پاکستان میں ایک سال کے دوران 94 لاکھ سے زائد سائبر حملے ریکارڈ، کیسپرسکی
شیئر کریں
بیک ڈور حملوں میں 50 فیصد اضافہ، مصنوعی ذہانت کا استعمال بھی بڑھ گیا، اداروں کو سائبر تحفظ مضبوط بنانے کی ہدایت
عالمی سائبر سیکیورٹی کمپنی کیسپرسکی نے انکشاف کیا ہے کہ نومبر 2025 سے اکتوبر 2026 کے دوران پاکستان میں 94 لاکھ سے زائد سائبر حملوں کا پتا لگایا گیا، جن میں ڈیوائسز اور ویب پر مبنی حملے شامل ہیں۔ اسلام آباد میں منعقدہ سائبر تھریٹ انٹیلی جنس سمٹ 2026 کے موقع پر کمپنی نے پاکستان سے متعلق اپنے سیکیورٹی نیٹ ورک کے اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 12 ماہ کے دوران پاکستان میں اس کے 24 فیصد صارفین کو ڈیوائسز پر سائبر خطرات کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ 15 فیصد صارفین ویب پر مبنی خطرات سے متاثر ہونے کے خدشے سے دوچار ہوئے۔
سیکیورٹی سلوشنز نے ان خطرات کی نشاندہی کرکے انہیں بروقت روک لیا۔رپورٹ کے مطابق اس عرصے میں پاکستان میں 63 لاکھ سے زائد ڈیوائس پر ہونے والے حملوں اور 31 لاکھ سے زیادہ ویب پر مبنی حملوں کا پتا لگایا گیا۔ ویب حملوں میں فشنگ اور نقصان دہ ویب سائٹس کے ذریعے صارفین کا ڈیٹا چرانے یا متاثر کرنے کی کوششیں شامل تھیں۔اعداد و شمار کے مطابق ایکسپلائٹس کے ذریعے 4 لاکھ 48 ہزار سے زائد حملے ریکارڈ کیے گئے، تاہم گزشتہ سال کے مقابلے میں ان میں 8 فیصد کمی ہوئی۔ اس کے برعکس بیک ڈور حملوں میں 50 فیصد اضافہ ہوا اور ان کی تعداد 2 لاکھ 33 ہزار سے تجاوز کرگئی۔
بیک ڈور کے ذریعے ہیکرز متاثرہ کمپیوٹر تک دور سے رسائی حاصل کرکے فائلوں اور اہم معلومات تک پہنچ سکتے ہیں۔کیسپرسکی نے خبردار کیا کہ رینسم ویئر مخصوص اہداف کو نشانہ بنانے کے باوجود اداروں کے لیے سنگین خطرہ ہے۔ اس کے علاوہ سپلائی چین اور قابل اعتماد کاروباری روابط کے ذریعے ہونے والے سائبر حملوں سے تحفظ بھی ضروری ہے۔کمپنی کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران پاکستان میں جدید اور پیچیدہ سائبر حملے کرنے والے ایڈوانسڈ پرسسٹنٹ تھریٹ (اے پی ٹی) کے سات گروپس کی سرگرمیوں پر نظر رکھی گئی، جن میں سائیڈ ونڈر بھی شامل ہے۔
کیسپرسکی کے سیکیورٹی سلوشنز نے اپریل سے ستمبر 2026 کے دوران دنیا بھر میں ہیکنگ ٹولز کے استعمال کی 20 لاکھ سے زائد کوششوں کا پتا لگایا۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ سائبر حملہ آور اپنی کارروائیوں میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) کا استعمال تیزی سے بڑھا رہے ہیں۔ اس ٹیکنالوجی کے ذریعے نقصان دہ ٹولز تیار کرنے اور انہیں نئے حالات کے مطابق ڈھالنے میں وقت اور لاگت کم ہوجاتی ہے، جس سے حملہ آور اپنی حکمت عملی تیزی سے تبدیل کرکے بڑے پیمانے پر حملے کرسکتے ہیں۔ کیسپرسکی کی گلوبل ریسرچ اینڈ اینالیسس ٹیم کے سینئر سیکیورٹی ریسرچر یوسف عبدالمنعم نے کہا کہ سائبر حملہ آور قابل اعتماد کاروباری روابط، جائز ٹولز اور مصنوعی ذہانت کا غلط استعمال کرکے اپنے حملوں کو زیادہ مؤثر بنا رہے ہیں۔
ان کے مطابق اداروں کو جدید سائبر سیکیورٹی سلوشنز، بشمول کیسپرسکی نیکسٹ ای ڈی آر اور ایکس ڈی آر، استعمال کرنے کے ساتھ ملازمین کی تربیت اور آگاہی پر بھی سرمایہ کاری کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ سائبر حملوں سے محفوظ رہنے کے لیے اداروں کو پیشگی اقدامات اور سائبر تھریٹ انٹیلی جنس پر مبنی حکمت عملی اپنانا ہوگی۔


