میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
محکمہ صحت ،این آئی سی وی ڈی میں اندھیر نگری چوپٹ راج

محکمہ صحت ،این آئی سی وی ڈی میں اندھیر نگری چوپٹ راج

ویب ڈیسک
جمعرات, ۷ اپریل ۲۰۲۲

شیئر کریں

(رپورٹ: علی کیریو)محکمہ صحت سندھ کے ماتحت این آئی سی وی ڈی میںاندھیر نگری، ہیلتھ کیئر مینجمنٹ کا تجربہ نہ ہونے کے باوجود مس عذرامقصود کو سی ای او تعینات کرنے کا انکشاف ہوا ہے،غیرقانونی پروموشن سے بھی نوازہ گیا، این آئی سی وی ڈی انتظامیہ نے سی ای او پر کروڑوں روپے کی برسات کردی،آڈٹ حکام نے رقم کی ادائیگی پر تحقیقات کرنے ، ذمہ داران کا تعین کرنے اور سی ای او کو برطرف کرکے غیرقانونی طور پر ادا کئے گئے کروڑوں روپے واپس لینے کی سفارش کردی گئی۔ جرأت کی رپورٹ کے مطابق ڈائریکٹر جنرل آڈٹ سندھ نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیو ویسکیولر ڈزیز (این آئی سی وی ڈی) میں مالی سال 2020-21 کے دوران ادارے کے چیف آپریٹنگ آفیسر مس عذرا مقصود کی گاڑی بی اے ایکس -160 کی مرمت پر 3 لاکھ 27 ہزار روپے خرچہ کیا گیا، جبکہ چھان بین میں انکشاف ہوا کہ ایسی کوئی گاڑی سی ای او کے استعمال میں موجود ہی نہیں، یہ رقم 2 لاکھ 49 ہزار روپے چیک اور 77 ہزار روپے کیش جاری کئے گئے، معاملہ این آئی سی وی ڈی کی انتظامیہ کے علم میں لایا گیا لیکن انتظامیہ کوئی بھی جواب دینے میں ناکام رہی، آڈٹ حکام نے انکوائری کرنے اور ذمہ داران کا تعین کرنے کی سفارش کی ہے۔ آڈٹ رپورٹ کے مطابق این آئی سی وی ڈی میں مس عذرا مقصود 3 نومبر 2015کو سی ای او تعینات ہوئیں ، مس عذرا مقصود کو ایک کروڑ روپے غیرقانونی اور خلاف ضابطہ جاری کئے گئے ، ان کو سال 2017 میں گریڈ 20میں ترقی دی گئی جو کہ قوائد و ضوابط کی خلاف ورزی ہے، قوائد کے مطابق گریڈ20 میں ترقی کیلئے 5 سال کی سروس لازمی ہے، معاملے سے متعلق این آئی سی وی ڈی انتظامیہ کو آگاہ کیا گیا لیکن انتظامیہ نے آڈٹ حکام کو کوئی تحریر ی جواب نہیں دیا، آڈٹ حکام نے ایک کروڑ روپے وصول کرنے کی سفارش کی ہے۔ ڈائریکٹر جنرل آڈٹ کے مطابق این آئی سی وی ڈی میں سی ای او کی تعیناتی کیلئے 20 ستمبر 2015 کو اشتہار جاری کیا گیا، جس کے ہیلتھ کیئر مینجمنٹ میں ماسٹر ڈگری کے ساتھ 15 سے 20 سال تجربہ لازمی قرار دیا گیا، مس عذرا مقصود کو گریڈ 19 میں تعینات کرکے مالی سال 2020-21 کے دوران ایک کروڑ روپے کی ادائیگی کی گئی ، جبکہ مس عذرا مقصود کو 15 سے 20 کا تجربہ نہیں تھا ، ان کا تجربہ بھی غیر متعلقہ ہے، مس عذرا مقصود کو ہیلتھ کیئر مینجمنٹ کا کوئی تجربہ بھی نہیں ہے، اس کے باوجود مس عذرا مقصود کو غیر ضروری فیور دی گئی اس لئے ان سے مراعات واپس لے کر ان کو فارغ کیا جائے اور مطلوبہ تعلیمی قابلیت رکھنے والے امیدوار کو سی ای او تعینات کرنے کا عمل شروع کیا جائے، جبکہ این آئی سی وی ڈی میں سی ای او کی غلط تعیناتی پر ذمہ داران کا تعین کیا جائے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں