آپ کے مسائل اور اُن کا حل
شیئر کریں
کسی صحابی کے نام پر دروازے کا نام رکھنا :
سوال : ایک سوال ہے کہ کسی صحابی کے نام پر کسی دروازے کا نام رکھنا کیسا ہے؟ براہ کرم مدلل جواب ارسال فرمائیں۔
جواب: تعارف و امتیاز یا تبرک کے طور پرکسی عمارت، دروازہ وغیرہ کو صحابہ و صالحین کے نام سے موسوم کرنے میں شرعاً کوئی حرج نہیں ہے، اسلاف سے اس پر کوئی نکیر منقول نہیں ہے؛ البتہ اس بات کا لحاظ رکھنا ضروری ہے ،کسی ایسی جگہ میں یہ نام نہ استعمال کیے جائیں جس سے ان کے نام کی بے ادبی یا بے وقعتی مترشح ہو۔واللہ تعالیٰ اعلم
اگر زیور یا پلاٹ اولاد کو ہبہ کردیا جائے تو…!
سوال: 1۔ اگر زیور کسی اولاد (بالغ بیٹی اور نابالغ بیٹی) کے نام مختص کر دیا جائے اور اسے استعمال بھی نہ کیا جائے، تو ایسی صورت میں زکوٰۃ کے معاملے میں کیا حکم ہے؟ کیا والدین کو پھر بھی اس کی زکوٰۃ ادا کرنی ہوگی؟
سوال: 2۔ ایک پلاٹ جو نقد خرید کر اپنی 15 سالہ بالغ بیٹی کے نام مختص کر دیا گیا ہو اور اسے اپنے استعمال میں لانے کا ارادہ نہ ہو، تو کیا اس پر زکوٰۃ بنتی ہے؟ کیا والدین کو اس پلاٹ کی زکوٰۃ ادا کرنی ہوگی؟
سوال: 3۔ ایک پلاٹ جو کہ قسطوں پر لیا جا رہا ہو، اور اسے ایک 2 سالہ بیٹی کے نام مختص کر دیا جائے اور اپنے استعمال کے لیے نہ رکھا جائے، تو کیا اس کی زکوٰۃ والدین کو ادا کرنی ہوگی؟
جواب: (1) اگر بچی نابالغ ہے اور والد زیور ہبہ کرکے بطور ولی والد اپنے ہی قبضے میں رکھے یا والدہ نے زیور ہبہ کرکے والد کے حوالے کردیا تو نابالغہ بچی اس کی مالک ہوگئی، اور چونکہ نابالغہ کے مال میں زکوٰۃ نہیں ہے؛ اس لیے نابالغہ لڑکی یا والدین پر اس کی زکوٰۃ لازم نہ ہوگی؛ البتہ اگر زیور بالغہ لڑکی کے حوالے کرکے اس کا مالک بھی بالغہ لڑکی کو دیدیا اور زیور اتنی مقدار میں ہے کہ اس پر زکوٰۃ واجب ہو یا زیور کے علاوہ اموال زکوٰۃ روپے وغیرہ اس کی ملک میں ہیں جن کی مالیت نصاب کے بقدر ہے تو حولان حول کے بعد اس کی زکوٰۃ لڑکی پر واجب ہوگی، اگر والدین لڑکی کی اجازت سے خود ہی زکوٰۃ ادا کردیں تو بھی زکوٰۃ ادا ہوجائے گی۔
(2) اگر اس پلاٹ کو بالغہ لڑکی کے نام مختص کرنے کے بعد اس کا مالک وقابض بھی بالغہ لڑکی کو بنادیا جائے تو اس پلاٹ پر زکوٰۃ واجب نہیں ہوگی۔
(3) اگر وہ پلاٹ نابالغہ کے نام مختص کردیا جائے تو اس کی زکاۃ واجب نہ ہوگی، نہ بچی پر نہ اس کے والدین پر۔
چاندی کی انگوٹھی میں کونسا پتھر پہننا چاہئے؟
سوال : میرا سوال پتھر کے ساتھ چاندی کی انگوٹھی پہننے کے بارے میں ہے۔
1) مجھے اس چاندی کی انگوٹھی میں کون سا پتھر پہننا چاہئے؟
2) پتھر میری تاریخ پیدائش کے مطابق ہونا چاہیے۔
3) ہمارے نبی محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے کون سا پتھر پہنا تھا؟
(1،2،3) چاندی کی انگوٹھی میں نگینے کے طور پر کوئی قیمتی پتھر عقیق، یاقوت وغیرہ پہن سکتے ہیں، وہ پتھر، تاریخ پیدائش کے مطابق ہونا لازم نہیں، علامہ شامی رحمہ اللہ نے الافکار کے حوالے سے لکھا ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے عقیق پتھر استعمال کیا ہے اور فرمایا ہے کہ عقیق پہنو کیونکہ یہ مبارک ہے۔واللہ تعالیٰ اعلم
کیا ایسی فلمیں دیکھنا کفر ہے جس میں مردہ کوزندہ کیا جاتا ہے؟
سوال : فلمیں دیکھنا حرام ہے لیکن آج کل سائنس کے بارے میں کچھ فلمیں آتی ہیں جن میں وہ مستقبل میں جا کر ٹائم مشین کی مدد سے ماضی کو ٹھیک کر کے مردہ انسان کو زندہ کر دیتی ہیں۔ لیکن ہدایت کار فلموں کے تعارف میں یہ بھی لکھتے ہیں کہ یہ سب افسانہ ہے سچ نہیں۔ اور یہ فلمیں سائنس فکشن (حقیقی نہیں) کیٹیگری کے بارے میں ہیں۔ جسے ہم سب افسانہ بھی سمجھتے ہیں (حقیقی نہیں)۔
1۔ کیا ایسی فلمیں دیکھ کر کوئی شخص کافر ہو جائے گا کیونکہ کوئی مردہ کو زندہ نہیں کر سکتا اور اس کے ماضی میں بھی نہیں جا سکتا تاکہ وہ اپنا مستقبل ٹھیک کر سکے۔ اور علاء الدین جیسی فلمیں بھی ہیں جن میں ایک جن ہے جو آپ کی تین خواہشات پوری کر سکتا ہے۔ کیا اس قسم کی فلمیں دیکھنا شرک ہے یا نہیں؟ لیکن، ہم اس قسم کی فلمیں صرف تفریح کے لیے دیکھتے ہیں، ہم سب جانتے ہیں کہ یہ سچ نہیں ہے اور حقیقی زندگی میں ایسا کبھی نہیں ہوگا۔
2۔ تو ایسی فلمیں اگر ہم اس یقین کے ساتھ دیکھیں کہ یہ سب فلموں میں ہوتا ہے تو وہ کافر ہو جائے گا یا نہیں؟ اور دیکھنے والے بھی لطف اندوز ہوتے ہیں۔ لیکن صرف فلمی مقصد کے ساتھ۔ اور دیکھنے والوں کا کفر کا ارادہ نہیں ہوتا۔ میں نے سنا ہے کہ بندہ اسی وقت کافر ہوتا ہے جب وہ کفر اور عقیدہ کا ارادہ رکھتا ہو۔ لیکن جب ہم فلمیں دیکھتے ہیں تو ہمارا کفر کی نیت نہیں ہوتی اور یہ فلمیں مختلف ہوتی ہیں۔ فلموں میں وہ کچھ بھی کر سکتے ہیں لیکن ہم اسے صرف فلموں کی منطق کے طور پر قبول کرتے ہیں حقیقت نہیں۔ ‘ایسا اصلی میں کہا ہو سکتا ہے یہ تو بس فلموں میں ہوتا ہے۔ یہ سوال بہت اہم ہے، آج کل تمام نوجوان اس طرح کی فلمیں دیکھتے ہیں۔ اس بارے میں آپ کی کیا رائے ہے کیونکہ فحش دیکھنا فلموں سے کہیں بہتر ہے۔ میرا اصل سوال یہ ہے کہ اس قسم کی فلمیں دیکھنے سے دیکھنے والا کافر ہو جاتا ہے یا نہیں جبکہ اس کی نیت اور عقیدہ نہیں ہوتا؟وہ اسے صرف فلموں کی طرح لیتا ہے؟
جواب: ایسی فلمیں دیکھنا کفر و شرک تو نہیں ہے، ایسی فلمیں دیکھنے سے دیکھنے والا مسلمان کافر نہ ہوگا، لیکن کمزور ایمان والے اگر ایسی فلمیں دیکھنے کے عادی ہوگئے تو ان کا عقیدہ کفر و شرک تک پہنچ جائے گا، اور بعد میں کافر ہی ہوجائے گا۔ کھیت کے پاس جب کوئی جانور گھاس چرتا ہے تو پھر کھیت میں ہی چرنے لگتا ہے۔ لہٰذا ایسی خطرناک فلموں کا دیکھنا ہرگز جائز نہیں، ایسی فلم سے دور رہنا چاہئے۔ واللہ تعالیٰ اعلم
گاہک کو سامان کی دکان پر لے جانے کا کمیشن لینا کیسا ہے؟
سوال: حضرت میں گاڑی سروس کا کام کرتا ہوں، گاڑی کا سامان دلوانے کے لیے گراہک کو سامان کی دکان پر لے کر جاتا ہوں جس میں میرا وقت بھی خرچ ہوتا ہے اورگاڑی کا پیٹرول بھی جلتا ہے ،میں اس صورت میں دکان دار سے کمیشن لیتا ہوں تو کیا یہ کمیشن میرے لیے جائز ہے؟
جواب: اگر آپ گاہک کو گاڑی کا سامان دلوانے کے لیے دکان پر لے جاتے ہیں ، جس میں آپ کا وقت اور محنت خرچ ہوتی ہے اور سامان دلوانے میں آپ کسی طرح کے دجل اور دھوکہ سے کام نہیں لیتے؛ بلکہ گاہک کو اچھا سامان دلوانے میں امانت داری سے کام لیتے ہیں، تو آپ کے لیے دکاندار سے متعینہ کمیشن لینے کی گنجائش ہے ۔ واللہ تعالیٰ اعلم
کیا حائضہ عورت کسی میت عورت کو غسل دے سکتی؟
سوال : کیا کوئی عورت جو حالت حیض میں ہو تو کیا وہ کسی عورت کی میت غسل دے سکتی ہے ؟
جواب: اگر حیض سے پاک عورت موجود ہو تو اس کو چاہئے کہ میتہ عورت کو غسل دے، حیض والی عورت کو غسل نہیں دینا چاہئے یہ مکروہ ہے، ہاں اگر کوئی اور غسل دینے والی موجود نہ ہو تو ایسی مجبوری میں غسل دینے کی گنجائش ہے۔واللہ تعالیٰ اعلم
٭٭٭


