سندھ بلڈنگ ،فیڈرل بی ایریا میں رہائشی پلاٹس پر کمرشل تعمیرات
شیئر کریں
بلاک 15میں پلاٹ نمبر آر 144اور آر 184پر غیر قانونی دکانیں اور پورشن یونٹس تعمیر
بلڈنگ انسپکٹر ذیشان اور ڈائریکٹر ڈیمولیشن ریحان الائچی کی ملی بھگت، قانون زمیں بوس
وسطی کے علاقے فیڈرل بی ایریا بلاک 15 میں رہائشی پلاٹس پر غیر قانونی کمرشل تعمیرات کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے ، جہاں پلاٹ نمبر آر 144 اور آر 184 پر ضابطوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دکانوں اور پورشن یونٹس کی تعمیر جاری ہے ۔ جرأت سروے ٹیم کو دستیاب تصاویر میں واضح ہے کہ عمارتوں کے گراؤنڈ فلور کو کمرشل سرگرمیوں کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے جبکہ بالائی منزلوں پر بھی اضافی پورشنز بنائے جا رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق یہ تعمیرات مبینہ طور پر بلڈنگ افسران کی ملی بھگت سے جاری ہیں، جبکہ بلڈنگ انسپکٹر ذیشان اور ڈائریکٹر ڈیمولیشن ریحان الائچی کے کردار پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں، جس کے باعث کسی قسم کی مؤثر کارروائی عمل میں نہیں لائی جا رہی۔ تعمیراتی ڈھانچے پر بانسوں کی مدد سے کام جاری ہے اور حفاظتی اقدامات کا بھی فقدان نظر آتا ہے ، جو کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتا ہے ۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ان غیر قانونی تعمیرات کے باعث رہائشی ماحول بری طرح متاثر ہو چکا ہے ۔ گلیوں میں ملبہ پڑا ہونے سے آمد و رفت میں دشواری ہے جبکہ پارکنگ کے مسائل اور سیوریج کی خراب صورتحال نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے ۔مکینوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری نوٹس لے کر غیر قانونی تعمیرات کو روکا جائے اور ملوث افسران کے خلاف کارروائی کی جائے تاکہ علاقے کی رہائشی حیثیت بحال کی جا سکے ۔


