جج کو دہشت گرد کہنے پر بھارتی سپریم کورٹ مدعی پر برہم
شیئر کریں
بھارت میں سپریم کورٹ نے جج کو دہشت گرد کہنے والے مدعی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اس کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کی ہدایت کر دی۔ چیف جسٹس اور ایک جسٹس کے بینچ نے جج کو دہشت گرد کہنے والے شخص سے کہا کہ آپ کو کچھ مہینوں کے لیے جیل بھیجا جائے گا پھر آپ کو احساس ہو گا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق عدالتی بینچ نے مدعی کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ آپ سپریم کورٹ کے جج پر کوئی الزام نہیں لگا سکتے۔ عدالتی بینچ کا کہنا تھا کہ یہ بدتمیزی ہے، ہم آپ کو وجہ بتانے کے لیے نوٹس جاری کریں گے کہ آپ کے خلاف مجرمانہ توہین کا مقدمہ کیوں نہیں چلایا جائے۔ عدالت نے مزید کہا کہ جج کا اس کارروائی سے کیا تعلق؟ آپ اسے دہشت گرد اور اس کے خلاف دیگر باتیں کہہ رہے ہیں، کیا جج پر الزامات لگانے کا یہ طریقہ ہے۔ عدالتی بینچ نے پوچھا کہ یہ صرف اس لیے کہ جج آپ کی ریاست سے تعلق رکھتا ہے؟ رپورٹس کے مطابق مدعی نے عدالت سے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ درخواست دائر کرتے وقت میں بہت ذہنی دباؤ میں تھا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق سپریم کورٹ نے مزید سماعت 3 ہفتوں کے لیے ملتوی کردی۔