مسٹر یوٹرن بلاول اپنے سائے سے روبرو!
شیئر کریں
مسٹر یوٹرن پریس کلب میں اپنے سائے سے روبرو، ایک عام شہری اور تاحیات استثنیٰ رکھنے والے صدر کے درمیان کسی اُدھیڑ بُن کے شکار نہ رہے ہوں گے، یہ دو دنیاؤں کے الگ الگ لوگ ہیں، جہاں آئینی مساوات کا کوئی سوال کھڑا ہی نہیں رہ سکتا، ستائیسویں ترمیم کہاں۔ ایک سیاسی جماعت صرف ایک سال بعد اپنے ہی حمایت یافتہ آئینی ڈھانچے اور پورے سیاسی بندوبست پر سوال اُٹھائے تو عوام کو پوچھنے کا حق ہے کہ یہ کسی بصارت وبصیرت کا نتیجہ ہے یا کسی بندگلی پر پہنچنے اور مفادات پر ضرب کا خوف !کہیں ایک سرگوشی بھی ہے، کٹھ پتلیوں کے کردار بھی بدلا کرتے ہیں، کیا نہیں؟
بلاول بھٹو کو نئے صوبوں کے شور میں ہی یہ کیوں معلوم ہوا کہ مخصوص نشستوں پر ہاتھ صاف کیے گئے تھے، یہ تو اپوزیشن کی تھیں۔ حیرت ہے تحریک انصاف بھی اب یہ مطالبہ نہیں کرتی مگر بلاول بھٹو بول اُٹھے کہ مخصوص نشستیں تحریک انصاف کو واپس لوٹانی چاہئے۔ مسٹر یو ٹرن کیا آپ مخصوص نشستوں کے مقدمے میں حکومتی مؤقف کے حامی نہ تھے۔ اور ان کی بندر بانٹ سے فائدہ اٹھانے والوں میں شامل نہ تھے۔ عوام کا سوال بہت سادہ ہے ۔اگر نشستیں اپوزیشن کا حق تھیں تو قانونی آڑ لے کر اُسے ہڑپ کیوں لیا گیا؟ اور اگر حکومت کا موقف درست تھا تو پھر آج یہ غل غپاڑہ کیوں؟ یہ سوال دو مختلف ادوار کے الگ الگ مؤقف کے درمیان خود بخود پیدا ہو جاتا ہے۔ہو سکتا ہے یہ پاکستان کے اندر سیاسی اصلاح کی جانب پہلا قدم ثابت ہو اور ہر جماعت اپنے ماضی کے فیصلوں کے لیے ایک الگ وضاحتی دفتر قائم کر دے۔ ایسا ہو تو مسٹر یوٹرن بلاول بھٹو کے دفتر میں تو خاصی مصروفیت رہے گی۔
مسٹر یوٹرن کی یادداشت سے محو آئین ،ریفرنڈم کا نام سن کر جلدجلد بیدار ہو گیا ہے۔ری سیٹ کی تھاپ پر نئے صوبوں کی دھمال ہے اور یہ نیا نویلا آئین کا واویلا!‘غضب ’کی آنکھیں سب کو گھور رہی ہیں، وفاقی وزراء ریفرنڈم میں پناہ ڈھونڈ رہے ہیں،صوبائی وزراء سرگوشیوں میں ہیں، مگر بلاول کا خاندان دسترخوان چھوٹا کرنے پر تیار نہیں۔ رجے پجے ہیں مگر کسمسا رہے ہیں،اچانک سندھ کی وحدت کا سوال پیدا ہو گیا ہے،یوں لگتا ہے کہ ابتدائے آفرینش سے آج تلک اس سرزمین کو زرداری خاندان کے ایک دسترخوان کے طور پر محفوظ رکھا گیا تھا، تاکہ
یہ اپنا رزق یہاں سے چن سکیں۔ یہ زمین کا ایک ٹکڑا تھا جو شاید جنت سے اس تاکید کے ساتھ اتارا گیا کہ اسے یوں ہی رہنا ہے۔ ڈائنوسار تقریباً 6؍کروڑ 60لاکھ سال پہلے ختم ہوئے ۔مگر مجال ہے جو اس زمین کی کسی مٹی کے ذرے کو کوئی بکھیر سکے۔ تقریباً 13.8ارب سال قبل وجود میں آنے والی اس پراسرار کائنات میں بگ بینگ نے کتنی ہی ارضیاتی تبدیلیاں کیں، مگر مجال ہے جو سندھ کو چھوا ہو، نظریۂ ارتقاء نے کتنی ہی حیاتیاتی تبدیلیوں سے انسانی وجود کو گزرا ، مگر سندھ کے انسانوں کی جینیات کو چھو تک نہیں سکی کہ حضرت آدم ؑ سے تاایں دم اور اب سے تاقیام قیامت اس کی وحدت یوں ہی رہے گی، حضرت اسرافیلؑ کو صور پھونکتے ہوئے سرزمین سندھ کے حوالے سے احتیاط کا مشورہ دیا جائے گا۔ خبر دار یہاں کا کوئی ذرہ کہیں اِدھر سے اُدھر نہ ہو۔ آخرش کائنات کی سب سے بڑی گتھی اپنے ہاتھ رکھنے والے اپنے بلاول میاں اسی وحدت کی خاطر تو مسٹر یوٹرن بنے تھے۔صرف یہی وجہ تاقیام قیامت ‘دسترخوان ’ کو باقی رکھنے کے لیے کافی ہے۔
‘دسترخوان’ کی وحدت کے آگے آئینی طریقۂ کار اور ممکنہ خونریزی کے خدشات بھی سامنے آگئے ۔کبھی بچے نعرے لگاتے تھے، جب ‘‘لال لال’’ لہرائے گا!مگر کیا کریں ہوش ابھی بھی ٹھکانے نہیں آئے! لیڈر بھلے ہی یہ رضا ربانی کی عمروالوں کے بھی ہوں ، مگر خود اسی نعرے والی عمر میں ہے،عمر کی بات چلی تویاد آیا، چلتے چلتے کلب میں یہ سوال بھی کسی نے داغا تھا کہ آپ تو تین شادیوں کا کہہ رہے تھے مگر کی ایک بھی نہیں، جواب ‘باپ ’والا ہی تھا کہ شادی کے وعدے بھی سیاسی وعدوں کی طرح ہوتے ہیں۔سو یہاں بھی اب لال لال ہی لہرائے گا۔
تفنن برطرف! بلاول کا آئینی اعتراض اہم ہے ۔ ریفرنڈم بذاتِ خود سندھ کی حدود تبدیل نہیں کر سکتا۔ اس کے لیے سندھ اسمبلی اور پارلیمان میں آئینی ترمیم کی مطلوبہ اکثریت ضروری ہے ۔مگر ایک سوال ہے ، لال لال نہیں ہرا ہرا۔ پیپلز پارٹی جب وفاق سے اختیارات مانگتی ہے تو اسے صوبائی خودمختاری کہتی ہے ۔ جب کراچی کے شہری زیادہ مقامی اختیارات مانگتے ہیں تو صوبائی حکومت کا انتظامی اختیار بھی بحث میں آ جاتا ہے ۔یہاں آکر ہری ہری کیوں سوجھتی ہے؟ آخر خودمختاری کا سفر صوبائی دارالحکومت پہنچ کر رک کیوں جاتا ہے؟ یہ سوال
سندھ کی حکمرانی کے مرکز میں موجود ہے۔ نئے صوبے بنانا مسائل کا لازمی حل نہیں، لیکن موجودہ صوبائی نظام کو برقرار رکھنا بھی بذاتِ خود عوامی خدمت کی ضمانت نہیں۔ اگر پیپلز پارٹی سمجھتی ہے کہ موجودہ انتظامی ڈھانچہ بہترین ہے تو انہیں اس کی کارکردگی کے شواہد پیش کرنے چاہئیں۔ ورنہ عوام پوچھیں گے کہ صوبائی وحدت کے تحفظ کے ساتھ صوبائی اقتدار کے تحفظ کا سوال بھی تو موجود ہے۔ ایک بڑا دسترخوان بھی تو بچھا ہوا ہے!!
مسٹر یوٹرن کا خاندانی دسترخوان کامیاب ہے، ناکام ہے تو یہ نظام، جس میں دستر خوان بڑھا ہی چلا جاتا ہے۔ سندھ کے اقتدار کو دستر خوان بنائے مسلسل اٹھارہ برس ہو گئے۔ اس دوران ہزاروں ارب روپے کے بجٹ، ترقیاتی منصوبے ، صوبائی ادارے اور انتظامی فیصلے سامنے آئے ۔ہم ایسوں کو تو چھوڑئیے !خود سرکاری آڈٹ رپورٹس میں مالی بے ضابطگیوں اور انتظامی کمزوریوں کی نشاندہی کی گئی ۔ بدعنوانیو ں کے بڑے بڑے فضیتے بے نقاب ہوئے، جس مقدس سرزمین سندھ کی بات کی جاتی ہے، اس کی بندربانٹ میں سفاکانہ دست درازیاں ہوئیں، اگرمسٹر یوٹرن بلاول سیاسی ری سیٹ کے لیے سنجیدہ ہیں تو ایک عمدہ آغاز سندھ کی حکومت کے مالیاتی اور انتظامی ریکارڈ سے ہو سکتا ہے ۔پچھلے برسوں کے بڑے آڈٹ اعتراضات سامنے رکھ دیجیے۔ ان پر کارروائی کی تفصیلات شائع کر دیجیے ۔ بلدیاتی اختیارات کی تقسیم واضح کر دیجیے ۔ سرکاری زمینوں کے ریکارڈ تک رسائی آسان بنا دیجیے ۔پھر عوام خود فیصلہ کر لیں گے کہ نظام کی ناکامی میں کس کا کتنا حصہ ہے ۔
جی ہاں! بلاول بھٹو کی کراچی پریس کلب کی تقریر ایک اہم موقع بھی ہو سکتی ہے۔ اگر وہ واقعی اپنے سابقہ فیصلوں کا جائزہ لینے کے لیے تیار ہیں تو اس کا خیرمقدم ہونا چاہیے ۔سیاست میں غلطی تسلیم کرنا کوئی جرم نہیں۔مگر غلطی کا اعتراف اس وقت مکمل ہوتا ہے جب اس کے نتائج کی ذمہ داری بھی قبول کی جائے ۔بلاول نے درست کہا کہ نظام کو ناکام بنایا گیا۔قوم کا سوال ہے ،کس نے ؟انہوں نے کہا کہ ان کا بھی حصہ ہے ۔قوم کا اگلا سوال ہے ،کتنا؟انہوں نے کہا کہ غلطیاں درست کرنی چاہئیں۔ قوم کا تیسرا سوال ہے ،آغاز کس غلطی سے ہوگا؟
مخصوص نشستوں سے ؟ آئینی ترامیم سے ؟ صدارتی استثنیٰ سے ؟ سندھ کی حکمرانی سے ؟ یا ان تمام فیصلوں سے جن میں سیاسی فائدہ پہلے ہڑپا گیا اور اصولی اعتراض بعد میں داغا گیا پاکستانی سیاست میں یوٹرن لینا شاید آسان ہے ۔ مشکل کام اس مقام پر واپس جانا ہے جہاں سے غلط راستہ اختیار کیا گیا تھا۔اور تاریخ کا مسئلہ یہی ہے کہ وہ راستہ بھی یاد رکھتی ہے ، موڑ بھی، اور اس موڑ پر کھڑے تمام مسافروں کے نام بھی۔
بلاول صاحب، سیاسی ری سیٹ ضرور کیجیے ۔مگر اس بار تاریخ کی فائلیں ڈیلیٹ کیے بغیر۔مزید کسی نئے یوٹرن کے بھی بغیر!!
٭٭٭


