5اگست کا جلسہ، عمران خان رہائی تحریک کا فیصلہ کن مرحلہ ہوگا، تحریک انصاف
شیئر کریں
بانی کی گرفتاری کے تین سال مکمل ہونے پر جلسے کی تیاریاں عروج پر،کارکن متحرک
صوبے میں پی ٹی آئی اراکین اسمبلی اور پارٹی عہدیدار ریلیوں اور کارنر میٹنگز کا انعقاد
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات شفیع جان نے کہا ہے کہ بانی چئرمین عمران خان کی گرفتاری کے تین سال مکمل ہونے پر 5 اگست کو پشاور میں ہونے والے جلسے کی تیاریاں عروج پر ہیں اور صوبے بھر میں پارٹی کارکن متحرک ہیں۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ خیبرپختونخوا بھر میں پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی اور پارٹی عہدیدار ریلیوں اور کارنر میٹنگز کا انعقاد کر رہے ہیں، جبکہ ان اجتماعات میں عوام کی ریکارڈ شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ 5 اگست کو پشاور میں ایک تاریخی جلسہ منعقد ہوگا۔شفیع جان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کا یہ جلسہ عمران خان کی رہائی کی تحریک میں ایک اہم اور فیصلہ کن سنگ میل ثابت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان تمام تر مشکلات، جیل کی سختیوں اور سیاسی دبا کے باوجود اپنے نظریے پر ثابت قدم ہیں۔وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ عمران خان کی قید کا ہر گزرتا دن ان کے عزم اور نظریے کو مزید مضبوط بنا رہا ہے، جبکہ جعلی مقدمات اور سیاسی انتقامی کارروائیوں کے ذریعے انہیں عوام کے دلوں سے نہیں نکالا جا سکتا۔شفیع جان نے مزید کہا کہ عمران خان کو گزشتہ نو ماہ سے قید تنہائی میں رکھا گیا ہے اور ان کی فیملی، وکلا اور سیاسی قیادت کو بھی مناسب رسائی نہیں دی جا رہی۔انہوں نے وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ فارم 47 کے جعلی حکمران سن لیں، ظلم، جبر اور ناانصافی کی حکومت مزید نہیں چل سکتی،عوام کو جلد موجودہ حکمرانوں سے نجات دلائی جائے گی۔


