم ،ص:328،ط:مکتبہ عمر فاروق کراچی)
پختہ دیوار پر تیمم کرنے کاحکم
سوال:دیوار پرپلسترہواہوتواس پرتیمم کر سکتے ہیں یانہیں؟
جواب:جس دیوار پرپلسترہواس پربھی تیمم کرسکتے ہیں۔ (فتاویٰ شامی،باب التیمم، 1/236، ط:ایچ ایم سعید)
قسطوں پرخریدوفروخت کرنا
سوال:آج کل بازار میں کئی چیزیں قسطوں پر مل جاتی ہیں ، اوراس میں رقم کی ادائیگی میں سہولت بھی ہوتی ہے،کچھ رقم نقدکے مقابلے میں زیادہ لی جاتی ہے۔کیااس طرح قسطوں پرکوئی چیزخریدناجائزہے؟
جواب:قسطوں پرکسی چیز کا خرید نا جائز ہے، نیزقسطوں پرخریداری کی صورت میں نقد کی بہ نسبت کچھ زائدقیمت مقرر کرنابھی درست ہے۔شرط یہ ہے کہ اس چیزکی کل قیمت اور ماہانہ اقساط بھی شروع میں ہی متعین کردی جائیں، بعد میں قیمت میں کسی قسم کا اضافہ نہ کیاجائے اور نہ ہی قسطوں کی ادائیگی میں تاخیرکی صورت میں کوئی اضافی رقم (جرمانہ وغیرہ)وصول کیا جائے۔ (فتاویٰ شامی، 5/142، ط:ایچ ایم سعید-شرح المجلة لرستم باز،ص:124، ط: کوئٹہ)


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں