عمران خان گھٹیا حرکتوں سے فارن فنڈنگ سے نظر نہیں ہٹا سکتے ، مریم اور نگزیب
شیئر کریں
عمران خان اپنا موازنہ نواز شریف سے کیسے کر سکتے ہیں، نواز شریف نے ملک کو ایٹمی قوت بنایا، افواج پاکستان میں بغاوت کی کال نہیں دی
عمران خان نے ہیلی کاپٹر حادثہ کے شہداء کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم چلوائی، جھوٹ بولتے ہوئے ان کو پسینہ بھی آ رہا تھا، میڈیا سے گفتگو
اسلام آباد (بیورورپورٹ) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مریم اور نگزیب نے کہاہے کہ عمران خان گھٹیا اور گری ہوئی حرکتوں سے فارن فنڈنگ سے نظر نہیں ہٹا سکتے، عمران خان اپنا موازنہ نواز شریف سے کیسے کر سکتے ہیں، نواز شریف نے ملک کو ایٹمی قوت بنایا، سی پیک دیا، ملک کے دفاع کو مضبوط کیا، عمران خان کی طرح افواج پاکستان میں بغاوت کی کال نہیں دی، اداروں میں دراڑیں نہیں ڈالیں، عمران خان فارن ایجنٹ اور فارن ایڈڈ پارٹی کا چیئرمین ہے جس نے 2008 اور اس سے پہلے فارن فنڈنگ لی، جھوٹے حلف نامے جمع کرائے ،عمران خان نے ہیلی کاپٹر حادثہ کے شہداء کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم چلوائی، 15 منٹ تک عمران خان کے چیف آف اسٹاف کا بیپر ٹی وی پر چلتا رہا، عمران خان کو جھوٹ بولتے ہوئے پسینہ بھی آ رہا تھا۔ جمعرات کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہاکہ چار سال اس ملک پر نالائق اور نااہل وزیراعظم مسلط رہا، عمران خان نے چار سال تک ملک کو لوٹا، عوام کو بے روزگار کیا۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان فارن ایجنٹ اور فارن ایڈڈ پارٹی کا چیئرمین ہے جس نے 2008 اور اس سے پہلے فارن فنڈنگ لی۔ انہوںنے کہاکہ 2008ء سے 2013ء تک لی گئی فارن فنڈنگ کے حوالے سے الیکشن کمیشن کا فیصلہ آچکا ہے جس میں پی ٹی آئی فارن ایڈڈ پارٹی ڈیکلیئر ہو چکی ہے۔ مریم اور نگزیب نے کہاکہ الیکشن کمیشن کے فیصلہ کے مطابق عمران خان نے پانچ سال تک جعلی بیان حلفی جمع کروائے، عمران خان نے 351 فارن کمپنیوں اور 34 غیر ملکیوں سے فنڈنگ وصول کی۔ وفاقی وزیراطلاعات ونشریات نے کہاکہ عمران خان نے پاکستان میں کمپنیوں سے بھی ممنوعہ فنڈنگ لی، یہ تمام فنڈنگ الیکشن کمیشن میں ڈیکلیئر نہیں کی گئی۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان نے الیکشن کمیشن میں جعلی اور جھوٹے بیان حلفی جمع کروائے،یہ چور اور فارن ایجنٹ آٹھ سال کے بعد پکڑے گئے ہیں،یہ ایسے فارن ایجنٹ ہیں جنہوں نے ایک سیاسی جماعت کا سہارا لیا اور اس سیاسی جماعت کی ساکھ کو بھی نقصان پہنچایا۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ پی ٹی آئی کے کارکن عمران خان سے سوال کریں کہ انہوں نے ان کی پارٹی کو کیوں فارن ایڈڈ پارٹی ڈیکلیئر کروایا۔ مریم اور نگزیب نے کہاکہ ممنوعہ فنڈنگ کی تحقیقات 2008ء سے 2013ء تک کی ہیں، 2013ء سے بعد کی تحقیقات ہونا ابھی باقی ہیں کہ جو فارن فنڈنگ اس عرصے میں آئی وہ کہاں گئی؟۔ مریم اور نگزیب نے کہاکہ ایف آئی کے اندر تحقیقات جاری ہیں۔ انہوںنے کہاکہ فارن ایجنٹ عمران خان نے اس ملک کے خلاف سازش کی،وہ سمجھتے ہیں کہ وہ شرمناک حرکت کر کے ملک کے خلاف زہریلا کھیل کھیل کر اپنی فارن فنڈنگ اور الیکشن کمیشن کے فیصلے سے نظر ہٹا سکتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ عمران خان نے ہیلی کاپٹر حادثہ کے شہداء کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم چلوائی، انہیں جب بھی جواب دینا ہوتا ہے یہ ایسی حرکتیں کرتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان نے شہداء کے خلاف اپنے ٹرولرز کے ذریعے سوشل میڈیا پر پوری مہم چلائی، عمران خان کے چیف آف اسٹاف نے اے آر وائی پر اس ٹرانسکرپٹ کو پڑھا جو عمران خان کا لکھا ہوا تھا۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ اس ٹرانسکرپٹ میں ریڈ لائن کراس ہوئیں، ان کا افواج پاکستان میں بغاوت کو اکسانے کا منصوبہ تھا،یہ کہا گیا کہ لانس نائیک سے لے کر بریگیڈیئر تک کا تعلق پاکستان تحریک انصاف سے ہے، انہیں سیاست سے منسلک کیا گیا۔ انہوںنے کہاکہ انہوں نے کال دی کہ اگر کوئی ہائی کمان بات کرے تو اس سے بغاوت کرنی ہے،۔ مریم اور نگزیب نے کہاکہ 15 منٹ تک کسی وقفے کے بغیر یہ بیپر اے آر وائے پر چلتا رہا، ان تمام چیزوں سے نظر ہٹانے کے لئے عمران خان کل دو جھنڈے لگا کر جھوٹ بولتے رہے۔