ٹیسٹ رینکنگ ،پاکستان کو مزید 4 پوائنٹس سے ہاتھ دھونا پڑگئے
شیئر کریں
رینکنگ میں سالانہ اپ ڈیٹ کا بھی پاکستان ٹیم کو کوئی فائدہ نہ ہوا اور ٹیسٹ چارٹ میں ساتویں نمبر پر موجود گرین کیپس کو مزید 4پوائنٹس سے ہاتھ دھونا پڑ گئے ۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے سالانہ اپ ڈیٹس کے بعد ٹیسٹ اور ون ڈے رینکنگ جاری کردی ہیں، جس کے تحت 2015-16کے نتائج ختم اور اب 2016-17کے رزلٹ کا وزن بھی آدھا رہ گیا ہے ، جس سے دونوں فارمیٹس کے رینکنگ چارٹس میں ٹیموں کی پوزیشن زیادہ تبدیل نہیں ہوئی تاہم کسی کے پوائنٹس میں اضافہ اور کسی کو کٹوتی کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ کافی عرصے تک ٹیسٹ رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن پر قابض بھارت کا کوئی مدمقابل نہیں تھا، مگر ہوم گراؤنڈز پر کھیلے گئے بے تحاشا میچز کا بوجھ کم ہونے کی وجہ سے اس کو 3پوائنٹس کی کٹوتی کا سامنا کرنا پڑا، دوسرے نمبر پر موجود نیوزی لینڈ کو اچھے نتائج کے اضافے کی وجہ سے 3پوائنٹس ملے ،اس سے اب دونوں ٹیموں کے درمیان صرف 2پوائنٹس کا فرق باقی رہ گیا ہے ۔پاکستان کرکٹ ٹیم بہرحال اس لحاظ سے کافی بدقسمت ثابت ہوئی، اس کے پوائنٹس میں اضافے کے بجائے دونوں فارمیٹس میں کٹوتی کا ہی سامنا کرنا پڑا، پانچ روزہ کرکٹ میں گرین کیپس عرصہ دراز سے ساتویں پوزیشن پر موجود ہیں جہاں پر مزید 4پوائنٹس کی کٹوتی سے 84باقی رہ گئے جبکہ چھٹے نمبر پر موجود سری لنکا سے فاصلہ پورے 10پوائنٹس تک وسیع ہوچکا ہے ۔اسی طرح ون ڈے رینکنگ میں پاکستانی ٹیم کو ایک پوائنٹ کی کٹوتی کا سامنا کرنا پڑا، جس سے 96باقی رہ گئے جبکہ پانچویں نمبر پر موجود کینگروز اس سے 13پوائنٹس آگے ہیں۔انگلینڈ کے خلاف شیڈول پانچ ون ڈے میچز کی سیریز میں کامیابی سے اس خسارے کو کم کیا جاسکتا ہے ، اس وقت انگلش ٹیم ٹاپ پر موجود مگر اس کا دوسرے نمبر کی بھارتی ٹیم سے فاصلہ صرف 2پوائنٹس باقی رہ گیا، اگر میزبان سائیڈ کو بطور نمبر ون میگا ایونٹ میں جانا ہے تو آئرلینڈ سے واحد میچ جیتنے کے ساتھ گرین شرٹس کو کم سے کم 3-2 سے شکست دینا ہوگی، آئرش سائیڈ سے ہار کی صورت میں پاکستان ٹیم پر فتح کا مارجن 4-1ہونا چاہیے ۔