میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
وزیراعظم کے سٹیزن پورٹل میں رجسٹرڈ 10 لاکھ ٹائیگرز پراسرارطور پر لا پتا

وزیراعظم کے سٹیزن پورٹل میں رجسٹرڈ 10 لاکھ ٹائیگرز پراسرارطور پر لا پتا

ویب ڈیسک
هفته, ۲۴ اپریل ۲۰۲۱

شیئر کریں

(رپورٹ: شعیب مختار) کورونا وائرس کی تیسری لہر میں تیزی سے اضافے کے بعد بھی ٹائیگر فورس کا کردار سامنے نہ آ سکا، وزیراعظم کے سٹیزن پورٹل کے ذریعے رجسٹرڈ ہونے والے 10 لاکھ ٹائیگرز پراسرارطور پر لا پتا ہو گئے، وفاقی حکومت کی شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کی بڑی کوشش ناکام ہو گئی2021 کے آغاز سے اب تک ٹائیگر فورس کی کسی قسم کی کوئی سرگرمی سامنے نہ آ سکی، سربراہ ٹائیگرفورس عثمان ڈار نے بھی معاملے پر خاموشی اختیار کر لی۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ سال سیاسی وابستگیوں سے بالا تر ہو کر کام کرنے اور شہریوں کو لاک ڈاؤن کے دورانیے میں مدد فراہم کرنے کیلئے’’کورونا ریلیف ٹائیگر فورس‘‘ بنائی گئی تھی جس میں نوجوانوں کی جانب سے دلچسپی کا اظہار سامنے آ یا تھا۔ اس ضمن میں پنجاب سے 6لاکھ 28ہزار 476،سندھ میں ایک لاکھ 47ہزار 66،خیبر پختونخوا سے ایک لاکھ 37ہزار 189بلوچستان سے 14ہزار 269،اسلام آ باد سے 13ہزار 990،آزاد کشمیر سے 11ہزار 556اور گلگت بلتستان سے 5ہزار نوجوانوں کی جانب سے خود کو رجسٹرڈ کروایا گیا تھا، جبکہ 50 ہزار نوجوانوں نے ٹائیگر فورس کے لیے بنائی گئی خصوصی ویب سائٹ پر اپنی رجسٹریشن کروائی تھی جنہیں حکومت کی جانب سے راشن تقسیم کرنے،محنت کشوں کا ڈیٹا جمع کرنے اورکورونا وائرس کیخلاف آ گاہی مہم چلانے کی ہدایات دی گئیں تھیں جس کے بعد تحریک انصاف کے ضلعی عہدیداران اور حکومت کے مابین راشن کی تقسیم پر سخت اختلافات پیدا ہو گئے تھے، بعد ازاں سندھ حکومت کی جانب سے ٹائیگر فورس کو راشن کی تقسیم کے مراحل میں شامل نہ کرنے کے اعلان کے بعد سندھ میں ٹائیگر فورس منہ کی کھانے پر مجبور ہو ئی تھی، جبکہ پنجاب میں بھی ضلعی عہدیدارن کا احتجاج رنگ لے آ یا تھا جس کے بعد ٹائیگر فورس شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے میں مکمل طور پرناکام ہو گئی تھی۔ چند ماہ بعد وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے 10 لاکھ ٹائیگر فورس کو اشیائے خورو نوش کی قیمتوں کی نگرانی کی ذمہ داری سونپی گئی تھی جس میں ناکامی کے بعد ٹائیگر فورس کی ڈوبتی کشتی کو بچانے کے لیے اگست 2020 میں ملک میں سب سے بڑی شجرکاری مہم کاآغاز کیا گیا تھا اور مختلف شہروں لاکھوں پودے لگائے گئے تھے، تاہم شجرکاری مہم کے بعد کورونا کی تیسری لہر میں ٹائیگر فورس کا کردار اب تک نہایت غائبانہ دکھائی دیتا ہے جس نے سیاسی حلقوں میں ہزاروں ٹائیگرز کے پر اسرار طور پر غائب ہونے پرنئی بحث چھیڑ دی ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں