سندھ بلڈنگ، صدر ٹاؤن میں موت بانٹتی خستہ حال عمارتیں، ذمہ دار کون؟
شیئر کریں
جوبلی رام سوامی، پلاٹ نمبر RS4/41-2Aپر بلند ہوتی عمارت، قوانین پامال
ڈائریکٹر طلال مگسی کے نگرانی کے نظام پر سوالیہ نشان، عوامی حلقوں میں تشویش
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
صدر ٹاؤن کے قدیم گنجان آباد علاقے جوبلی رام سوامی، پلاٹ نمبر RS4/41-2Aپر زیر تعمیر عمارت کے حوالے سے علاقہ مکینوں نے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے عمارت کی تعمیر کی قانونی حیثیت کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ مکینوں کا کہنا ہے کہ تعمیراتی سرگرمیوں کی نگرانی اور حفاظتی ضوابط پر عمل درآمد یقینی بنانا متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے ۔مذکورہ عمارت کے معاملے نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے متعلقہ ڈائریکٹر طلال مگسی کے نگرانی کے نظام اور متعلقہ افسران کی کارکردگی پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔شہریوں کا مطالبہ ہے کہ عمارت کے منظور شدہ نقشے ، تعمیراتی اجازت ناموں اور مجاز بلندی کی جانچ پڑتال کی جائے تاکہ تعمیراتی قوانین کی ممکنہ خلاف ورزیوں کا تعین ہو سکے ۔
علاقہ مکینوں کے مطابق گنجان آباد علاقوں میں تعمیراتی ضوابط کو نظرانداز کرنا شہریوں کی جان و مال کے لیے خطرات پیدا کر سکتا ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ متعلقہ حکام تعمیراتی مقام کا معائنہ کریں اور حفاظتی تقاضوں کی تکمیل یقینی بنائیں۔شہریوں نے ڈائریکٹر جنرل وسیم شمشاد سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کا نوٹس لے کر شفاف تحقیقات کرائی جائیں۔ اگر کسی قسم کی خلاف ورزی یا بے ضابطگی ثابت ہو تو ذمہ دار افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے ۔علاقہ مکینوں نے اس امر پر بھی زور دیا ہے کہ شہریوں کی شکایات کو سنجیدگی سے لیا جائے اور تعمیراتی قوانین پر بلاامتیاز عمل درآمد یقینی بنایا جائے تاکہ کسی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے ۔متعلقہ افسران کا موقف موصول ہونے پر شامل اشاعت کیا جائے گا۔


