میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کا 78واں یوم وفات ملک بھر میں عقیدت و احترام سے منایا گیا

بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کا 78واں یوم وفات ملک بھر میں عقیدت و احترام سے منایا گیا

جرات ڈیسک
جمعه, ۱۱ ستمبر ۲۰۲۶

شیئر کریں

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور گورنر سندھ نہال ہاشمی کی مزار قائد پر حاضری

پھول چڑھائے اورفاتحہ خوانی کی ،گارڈ آف آنربھی پیش کیاگیا

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کا 78واںیوم وفات جمعہ کو ملک بھر میں عقیدت و احترام سے منایا گیا، اس موقع پر مزار قائد پر تقریب کا انعقاد کیاگیا، جس میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، گورنر سندھ محمد نہال ہاشمی، صوبائی کابینہ کے ارکان اور اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ مزار قائد پہنچے تو صوبائی کابینہ کے ارکان اور اعلیٰ حکام نے ان کا استقبال کیا۔ بعد ازاں گورنر سندھ محمد نہال ہاشمی بھی مزار قائد پہنچے، جہاں وزیراعلیٰ سندھ نے ان کا استقبال کیا۔تقریب کے موقع پر وزیراعلیٰ سندھ اور گورنر سندھ کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے بانی پاکستان کے مزار پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔وزیراعلیٰ سندھ نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کیے اور بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی قومی خدمات اور قیام پاکستان کے لیے ان کی بے مثال جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کیا۔

قائداعظم محمد علی جناح کی برسی کے موقع پر مزار قائد پر مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات کی جانب سے بھی حاضری کا سلسلہ جاری رہا جبکہ ملک بھر میں تقریبات اور خصوصی پروگرام بھی منعقد کیے گئے۔

قائد اعظم محمد علی جناح نے اپنی مدبرانہ قیادت، سیاسی بصیرت، اصول پسندی اور انتھک جدوجہد کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے الگ وطن کے قیام کی جدوجہد کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔ 14 اگست 1947 کو پاکستان کے قیام کے بعد وہ ملک کے پہلے گورنر جنرل بنے۔

قائداعظم 11 ستمبر 1948 کو انتقال کرگئے ۔قائداعظم کا اتحاد، ایمان اور تنظیم کا پیغام آج بھی قومی زندگی میں رہنمائی کا ذریعہ ہے۔

یوم وفات کے موقع پر قوم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بانی پاکستان کے اصولوں پر عمل کرتے ہوئے ملک کو مضبوط، مستحکم، خوشحال اور باوقار ریاست بنانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کی جائیں گی۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں