ملیر ڈیولپمنٹ، سابق ڈی جی سہیل بابو کی عبوری ضمانت منظور
شیئر کریں
نیب تحقیقات میں محمد سہیل عرف بابو کو پانچ لاکھ روپے کے مچلکوں پر ضمانت
احتساب عدالت نے نیب کو نوٹس جاری کردیا، 11؍ نومبر کو دوبارہ طلب
احتساب عدالت کراچی نے ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ایم ڈی اے ) کے سابق ڈائریکٹر جنرل محمد سہیل کی نیب تحقیقات میں قبل از گرفتاری عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے پانچ لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے اور اتنی ہی رقم کا پی آر بانڈ جمع کرانے کا حکم دے دیا۔
احتساب عدالت کے انتظامی جج طارق محمود کھوسو نے درخواست ضمانت نمبر 12/2026کی سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل شارق اے رزاق ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے مؤکل گریڈ 20کے سرکاری افسر ہیں اور مختلف ادوار میں ایم ڈی اے کے ڈائریکٹر جنرل کے عہدے پر تعینات رہے۔
نیب نے دسمبر 2018میں ایم ڈی اے کے افسران اور دیگر کے خلاف تحقیقات شروع کی تھیں، جبکہ 2023میں محمد سہیل کو محض حقائق سے واقف شخص کی حیثیت سے طلب کیا گیا تھا۔وکیل کے مطابق نیب نے بعدازاں آمدن سے زائد اثاثوں اور ایم ڈی اے کے ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ خردبرد سے متعلق متعدد نوٹس جاری کیے ، جبکہ درخواست گزار اور ان کے اہل خانہ کے اثاثے بھی منجمد کیے گئے ۔
درخواست گزار کو بلاجواز گرفتاری کا خدشہ ہے ۔عدالت نے ابتدائی دلائل سننے کے بعد معاملے کو مزید غور طلب قرار دیتے ہوئے محمد سہیل کی عبوری ضمانت منظور کرلی اور نیب کو نوٹس جاری کردیا۔ عدالت نے درخواست گزار کو ضرورت پڑنے پر تفتیش میں شامل ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 11نومبر 2026تک ملتوی کر دی۔


