میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
لطیف آباد میں عمارتوں پر ڈیمولیشن نوٹس چسپاں

لطیف آباد میں عمارتوں پر ڈیمولیشن نوٹس چسپاں

جرات ڈیسک
پیر, ۲۷ جولائی ۲۰۲۶

شیئر کریں

نوٹس کے باوجود تعمیرات جاری، اینٹی کرپشن سے فوری کارروائی کی اپیل

شہاب الدین زرداری اور اورنگزیب رضی ملوث،شفاف تحقیقات کا مطالبہ

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

حیدرآباد کے علاقے لطیف آباد یونٹ نمبر 11میں گزشتہ روز سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے ) کی جانب سے متعدد عمارتوں پر ڈیمولیشن نوٹس چسپاں کیے گئے ۔

ذرائع کے مطابق یہ نوٹس سب انسپکٹر شہاب الدین زرداری نے ڈپٹی ڈائریکٹر اورنگزیب رضی کی ہدایت پر جاری کیے ، تاہم شہریوں کا کہنا ہے کہ نوٹس لگائے جانے کے باوجود متعلقہ عمارتوں پر تعمیراتی کام بدستور جاری ہے اور بعض مقامات پر عمارتیں تیزی سے مکمل کی جا رہی ہیں۔

مقامی شہریوں اور سماجی حلقوں نے الزام عائد کیا ہے کہ پہلے مبینہ طور پر تعمیرات کی اجازت یا چشم پوشی کے نام پر رقوم وصول کی گئیں، بعد ازاں انہی عمارتوں پر ڈیمولیشن نوٹس چسپاں کیے گئے ، جبکہ اب انہدامی کارروائی رکوانے کے لیے بھی مبینہ طور پر مزید رقوم طلب کیے جانے کے دعوے سامنے آ رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق اس تمام صورتحال کے باعث علاقے میں شدید بے چینی پائی جا رہی ہے ۔ شہری یہ سوال اٹھا رہے ہیں کہ اگر بلڈنگ کنٹرول قوانین کی خلاف ورزیاں واضح طور پر موجود ہیں اور ڈیمولیشن نوٹس بھی جاری ہو چکے ہیں تو پھر انہدامی کارروائی کیوں عمل میں نہیں لائی جا رہی۔

بعض ذرائع نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ مبینہ طور پر یہ معاملات اعلیٰ سطح تک پہنچنے کے باعث کارروائی میں تاخیر ہو رہی ہے ،شہریوں، وکلا اور سماجی تنظیموں نے ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن سندھ، وزیراعلیٰ سندھ، چیف سیکریٹری سندھ، سیکریٹری بلدیات اور ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ اس پورے معاملے کا فوری نوٹس لیا جائے ، تمام ڈیمولیشن نوٹس، تعمیرات، فیلڈ رپورٹس اور مبینہ مالی لین دین کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں، متعلقہ افسران کا مؤقف بھی عوام کے سامنے لایا جائے ، اور اگر تحقیقات میں کسی بھی قسم کی کرپشن، اختیارات کے ناجائز استعمال یا قانون کی خلاف ورزی ثابت ہو تو ذمہ دار افراد کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں