میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
امریکی خفیہ اداروں کا حساس ڈیٹا چوری کرکے ڈارک ویب پر فروخت کرنے والا پاکستانی شہری کراچی سے گرفتار

امریکی خفیہ اداروں کا حساس ڈیٹا چوری کرکے ڈارک ویب پر فروخت کرنے والا پاکستانی شہری کراچی سے گرفتار

جرات ڈیسک
جمعه, ۲۰ نومبر ۲۰۲۶

شیئر کریں

ملزم کے لیپ ٹاپ سے ایف بی آئی، سی آئی اے، امریکی محکمہ دفاع اور دیگر اداروں کا حساس ڈیٹا برآمد، وصولیاںکرپٹو کرنسی کے ذریعے کرتا تھا،این سی سی آئی اے

……………….

نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کراچی نے بین الاقوامی انٹیلی جنس ادارے کی اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے امریکی خفیہ اداروں سمیت مختلف ممالک کے حساس سرکاری ڈیٹا کی چوری اور فروخت میں مبینہ طور پر ملوث پاکستانی نوجوان کو گرفتار کرلیا۔ ملزم کو منظور کالونی کے قریب سے سخت نگرانی کے بعد حراست میں لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق متعلقہ بین الاقوامی ایجنسی 2023 سے ملزم کی سرگرمیوں پر نظر رکھے ہوئے تھی۔ ملزم مبینہ طور پر مختلف ممالک کے انٹیلی جنس اہلکاروں کی اصل شناخت، خفیہ ناموں اور حساس معلومات تک غیر قانونی رسائی حاصل کرکے ڈارک ویب کے ذریعے فروخت کرتا تھا۔

این سی سی آئی اے حکام کے مطابق گرفتار ملزم ٹیلی گرام پر ”گوتھم” کے نام سے اکاؤنٹ چلا رہا تھا، جبکہ آن لائن دنیا میں وہ ”ڈی پی بروس” کے نام سے بھی سرگرم تھا۔ ملزم ڈارک ویب سے حاصل کردہ حساس معلومات مختلف ذرائع کو فروخت کرکے مالی فائدہ حاصل کرتا تھا۔

این سی سی آئی اے کراچی زون کے ایڈیشنل ڈائریکٹر شہزاد اکبر نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزم امریکی اداروں کا حساس ڈیٹا غیر قانونی طور پر حاصل کرنے اور فروخت کرنے میں ملوث تھا۔

چوری شدہ معلومات میں امریکی تحقیقاتی اداروں ایف بی آئی اور سی آئی اے کے علاوہ امریکی محکمہ خارجہ، محکمہ دفاع اور مختلف پولیس محکموں کا ڈیٹا بھی شامل ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔حکام کے مطابق ملزم بٹ کوائن سمیت مختلف کرپٹو کرنسیوں کے ذریعے ادائیگیاں وصول کرتا تھا۔

کارروائی کے دوران اس کا لیپ ٹاپ قبضے میں لیا گیا، جس کے ابتدائی فرانزک معائنے میں متعدد ڈیٹا بیس اور فائلیں برآمد ہوئی ہیں۔ لیپ ٹاپ سے امریکی سرکاری اداروں اور قانون نافذ کرنے والے محکموں سے متعلق حساس معلومات بھی ملنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

تحقیقاتی حکام کے مطابق ملزم فوڈ ڈیلیوری کا کام بھی کرتا تھا، جبکہ اس کی شناخت آئی پی ایڈریسز کی مدد سے کی گئی۔ اس کے جسم پر موجود مختلف ٹیٹوز سمیت سائبر جرائم سے متعلق دیگر شواہد بھی تحقیقات کا حصہ بنائے گئے ہیں۔

این سی سی آئی اے نے ملزم کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ نمبر 125/2026 درج کرلیا ہے، جبکہ برآمد ہونے والے ڈیجیٹل مواد کی مزید فرانزک جانچ اور تفتیش جاری ہے۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر شہزاد اکبر نے کہا کہ این سی سی آئی اے کراچی سائبر جرائم، حساس معلومات کی چوری اور چوری شدہ ڈیٹا کی غیر قانونی خرید و فروخت کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے گی۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں