آزاد کشمیر انتخابات کا تیسرا مرحلہ، پونچھ اور پلندری میں پولنگ ملتوی
شیئر کریں
ضلع باغ کے تین اورحویلی کے ایک انتخابی حلقے میں 10اگست کو ہی پولنگ منعقد کی جائے گی،الیکشن کمیشن
یہ فیصلہ سیاسی شخصیات اورامیدواروں کی جانب سے موصول ہونے والی درخواستوں اور رپورٹس کی بنیاد پرکیاگیا،ترجمان
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر عام انتخابات 2026کے تیسرے مرحلے میں ضلع پونچھ اور ضلع پلندری کے تمام انتخابی حلقوں میں 10اگست کو ہونے والی پولنگ موخر کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے ترجمان کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق یہ فیصلہ امن و امان سے متعلق تحفظات، بعض سیاسی شخصیات اور امیدواروں کی جانب سے موصول ہونے والی درخواستوں، اور متعلقہ اداروں سے حاصل ہونے والی معلومات کی روشنی میں کیا گیا ہے۔
ترجمان نے واضح کیا کہ ضلع پونچھ اور ضلع پلندری کے انتخابی حلقوں میں 10اگست کو پولنگ نہیں ہوگی، تاہم ضلع باغ کے تین انتخابی حلقوں اور ضلع حویلی کے ایک انتخابی حلقے میں پہلے سے جاری شیڈول کے مطابق 10اگست کو ہی پولنگ منعقد کی جائے گی۔پریس ریلیز کے مطابق مخر کیے گئے حلقوں کیلئے نئی تاریخ اور نظرثانی شدہ انتخابی شیڈول کا اعلان بعد ازاں حالات کا جائزہ لینے اور تمام متعلقہ امور کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔الیکشن کمیشن نے کہا کہ انتخابات موخر کرنے کا مقصد آزادانہ، منصفانہ، شفاف اور پرامن ماحول میں ووٹنگ کے انعقاد کو یقینی بنانا ہے، جبکہ کمیشن انتخابی عمل کی شفافیت اور عوام کے اعتماد کو ہر صورت برقرار رکھنے کیلئے پرعزم ہے۔


