میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
صوبے نہیں بنیں گے!

صوبے نہیں بنیں گے!

جرات ڈیسک
بدھ, ۲۵ نومبر ۲۰۲۶

شیئر کریں

سیاسیات میں ایک طرزِ عمل ہے جسے ، Diversionary Politics(توجہ ہٹانے کی سیاست)، Agenda Setting(بحث (کا ایجنڈا تبدیل کرنا) اور بعض صورتوں میں Manufactured Controversy(مصنوعی تنازع کھڑا کرنا) کہا جاتا ہے ۔ جب مقتدر حلقے یا حکمران کسی سیاسی، آئینی یا عوامی دباؤ میں گھر جائیں تو کوئی ایسا حساس اور متنازع معاملہ زیربحث آ جاتا ہے جس پر سیاسی جماعتیں، صوبے، مذہبی حلقے اور عوام باہم الجھ جاتے ہیں، اصل سوال پس منظر میں چلا جاتا ہے۔ اس طرزعمل پر بعد میں بات کرتے ہیں، پہلے آپ ایک دلچسپ صورتحال ملاحظہ فرمائیں!!

پاکستانی سیاست میں قیامت سے پہلے قیامت کا منظر برپا ہے ، کوئی کسی کو اپنا ماننے کو تیار نہیں، کسی کو معلوم نہیں کون کس کا ہے ، کون کس کے حکم پر چل رہا ہے اور کون کس کی نمائندگی کر رہا ہے ۔ شازیہ مری کہتی ہیں فیصل کریم کنڈی ہمارے نہیں، فوج کے ہیں، ن لیگ کہتی ہے وہ وفاق کے نہیں، پیپلزپارٹی کے ہیں، فیصل کریم کنڈی کہتے ہیں زرداری کا لگایا ہوا ہوں، رانا ثناء اللہ کہتے ہیں مولانا فضل الرحمان کے ساتھ جو کچھ ہو رہا ہے ، حکومت کا اس سے کوئی تعلق نہیں، سب ادارے کر رہے ہیں، حذیفہ رحمان کہتے ہیں اداروں کا کوئی تعلق نہیں، سب کچھ ہماری مرضی سے اور آئین کے مطابق ہو رہا ہے ، احسن اقبال کہتے ہیں مزید صوبے بننے چاہئیں، میں نے چودہ صوبوں کا مسودہ بھی دیکھا ہے ، رانا ثناء اللہ کہتے ہیں ابھی تک کسی نے کسی سے صوبوں کی بات ہی نہیں کی، جبکہ عطا تارڑ کہتے ہیں اس معاملے پر ریفرنڈم ہونے والا ہے، طلال چوہدری کہتے ہیں محسن نقوی ن لیگ کے سینیٹر ہیں، رانا ثناء اللہ کہتے ہیں محسن نقوی ہمارے سینیٹر نہیں، اور محسن نقوی کی باتیں سن کر لگتا ہے کہ وہ خود بھی کسی کو اپنا ماننے کیلئے تیار نہیں ،مشال یوسفزئی کہتی ہیں عمران خان نے جیل سے مزید صوبوں کے حق میں ووٹ دینے کا حکم دے دیا ہے ، جبکہ لطیف کھوسہ کہتے ہیں عمران خان نے اس معاملے پر ابھی اپنی رائے ہی محفوظ رکھی ہوئی ہے۔ نواز شریف صوبوں کے معاملے پر چپ ہیں، زرداری نے بھی خاموشی کی چادر اوڑھی ہوئی ہے ۔مولانا فضل الرحمٰن کھل کر کمپنی کیخلاف بول رہے ہیں،ابھی تک نا تو مفتی محمود مرکز گرایا گیا اور نا ہی مولانا فضل الرحمن کا کوئی فیملی ممبر گرفتار کیا گیا ہے ،بلاول بھی اسٹیبلشمنٹ کیخلاف بول رہے، جبکہ ابھی تک بلاول ہاؤس میں پولیس گھسی، نا ہی کسی زرداری یا بھٹو کو قید تنہائی میں ڈالا گیا ہے ۔چھوٹی جماعتوں کا کیا کہنا وہ تو اسٹبلشمنٹ کی سٹپنیاں ہوتی ہیں۔

اب ایک حقیقی صورتحال پر نظر دوڑائیں!!

افغانستان کا بارڈربند ہے ،بھارت کا بند ہے ،ایران کا بھی بند ہے ،چین بھی ناراض ہے ،یعنی ہم چاروں ہمسائیوں سے ‘‘ بگاڑ’’ کر بیٹھے ہیں،اندرونی صورتحال پر غور کریں، بلوچستان میں صورتحال انتہائی کشیدہ ہے، آزادکشمیر میں بھی کشیدگی ہے، پختونخوا میں گورنر راج لگا ہوا ہے ،منتخب وزیرا علیٰ لاپتہ ہیں، جی بی والے بھی خوش نہیں ہیں،معاشی صورتحال شدید بحران کا شکار ہے، ملک میں کوئی سرمایہ کاری نہیں ہو رہی، غیرملکی سرمایہ کار پاکستان آنے کو تیار نہیں، ملکی سرمایہ کار اثاثے بیرون ملک لے جارہے ہیں،مینوفیکچرنگ منفی پر جارہی،انڈسٹری بند بڑی ہے ،شرح غربت پچاس فیصد تک پہنچ چکی،مطلب،بارہ کروڑ عوام کیلئے دووقت کی روٹی کھانامشکل ہوچکا، تاجر،دکاندار ،کسان ،سب آنسو بہا رہے ہیں۔ صحافتی ادارے دن بدن سکڑتے جارہے، ہزاروں صحافی بے روزگار ہوچکے ،بیرون ملک جانیوالوں کی لائن لگی ہوئی ہے۔ سب سے بڑی بات،اڈیالہ کا قیدی، جو کمپنی کیلئے سب سے بڑا سردرد ہے۔

اب اصل موضوع کی طرف آتے ہیں!!

جو پاکستانی سیاست میں‘‘ قیامت سے پہلے قیامت کا منظر ’’ہے ،سب نورا کشتی ہے ، ‘‘ توجہ ہٹانے کی سیاست ہے ’’ ۔۔کیوں ؟ وہ آپ کو حقیقی صورتحال بتا چکا ہوں،مقصد واضح ہے ،کمپنی چاہتی ہے یہی سیٹ اپ چلتا رہے ،یہی سیاسی قیادت،یہی عسکری قیادت ، مزید اگلے پانچ سال بھی قوم پر مسلط رہے ۔

مقتدر حلقے یا حکمران کسی سیاسی، آئینی یا عوامی دباؤ میں گھر جائیں تو کوئی ایسا حساس اور متنازع معاملہ زیربحث آ جاتا ہے جس پر سیاسی جماعتیں، صوبے ، مذہبی حلقے اور عوام باہم الجھ جاتے ہیں، اصل سوال پس منظر میں چلا جاتا ہے، اور ایسا ہی ہوا ہے ،نئے صوبے بنانے کا معاملہ چھیڑ دیا گیا ہے، ملک بھر میں صرف اسی ایشو پر بات ہورہی ،باقی تمام معاملات نظرانداز ہوگئے ہیں۔ ماضی کو دیکھاجائے صوبے بنانے کا ایشو صرف توجہ ہٹانے کی سیاست لگتا ہے ،جنرل ضیائالحق بھی جب دباؤمیں آتے تھے تو کالا باغ ڈیم کی فائل کھول لیتے تھے۔ نہ ہی کمپنی ،نہ ہی اتحادی حکومت نئے صوبے بنانے کیلئے سنجیدہ نظر آرہی،نئے صوبوں بنانا کوئی انڈرپاس بنانا نہیں، لامحدود کام ہیں، میرا خیال ہے نئے صوبے نہیں بنیں گے، یہی سیٹ اپ چلتا رہے گا۔ باقی آپ روز نئی نئی کہانیاں سنتے رہیں گے۔
٭٭٭


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں