میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
شملہ خالصتان کا دارالحکومت

شملہ خالصتان کا دارالحکومت

جرات ڈیسک
هفته, ۱۰ اکتوبر ۲۰۲۶

شیئر کریں

خالصتان تحریک کے حامی بھارت کا مستقبل کا نقشہ سامنے لے آئے۔ نقشے میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بھارت ٹکڑے ٹکڑے ہونے جا رہا ہے۔ نقشے میں بھارت کو درجنوں چھوٹی چھوٹی ریاستوں میں ٹوٹا ہوا دکھایا گیا ہے اور دعوی کیا گیا ہے کہ بہت جلد بھارت ٹوٹ جائے گا اور خالصتان الگ ملک بنے گا جبکہ مکمل کشمیر اور جموں کی وادی بھی پاکستان کے ساتھ شامل ہو جائے گی۔خیال رہے کہ یہ نقشہ بھارتی پنجاب میں موجود خالصتان تحریک کے حامیوں کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔

خالصتان موومنٹ کے رہنما امرجیت سنگھ کا کہنا ہے کہ بھارت میں سکھوں کے ساتھ برا سلوک روا رکھا گیا۔ ہم زبردستی بھارت کا حصہ ہیں۔ مرضی سے کبھی بھارت کا حصہ نہیں رہے۔ بھارت نے پارلیمنٹ میں آئینی غنڈہ گردی کی۔ ہماری مقدس جگہ دربار صاحب میں ہزاروں سکھوں کو مارا گیا تھا۔ دریائے جمنا سے واہگہ تک خالصتان ڈکلیئر کرائیں گے۔ امریکہ میں احتجاج کے دوران خالصتان کا جھنڈا لہرائیں گے۔ بھارت میں کشمیری اسٹوڈنٹس ڈرے ہوئے ہیں۔ سکھ قوم نے بھارتی آئین کو بھی نہیں مانا۔ ڈیڑھ لاکھ سکھ نوجوانوں کو پنجاب میں جھوٹے مقابلوں میں مارا گیا۔ ہم مقبوضہ پنجاب کو خالصتان ڈکلیئر کرانا چاہتے ہیں۔ ورلڈ سکھ پارلیمنٹ 30 ملین سکھوں کی آواز بنے گی۔

اندرا گاندھی سرکار نے 1984ء میں سکھوں پر ظلم کئے۔ ایسوسی ایٹ پریس کے صحافی نے سکھوں پر مظالم نوٹ کئے۔ بی بی سی نے ڈاکومنٹری میں ہزاروں کشمیری کے نکلنے کو رپورٹ کیا۔ آج سات لاکھ فوج پہلے ہی کشمیر کی وادی میں موجود ہے۔ اب آر ایس ایس کے غنڈے بھرتی کرکے وادی میں بھیجے گئے۔سکھوں نے بھارت سے آزادی کے نتیجے میں شملہ کو اپنا دارالحکومت بنانے کا اعلان کیا ہے۔ امریکا میں مقیم سکھوں کی تنظیم نے اعلان کیا ہے کہ اب ہم مزید بھارت کا حصہ بن کر نہیں رہ سکتے۔ تنظیم نے بھارتی پنجاب کی آزادی کے لیے ریفرنڈم اور خالصتان کا نقشہ بھی جاری کردیا۔ سکھ فار جسٹس کے مرکزی رہنما اور وکیل برائے انسانی حقوق گرپت ونت سنگھ پنوں نے بھارتی پنجاب میں خالصتان ریفرنڈم کے حوالے سے کہا کہ ہم بھارتی تسلط سے پنجاب کو آزاد کروانے کے لیے گلوبل ریفرنڈم کی مہم چلا رہے ہیں۔ ہم بھارت کا حصہ بن کر نہیں رہ سکتے۔ آج ہم وہ نقشہ بھی جاری کر رہے ہیں کہ جب بھارتی پنجاب آزاد ہو گا تو ان علاقوں کو خالصتان میں شامل کیا جائے گا۔ شملہ اس خالصتان کا دارالحکومت ہوگا۔ ہماچل پردیش، ہریانہ، چندی گڑھ اور دیگر ایسے علاقے شامل ہیں جو 1947 کے بعد پنجاب بنا تھا۔

26 جنوری 1950 تک سکھ کو امید تھی کہ وہ بھارت کے اندر رہ کر اپنی خودمختار ریاست بنا سکے گا لیکن اس کے بعد سکھ مذہب کو ہندو مذہب بنانے کے اقدامات کا آغاز کیا گیا تو پھر سکھوں نے الگ خطہ لینے کا فیصلہ کیا۔ کشمیر کی آزادی کے لیے بھارتی پنجاب کی آزادی ضروری ہے۔پاکستان کشمیریوں کی طرح سکھوں کے لیے بھی آواز بلند کرے اور ان کو اخلاقی، سیاسی و سفارتی سپورٹ مہیا کرے۔بھارت میں مسلمانوں کو اپنے الگ وطن اردستان کے لیے آواز اٹھانا ہو گی جس کے لیے ہم بھی کام کر رہے ہیں۔ اردستان اس لیے بھی ضروری ہے تاکہ بھارتی مسلمان محفوظ رہ سکیں۔

50 کی دہائی میں جب خالصتان قیام کی تحریک عروج پر تھی تو بھارتی فوج نے طاقت کے بل بوتے پر کچھ عرصے کیلئے اس تحریک کو دبا دیا۔ سکھوں نے جرنیل سنگھ بھنڈرانوالہ کی قیادت میں ایک بار پھر خالصتان کے قیام کی تحریک شروع کی ۔ بھنڈرانوالہ ، آل انڈیا سکھ فیڈریشن اور اکالی دل کے سرکردہ اور بہت سے ناموررہنما امرتسر کے گولڈن ٹمپل میں جمع ہوگئے ۔ خالصتان کے قیام کی تحریک زور پکڑ رہی تھی تو انجہانی اندرا گاندھی نے فوج اور پولیس کے ذریعے سکھوں کو گوردوارے کے اندرنہ صرف محصور کر دیا بلکہ بھارتی فوج نے بلوسٹار آپریشن کر کے گوردوارے کے اندر مقیم سکھوں اور ان کے رہنماؤں کو قتل بھی کردیا۔

اس افسوسناک سانحہ کے بعد نہ صرف ہندوستان بلکہ دنیا بھر میں مقیم سکھ قوم اور بالخصوص مشرقی پنجاب کے سکھوں نے ہندوؤں سے انتقام لینے کیلئے انہیں مارنا شروع کر دیا۔ اس واقعہ پر سارے بھارت میں سکھوں کو چن چن کر موت کے گھاٹ اتاردیا گیا ۔ ہزاروں سکھوں کے قتل عام کے بعد سکھ قوم نے انتقام لینے کا تہیہ کر لیا اور آخر کار اس کے نتیجے میں وزیر اعظم ہاؤس میں سکھ اہلکاروں نے وزیر اعظم اندرا گاندھی پر فائر کر کے اسے جہنم واصل کر دیا۔ اندرا گاندھی تو نشان عبرت بن گئی لیکن ہندوؤں نے ایک بار پھر دہلی اور دوسرے صوبوں میں ہزاروں سکھوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ تب بھی سکھوں کی تحریک آزادی دبی نہیں تھی اور سکھ آزادی کے حصول کیلئے کئی منصوبے بناتے رہے۔ سکھوں کی نسل کشی کو پینتیس برس سے زائد کا عرصہ ہو چکا اور لاکھوں سکھ مرد و خواتین بھارت کی درندگی کی بھینٹ چڑھنے کے باوجود سکھ قوم اپنا مقصد نہیں بھولی ہے۔

تحریک خالصتان درحقیقت سکھ قوم کی بھارتی پنجاب کو، بھارت سے الگ کر کے ایک آزاد سکھ ملک بنانے کی تحریک ہے۔زیادہ تر سکھ بھارتی پنجاب میں آباد ہیں اور امرتسر ان کا مرکزی شہر ہے۔ 1980 کی دہائی میں خالصتان کے حصول کی تحریک زوروں پر تھی جس کو بیرون ملک مقیم سکھوں کی مالی اور اخلاقی امداد حاصل تھی۔ بھارتی حکومت نے آپریشن بلیو سٹار کر کے اس تحریک کو کچل ڈالا۔جب سے بھارت میں نریندر مودی کی حکومت آئی ہے، سکھوں کی اکثریت اب خالصتان کو بنانے کے لئے متحد ہوچکی ہے اوردنیا کے کئی ممالک ان کے ساتھ ہیں۔
٭٭٭


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں