وفاقی وزرا ء آزاد کشمیر میں اپنی سیاسی گندگی نہ دھویں، راجہ فاروق حیدر
شیئر کریں
آزاد جموں وکشمیر کے وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر نے کہا ہے کہ کچھ مفاد پرست افراد مظفرآباد اور اسلام آباد کی حکومتوں کے مابین تعلقات کو خراب کرنا چاہتے ہیں، ایک بے وقوف وفاقی وزیر کا بیان پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کے مابین تعلقات کو مضحکہ خیز بنانے کا مترادف ہے۔ کسی کا نام لیے بغیر راجہ فاروق حیدر نے وفاقی وزرا ء کو مشورہ دیا کہ وہ مسئلہ مقبوضہ کشمیر کی حساسیت کی خاطر آزاد علاقوں کے دوروں کے دوران جموں وکشمیر کے داخلی امور کے بارے میں اپنے تبصروں میں احتیاط برتیں۔مقامی میڈیا کے مطابق وفاقی وزیر پارلیمانی امور اعظم سواتی نے الزام لگایا گیا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف عدلیہ کی آڑ میں ملک سے فرار ہوگئے ۔جس پر آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم نے اپنے بیان میں کہا میں وفاقی وزرا ء سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ آزاد کشمیر میں اپنی سیاسی گندگی نہ دھویں۔انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی وزرا ء مقبوضہ کشمیر میں رونما ہونے والی حساسیت پر مبنی صورتحال کے پیش نظر احتیاط برتیں۔ وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ چیف سکریٹری آزاد جموں و کشمیر حکومت کے ماتحت افسر تھا اور کسی کا نمائندہ نہیں جیسا کہ وفاقی وزیر نے کہا۔انہوں نے کہا یہ وزیراعظم اور ان کی کابینہ کی ذمہ داری ہے نا کہ کوئی سرکاری ملازم جو آزاد ریاست میں پاکستان کی نمائندگی کرے ۔اے جے کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے اعظم سواتی کو مخاطب کرکے خبردار کیا کہ ایک بے وقوف وفاقی وزیر کا بیان پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کے مابین تعلقات کو مضحکہ خیز بنانے کا مترادف ہے ۔راجہ فاروق حیدر نے کہ ہماری حکومت سے مکمل تعاون کرنے اور ترقیاتی گرانٹ کی تمام اقساط کو بروقت جاری کرنے پر وفاقی حکومت کے مشکور ہیں۔انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ اپنی ذاتی خواہشات کی تکمیل کے لیے وفاقی اور آزاد کشمیر حکومتوں کے مابین تعلقات میں تلخی پیدا کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا لیکن ہم انہیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ ہمارا دشمن (بھارت)ایسی صورتحال کا منفی فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے ۔ضمنی انتخاب کے بارے میں فاروق حیدر نے کہا کہ یہ ایک قانونی اور آئینی مسئلہ ہے کہ عدالتوں اور الیکشن کمیشن کے ذریعے تمام امور نمٹائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے علاقائی چیف کا الزام کہ آزاد جموں و کشمیر کی حکومت نے اپنی ممکنہ شکست کی وجہ سے ضمنی انتخاب معطل کر دیا، بے بنیاد الزام تھا۔اے جے کے کے وزیراعظم فاروق حیدر نے کہا کہ چونکہ یہ معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہے اس لیے وہ کوئی تبصرہ نہیں کرنا چاہتے ۔واضح رہے کہ مقامی پریس کے مطابق وفاقی وزیر پارلیمانی امور اعظم سواتی نے میرپور میں کہا تھا کہ چیف سیکریٹری آزاد جموں و کشمیر میں وفاق کا نمائندہ ہیں اور آزاد جموں و کشمیر میں بدعنوانی کا احتساب ہوگیا۔واضح رہے کہ اعظم سواتی پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کے علاقائی صدر اور ضمنی انتخابات کے امیدوار بیرسٹر سلطان محمود کی انتخابی مہم میں حصہ لینے کے لیے میرپور میں موجود تھے ۔ آزاد کشمیر میں 24 نومبر کو ضمنی انتخابات متوقع تھے ۔