پی ٹی آئی رہنماتیمور جھگڑا، کامران بنگش، عرفان سلیم گرفتار
شیئر کریں
ریڈیو پاکستان حملہ کیس میں وکلا نے گرفتاری پر شدید مزاحمت کی بعدازاں عبوری ضمانت منظور ہوگئی
نامزد ملزمان کے وکلاء نے سوال اٹھایا ہے ویڈیو کس نے بنائی اور کیسے سامنے آئی؟ عدالت کا استفسار
پشاور ہائی کورٹ کی جانب سے ریڈیو پاکستان حملہ کیس میں عبوری ضمانت کے باوجود سابق صوبائی وزراء تیمور جھگڑا و کامران بنگش سمیت پی ٹی آئی رہنما عرفان سلیم کو پولیس نے تھری ایم پی او کے تحت گرفتار کرلیا۔تفصیلات کے مطابق انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے ریڈیو پاکستان حملہ کیس سے متعلق سماعت کی جس میں فریقین کے وکلاء کے دلائل مکمل ہوگئے۔
سماعت کے دوران ریڈیو پاکستان کے وکیل شبیر حسین گیگیانی عدالت میں پیش ہوئے۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ تینوں ملزمان ایف آئی آر میں نامعلوم ملزمان کے طور پر چارج تھے، تاہم شواہد سامنے آنے کے بعد انہیں مقدمے میں نامزد کیا گیا۔عدالت نے استفسار کیا کہ نامزد ملزمان کے وکلاء نے سوال اٹھایا ہے کہ ویڈیو کس نے بنائی اور کیسے سامنے آئی؟ جس پر ریڈیو پاکستان کے وکیل نے جواب دیا کہ یہ ویڈیوز سوشل میڈیا سے حاصل کی گئی ہیں اور ملزمان نے خود انہیں سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کیا تھا۔وکیل نے مزید بتایا کہ پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی (پی ایف ایس اے) اور نادرا نے ویڈیوز کی تصدیق کی ہے، اور پی ایف ایس اے کی رپورٹ میں یہ ثابت ہوا ہے کہ ملزمان توڑ پھوڑ میں ملوث تھے اور انہوں نے شہریوں کو اشتعال دلایا۔
شبیر حسین گیگیانی نے مزید دلائل دیتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا فوٹیجز کی بنیاد پر نور مقدم کیس اور مشال خان کیس میں بھی ملزمان کو سزائیں سنائی جا چکی ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ملزمان نے اپنی حکومت کے دوران ایک ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کو فوکل پرسن مقرر کیا تھا جس کا واحد کام ان کے خلاف درج مقدمات کو ختم کرانا تھا۔سماعت کے دوران عدالت نے دریافت کیا کہ کیا ریڈیو پاکستان کے موجودہ ڈائریکٹر وقوعہ کے وقت اسی عہدے پر تعینات تھے؟ جس پر وکیل نے بتایا کہ موجودہ ڈائریکٹر اس وقت پروگرام مینیجر کے طور پر فرائض انجام دے رہے تھے۔
سماعت کے دوران کمرۂ عدالت میں 9 مئی کے واقعات سے متعلق ویڈیوز بھی چلائی گئیں۔ ویڈیوز دیکھنے کے بعد عدالت نے ریمارکس دیے کہ ان میں تو توڑ پھوڑ جیسا کچھ نظر نہیں آیا۔ اس پر ریڈیو پاکستان کے وکیل نے وضاحت کی کہ ان کا بنیادی کیس ہی یہ ہے کہ ملزمان نے عوام اور کارکنوں کو اشتعال دلایا، اور ویڈیوز میں واضح نظر آ رہا ہے کہ وہ کارکنوں کو اکسا رہے ہیں۔بعدازاں عدالت نے درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا جو کچھ دیر بعد سنادیا۔ فیصلہ سنائے جانے کے موقع پر پشاور ہائی کورٹ میں بڑی تعداد میں پی ٹی آئی وکلاء اور پولیس کی بھاری نفری بھی موجود تھی۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت نے مذکورہ تینوں پی ٹی آئی رہنماؤں کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستیں خارج کردیں جس پر انہیں گرفتارکرنے کی کوشش کی گئی تاہم وکلا نے مزاحمت کی۔پولیس نے ملزمان کو گرفتار کرنے کی کوشش کی تاہم عدالتی احاطے میں موجود وکلاء نے مزاحمت کرتے ہوئے گرفتاری روک دی جس پر پولیس نے کچہری کے سارے گیٹ بند کروا دیے۔
وکلا کچہری اور ہائی کورٹ کا دروازہ توڑ کر ہائی کورٹ میں داخل ہوگئے۔رہنما اور وکلا پشاور ہائیکورٹ پہنچے جہاں چیف جسٹس ایس ایم عتیق شاہ کی عدالت نے ان کی عبوری ضمانت کی درخواستوں کو منظور کرتے ہوئے انہیں دس، دس لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا اور ہدایت کی کہ وہ تفتیشی عملہ کے ساتھ تعاون کریں اور تفتیش میں شامل ہوں۔تینوں ملزمان وکلاء کے حصار میں عدالت کے احاطے میں موجود رہے جبکہ پولیس کی نفری بھی انہیں گرفتار کرنے کے لیے احاطے میں کئی گھنٹے تک رہی۔
عدالت نے عبوری ضمانت کی منظوری کا تحریری حکم نامہ بھی جاری کردیا تھا تاہم اس کے بعد انہیں تھری ایم پی او کے تحت گرفتار کرلیا گیا۔گرفتاری کے لیے ایس ایس پی آپریشنز خود عدالت پہنچے جنہوں نے سابق وزراء اور ضلعی رہنما سے کئی گھنٹوں تک مذاکرات کیے اور اس ضمن میں انہیں تھری ایم پی او کے تحت وارنٹ گرفتاری بھی دکھائے۔ جس کے بعد تینوں رہنماؤں نے خود گرفتاری دے دی۔صحافی نے ایس ایس پی سے سوال کیا کہ کیا آپ کے پاس تھری ایم پی او کے وارنٹ موجود ہیں؟ انہوں ں ے کہا کہ میرے پاس تین ایم پی او کے تحت گرفتاری کے وارنٹ موجود ہیں، میں انہیں عزت کے ساتھ لینے کے لیے آیا ہوں۔


