اسلام آباد ہائیکورٹ، بشریٰ بی بی کو جیل میں ہر ممکن طبی و دیگر سہولتیں فراہم کرنے کا حکم
شیئر کریں
بشریٰ بی بی کی سرجری کے بعد جیل میں انفیکشن کا خطرہ ہے، جس کے باعث ان کی بینائی متاثر ہوسکتی ہے، لطیف کھوسہ
اسلام آباد ہائیکورٹ نے 190 ملین پانڈ کیس میں بانء پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی سزا کے خلاف اپیلوں کی سماعت کے دوران بشری بی بی کو جیل میں ہر ممکن طبی اور دیگر سہولتیں فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔ چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل بینچ نے بشری بی بی کی میڈیکل رپورٹس طلب کرنے سے متعلق درخواست پر بھی سماعت کی۔ اس موقع پر وکیل سردار لطیف کھوسہ نے عدالت کو بتایا کہ بشریٰ بی بی کی جانب سے نئی درخواست بھی دائر کی گئی ہے اور موجودہ صورتحال میں انہیں بینائی سے محروم ہونے کا خدشہ ہے۔
لطیف کھوسہ نے کہا کہ بشریٰ بی بی کی سرجری کے بعد جیل میں انفیکشن کا خطرہ ہے، جس کے باعث ان کی بینائی متاثر ہوسکتی ہے۔ انہوں نے عدالت میں جمع کرایا گیا اپنا بیانِ حلفی بھی پڑھ کر سنایا۔بیانِ حلفی کے مطابق بشریٰ بی بی کے جیل سیل میں صفائی کی صورتحال انتہائی خراب ہے، ان کے کمرے سے 7 چھوٹے سانپ برآمد ہوئے تھے، جنہیں جیل اہلکار سبطین نے مارنے کے بعد اس جگہ پر سیمنٹ لگوا دیا تھا۔
عدالت نے ہدایت کی ہے کہ بشریٰ بی بی کو جیل میں ہر ممکن طبی سہولت فراہم کی جائے، اگر انہیں کسی ماہر ڈاکٹر کی ضرورت ہو تو ڈاکٹر مہیا کیا جائے، جبکہ ان کے سیل میں صفائی اور حفظانِ صحت کے انتظامات سے متعلق شکایات بھی دور کی جائیں۔ عدالت نے قرار دیا ہے کہ وکیل کی جانب سے جن خدشات کا اظہار کیا گیا ہے، انہیں مدنظر رکھتے ہوئے ضروری اقدامات کیے جائیں۔ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے عدالت کو بتایا ہے کہ جیل قواعد کے مطابق بشری بی بی کو طبی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں اور ضرورت پڑنے پر انہیں پہلے بھی علاج کے لیے جیل سے باہر لے جایا گیا ہے۔


