میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
کے الیکٹرک بجلی کی مہنگی پیداوار پر مصر کیوں ہے؟

کے الیکٹرک بجلی کی مہنگی پیداوار پر مصر کیوں ہے؟

جرات ڈیسک
منگل, ۲۰ فروری ۲۰۲۴

شیئر کریں

بجلی کی پیداوار اور تقسیم کرنے والے اداروں کے نگراں ادارے نیشنل الیکٹرک پاور اتھارٹی (نیپرا) نے گزشتہ روز اپنی ایک رپورٹ میں کے الیکٹرک کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے یہ بھی الزام عائد کیاہے کہ کے الیکٹرک اپنے صارفین کو کم قیمت پر بجلی فراہم کرنے کیلئے بجلی پیدا کرنے کے نسبتاً سستے طریقوں کو نظر انداز کرکے تیل اور گیس سے بجلی پیدا کررہاہے اور متعدد مرتبہ کی وارننگ کے باوجود وہ اپنی یہ روش چھوڑنے کا تیار نہیں ہے۔نیپرا کی جانب سے جاری کردہ یہ جائزہ رپورٹ 2 برسوں 2022/23 پر مشتمل ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق کے الیکٹرک کی کارکردگی غیر تسلی بخش قرار دی گئی ہے۔ نیپرا کی رپورٹ میں کہاگیاہے کہ کے الیکٹرک صرف مہنگی بجلی کی پیداوار پر انحصار کرتی ہے۔ جائزہ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ کے الیکٹرک کو سستی بجلی کی پیداوار بڑھانے کا مشورہ دیا گیا۔ کے الیکٹرک کو بار بار قابل تجدید توانائی والے پلانٹس کی تعمیر کرکے پیداواری لاگت کم کرنے کا مشورہ بھی دیا گیا۔ لیکن کے الیکٹرک ان انتباہات اور مشوروں پر توجہ دینے کو تیار نہیں ہے اور مہنگی بجلی کی پیداوار پراس کا مسلسل انحصار اور اصرار ہے۔ نیپرا کی رپورٹ میں کے الیکٹرک کی کارکردگی کے حوالے سے صرف ایک جزوی مسئلے پر روشنی ڈالی گئی ہے لیکن یہ نہیں بتایا گیا کہ مہنگی بجلی کی تیاری پر اصرار اور سستی بجلی پیداکرنے کے مشورے تسلیم نہ کرنے کے باوجود اس کے لائسنس کی تجدید کیوں کی گئی؟۔ اس سے تو یہی نتیجہ نکلتاہے کہ ارباب اختیار کے الیکٹرک کے سامنے بے بس ہیں اور وہ کے الیکٹرک کی درخواست پر عوام کو زیر بار کرتے رہنے کے سوا اور کچھ نہیں کرسکے۔یہ بات واضح ہے کہ پاکستان میں نجی شعبے میں بجلی کی پیداوار اور تقسیم کے حوالے سے مشترکہ اور مکمل کام صرف کے الیکٹرک کررہی ہے اور ارباب اختیار کی آشیر باد سے شہریوں کے اوپر عذاب بنی ہوئی ہے۔ کراچی ویسے تو پاکستان کا سب سے بڑا شہر جو صنعتی اور تجارتی مرکز ہے ملک کی مرکزی بندرگاہ ہے لیکن ہمارے حکومتی اداروں نے اس شہر کو ناقابل رہائش بنادیا ہے۔ یہ ایک غریب پرور شہر بھی تھا لیکن اب اس شہر میں گزارا کرنا کم آمدنی والے شہریوں کا سب سے بڑا مسئلہ بن گیا ہے جس کی سب سے بڑی وجہ کے الیکٹرک کی ناقص کارکردگی اور بلوں میں اضافہ ہے۔ بجلی روز بروز مہنگی سے مہنگی ہوتی جارہی ہے، اسی کے ساتھ ہی گرمیوں کی آمد سے قبل ہی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ معمول بن گیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کراچی کے شہریوں کا مطالبہ تھا کہ شہر میں کے الیکٹرک کی اجارہ داری ختم کی جائے، اسے دوبارہ قومی تحویل میں لیا جائے۔اس مطالبے کو منوانے کیلئے کے الیکٹرک کے خلاف عوامی مہم چلتی رہی ہے، نیپرا سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ کے الیکٹرک کے لائسنس کی مدت میں توسیع نہ کی جائے لیکن نیپرا نے ناقص کارکردگی کے باوجود مزید 20 سال کے لیے اس کے لائسنس میں تجدید کرکے یہ ثابت کیا کہ حکومت کو عوام کے مفادات سے زیادہ کے الیکٹرک کے مفادات عزیز ہیں۔ کیا نگراں حکومت اس فیصلے کے حوالے سے کوئی وضاحت پیش کرنے پر توجہ دے گی۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں