میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
ساقی پھر بھول گیا

ساقی پھر بھول گیا

جرات ڈیسک
هفته, ۲۱ نومبر ۲۰۲۶

شیئر کریں

آج جب صحافتی سفر پر نظر ڈالتا ہوں تو ایک عجیب سا احساس ہوتا ہے ۔ یوں لگتا ہے جیسے میری زندگی کا ایک ہی باب بار بار لکھا جا رہا ہے۔ کردار بدل جاتے ہیں، ادارے تبدیل ہو جاتے ہیں، دفتروں کی عمارتیں اور ان کے در و دیوار نئے ہو جاتے ہیں، لیکن کہانی کا انجام ہمیشہ ایک جیسا رہتا ہے ۔ سوچتا ہوں کہ آخر یہ محض اتفاق ہے؟ قسمت کا کوئی عجیب کھیل ہے ؟ یا واقعی میں اس زمانے کا انسان نہیں ہوں؟ شاید میری طبیعت، میری سوچ، میرے اصول اور اس دنیا کے تقاضے ایک دوسرے سے میل نہیں کھاتے ۔ کبھی کبھی مجھے اپنے آپ پر بھی شک ہونے لگتا ہے ۔ شاید مجھ میں ہی کوئی ایسی خامی ہے جو مجھے زمانے کے مزاج سے ہم آہنگ نہیں ہونے دیتی۔ شاید میں نے زندگی کے کچھ اصول ایسے پکڑ رکھے ہیں جن کی اب کوئی وقعت نہیں رہی۔ شاید میں آج بھی لفظوں کی حرمت، وعدوں کی پاسداری، تعلقات کی سچائی اور محنت کی عظمت پر یقین رکھتا ہوں، جبکہ زمانہ ان سب چیزوں کو پرانی الماریوں میں رکھ کر آگے نکل چکا ہے ۔

یہ بھی ممکن ہے کہ میں اس فن سے ناواقف ہوں جسے آج کل کامیابی کی ضمانت سمجھا جاتا ہے ۔ مجھے لوگوں کے چہروں پر چڑھے ہوئے نقاب پڑھنے نہیں آتے ، نہ ہی میں ہر بدلتے موسم کے ساتھ اپنا رنگ بدلنے کا ہنر سیکھ سکا ہوں۔ میں نے شاید یہ غلطی کی کہ اداروں کو محض روزگار کی جگہ نہیں بلکہ اپنی پیشہ ورانہ شناخت اور وابستگی کا حصہ سمجھتا رہا۔ اب تو مجھے یوں محسوس ہونے لگا ہے جیسے زندگی کی محفل میں میرا نام تو لکھا ہوا ہے ، مگر میرے حصے کا جام ہمیشہ کسی اور کو دے دیا جاتا ہے ۔ میں ہر نئی محفل میں اس امید کے ساتھ شریک ہوتا ہوں کہ شاید اس بار میری باری بھی آ جائے ، شاید اس بار میری موجودگی کو محسوس کیا جائے ، شاید اس بار میری محنت اور تجربے کا اعتراف ہو جائے ، لیکن عین وقت پر کوئی ایسا فیصلہ آ جاتا ہے جو مجھے پھر انتظار کی سولی پر لٹکا دیتا ہے ۔

کمال کی بات ہے کہ میں نے کبھی کسی سے اضافی حصہ نہیں مانگا۔ نہ کسی کے حصے کا جام چھینا، نہ محفل میں اپنی جگہ بنانے کیلئے کسی کو دھکا دیا۔ بس اپنی باری کا منتظر رہا۔ مگر لگتا ہے کہ اس محفل کے آداب ہی کچھ اور ہیں۔ یہاں کبھی سفارش کا جام پہلے پیش کیا جاتا ہے ، کبھی خوشامد کا، کبھی تعلقات کی چاشنی رکھنے والوں کی خاطر تواضع ہوتی ہے اور کبھی محنت کرنے والا اپنی باری کا انتظار کرتے کرتے محفل سے رخصت کر دیا جاتا ہے ۔عجیب اتفاق ہے کہ اٹھائیس برس میں بہت کچھ سیکھا، بہت سے لوگوں کے ساتھ کام کیا، کئی اداروں کے عروج و زوال دیکھے ، لیکن شاید ایک ہنر نہیں سیکھ سکا، اپنے آپ کو ہر نئے موسم کے مطابق تبدیل کرنے کا ہنر۔ میں نے ہمیشہ سمجھا کہ انسان کی اصل پہچان اس کا کام، اس کا کردار اور اس کی قابلیت ہے ۔ اب معلوم ہوتا ہے کہ دنیا میں قابلیت کے علاوہ بھی بہت سے پیمانے ہیں، جنہیں میں آج تک سمجھنے سے قاصر ہوں۔

سو اب ایک بار پھر اسی مقام پر کھڑا ہوں جہاں زندگی مجھے پہلے بھی کئی مرتبہ لا کھڑا کر چکی ہے ۔ ایک اور ادارہ، ایک اور فیصلہ، ایک اور ڈاؤن سائزنگ اور ایک بار پھر میرا نام۔ اٹھائیس برس کا تجربہ اپنی جگہ، گزری ہوئی زندگی کی محنت اپنی جگہ، مگر نتیجہ وہی پرانا ہے ۔ شاید میری زندگی کا کیلنڈر بدلتا رہتا ہے ، مگر قسمت کی تاریخ نہیں بدلتی، سوچتا ہوں کہ اس سارے قصے میں قصور کس کا ہے ؟ میرا، میری قسمت کا یا اس نظام کا جو انسان کو اس کی برسوں کی خدمات سے نہیں بلکہ ایک فہرست میں درج نام سے پہچانتا ہے ؟ تاہم ایک بات طے ہے ، میں اپنی ذات کو ہر بار کٹہرے میں کھڑا نہیں کر سکتا۔ ہر محرومی نااہلی کا ثبوت نہیں ہوتی اور ہر انتخاب قابلیت کا اعتراف نہیں ہوتا۔ بعض اوقات فیصلے ایسے بھی ہوتے ہیں جن میں انسان کی قدر کا تعین کرنے کے بجائے صرف اعداد و شمار کا حساب لگایا جاتا ہے ۔ اب میں نے بھی خود کو سمجھانا شروع کر دیا ہے کہ ہر بار شکست کھانے والا انسان شکست خوردہ نہیں ہوتا۔ بعض لوگ حالات سے ہار جاتے ہیں، مگر اپنے اندر کے انسان کو ہارنے نہیں دیتے ۔ میں بھی شاید انہی لوگوں میں سے ہوں۔ میرے پاس اب بھی قلم ہے ، لفظ ہیں، سوچ ہے اور زندگی کو نئے زاویوں سے دیکھنے کی خواہش ہے ، خواب زندہ ہیں،امید کا دامن نہیں چھوڑا ملازمت چھن سکتی ہے ، مگر لکھنے کا ہنر کون چھین سکتا ہے ؟

البتہ ایک چھوٹی سی خواہش اب بھی باقی ہے ۔ کبھی تو ایسا ہو کہ کسی محفل میں میرا نام بھی آخر تک موجود رہے ۔ کبھی تو کوئی فہرست ایسی بنے جس میں میرا نام نکالنے کے بجائے شامل رکھنے کی وجہ تلاش کی جائے ۔ کبھی تو کسی ساقی کو خیال آئے کہ اس محفل میں ایک شخص ایسا بھی ہے جو برسوں سے اپنی باری کا منتظر ہے ۔ میں زمانے سے ناراض نہیں، بس اس کی ترجیحات پر حیران ہوں۔ مجھے نہ کسی سے مقابلہ کرنا ہے ، نہ کسی سے اپنا حصہ چھیننا ہے ۔ بس اتنی سی خواہش ہے کہ زندگی کی محفل میں کبھی مجھے بھی فراموش نہ کیا جائے ۔

پینے کا شوق ہے نہ رندوں سے کوئی گلہ
دکھ تو اس بات کا ہے ، آج پھر بھول گیا ساقی مجھے


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں